اورنگ آباد کی تاریخ پر شائع کتاب ''اورنگ آباد تاریخ کے آئینے میں '' کارسم اجراء عمل میں آیا
اورنگ آباد ۴؍() ملک میں بڑے پیمانے پرحکومت کی نگرانی و سرپرستی میں ملک کی تاریخ کو بدلنے کا کام انجام دیا جارہاہے۔ نصابی کتابوں سے لے کرمقابلہ جاتی امتحانات میں غلط اور چھوٹ پر مبنی سوالات پوچھے جارہے ہیں۔ ضرورت اس بات کی ہے کہ ہم اپنی نئی نسل کے سامنے حقیقی اور حقائق پر مبنی تاریخ کو پیش کریں ،خصوصاََمسلمانوں کی تاریخ اور ان کی قربانیوں کو فراموش کیاجارہاہے ۔ ان خیالات کا اظہار اورنگ آبادکی تاریخ پر شائع ڈاکٹر محمد مرزا خضرکی کتاب ''اورنگ آبا د تاریخ کے آئینے میں'' سپریم گلوبل انگلش اسکول اورنگ آباد میں منعقدہ تقریب رسم اجراء کے موقع پر کیا۔ واضح رہے کہ تاریخی کتابوں کے ناشر مرزاورلڈ بک ہاؤس نے اس کتاب کو شائع کیا ہے ۔ کتاب کا رسم اجراء محمد شفیع ( سابقہ پرنسپل اورنگ آباد کالج فارویمن ) کے ہاتھوں عمل میں آیا ،اس وقت اسٹیج پر پروفیسر ڈاکٹر شیخ عظیم الدین ( سابق ڈین ایجوکیشن انٹی گرل یونیورسٹی لکھنو)احمد اقبال( ممبر بال بھارتی پونہ)اور کتاب کے ناشر مرزا عبدالقیو م ندوی موجود تھے۔
ڈاکٹر عظیم الدین نے کتاب پر اپنے خیالات اظہارکرتے ہوئے کہاکہ تاریخ پر لکھنا آسان کام نہیں ہے ،یہ بڑا تحقیق طلب کام ہے اس میںکئی لوگ غلطیاں کربیٹھتے ہیں ،ڈاکٹر مرز ا خضـر نے بڑی محنت و جانفشانی اور باریک بینی سے اس کتاب کو ترتیب دیاہے ،جو تمام مسلمانوں کی طرف سے شکریہ کے مستحق ہے۔ احمد اقبال نے مصنف اور کتاب کے بارے میں اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے کہاکہ کتاب میںاورنگ زیب ،ملک عنبر،آصفجاہی سلطنتوں کے بارے میں تفصیل سے بیان کیاگیا ہے ،ساتھ ہی ملک عنبر کے زمانے میں اورنگ آبادکے شہریوں کے پینے کے پانی کے لیے جو نہر ملک عنبر نے بنائی تھی جو ''نہرِ عنبری '' کے نام سے مشہور ہے اس نہر کو دوبارہ زندہ کرنے کی ضرورت ہے۔تقریب کے صدر محمد شفیع سامعین کو خطاب کرتے ہوئے کہاکہ میں مصنف کو گزشتہ نصف صدی سے جانتاہوں وہ ایک مثالی معلم،ایک محقق اور بہترین مصنف ہے جنہوںنے بے شمار مضامین تاریخ کے مختلف موضوعات پر لکھے ہیں۔یقینا ''اورنگ آباد تاریخ کے آئینے میں''یہ کتاب نہ صرف اورنگ آبادبلکہ تاریخ سے دلچشپی رکھنے والے تمام ہی لوگوںکو پسندآئے گی اور وہ اسے خرید کرپڑھیں گے۔ ابتداء میں کتاب کے ناشر مرزا عبدالقیوم ندوی مصنف کا تعارف کراتے ہوئے کہاکہ چند مہینے پہلے ہی اورنگ آباد کی تاریخ پر مصنف کی دوسری کتاب''اورنگ آبادکی فصلیںاوردروازے''شائع ہوچکی ہے اور عوام میں کافی مقبول بھی ہورہی ہے اور جلد ہی ان دونو ں کتابوں کو ہندی ،مراٹھی و دیگر زبانوں میں بھی شائع کیا جائے گا۔ خان مقیم خان نے مصنف کو مبارک پیش کرتے ہوئے کہاکہ ہمارے لیے فخر کی با ت ہے کہ اورنگ آباد کی تاریخ پر اردو میں اتنی اہم کتاب لکھی گئی ہے جو آنے والے وقت میں ماخذ کا کام انجام دے گی۔ پروگرام میں معزز شہریان نے بھی اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے اور مصنف و ناشر کو مبارک باد پیش کی۔ پروگرام میں احمد نگر سے سید عبدالوہاب صدر اتہاس پریمی منڈل احمد نگر،،سید وسیم ،ریا ن علی فاروقی ،نشاط کوثر مرزا نے شرکت فرمائی ۔ عبداللہ چاؤش ،امان خانصاب ،عرفان سوداگر نے مصنف کا استقبا ل کیا ۔پروگرام کا آغازمرزاابوالحسن علی کی تلاوت کلام سے ہوا۔ ایم ڈی طیب نے کلمات اظہار تشکر ادا کیے۔ پروگرام کوکامیاب بنانے میں مرزاطالب بیگ ،اشفاق اقبال نے محنت کی۔