ہم جامعہ کو ایک نئی اڑان دیں گے: پروفیسر نجمہ اختر 


جامعہ ملیہ اسلامیہ کی وائس چانسلر پروفیسر نجمہ اختر نے کہا کہ اگلے سال یونیورسٹی کے شاندار 100 سال مکمل ہونے کے ساتھ ہی ہم ایک نئے جامعہ کی تعمیر میں جٹ جائیں گے جس میں میڈیکل کالج سے لیکرکمزور عمارتوں کو نئی شکل میں بدلنے کی کوششیں ہونگی وہیں پرانی عمارتیں جو ہماری تاریخ کا حصہ ہیں کی حفاظت اور اس کے رکھ رکھاو پر توجہ مرکوز کی جائے گی ساتھ ہی ایسے نئے کورسیز بھی متعارف کرانے کی سعی ہوگی جو طلباءکو روزگار فراہم کرا سکے۔
انہوں نے جامعہ ایڈمنسٹریٹوا سٹاف ایسوسی ایشن (جاسا) کی جانب سے منعقدہ ایک تقریب میں خطاب کے دوران کہا کہ یونیورسٹی میں ایک میڈیکل کالج کے قیام کا خواب سبھی دیکھ رہے ہیں ہم سب مل کر اس خواب کو شرمندہ تعبیر کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ پہلے امید کی جو ایک کرن تھی اب وہ حقیقت کا روپ لینے والی اور اسکے لیے زمین کی بات تقریباً طئے ہو چکی ہے۔
 یونیورسٹی کی کمزور عمارتوں کے بارے میں انہوں نے کہا کہ ا س کی جگہ نئی عمارتیں بنانے کے لیے جامعہ ہائر ایجو کیشن فائننسنگ ایجینسی(ایچ ای ایف اے) سے لون لیگا، ساتھ ہی، وراثت اور تاریخی عمارتوں کو نا صرف بچاکر رکھا جائیگا بلکہ انہیں اتنا خوبصورت بنایا جائے گا کہ لوگ ان تاریخی عمارتوں کو دیکھنے آئیں گے۔
جامعہ کی ترقی میں جاسا کے ممبران کی حصہ داری اور کردار کی تحسین کرتے ہوئے وائس چانسلر نے کہا کہ کسی بھی یونیورسٹی کوایک اچھی شکل لینے میں ٹیچنگ اور نان ٹیچنگ ا سٹاف سبھی کی یکساں خدمات ہوتی ہے اور جامعہ کے نان ٹیچنگ ا سٹاف کی خدمات تو خاص طور پر قابل قدر ہیں۔ انہوں نے کہا کہ جامعہ کو اس مقام پر لانے میں یہاں کے ہر طبقے کے اسٹاف کا اہم کردار رہا ہے اسی لئے عزت مآب صدر جمہوریہ نے حال میں اس یونیورسٹی کی تعریف کی۔
تقریب کے اخیر میں ایک انٹریکشن سیشن کا بھی انعقاد عمل میں آیا جس میں جاسا کے ممبران نے پینڈنگ پڑے سروس معاملوں کو حل کرنے کے لئے وائس چانسلر کا شکریہ ادا کیا ۔
جاسا نے 18 نومبر 2019 کو جامعہ کے ڈاکٹر ایم اے انصاری آڈیٹوریم میں پرو فیسر اختر کے اعزاز میں ایک تقریب کا انعقاد کیا تھا۔ اس ایسو سی ایشن کے صدر ایس عارف اختر نقوی نے تقریب کی صدارت کی جبکہ جنرل سکریٹری نسیم احمد نے نظامت کے فرائض انجام دئے۔


جدید تر اس سے پرانی