جامعہ ملیہ اسلامیہ کے ملازمین نے قومی ووٹر ڈے کے موقع پر جمہوری انتخابی شرکت کو فروغ دینے کا عہد لیا۔ یہ حلف مشترکہ طور پر جامعہ کے وائس چانسلر پروفیسر نجمہ اختر اور رجسٹرار مسٹر اے پی صدیقی (آئی پی ایس) کی موجودگی میں لیا گیا۔
اس موقع پر ملازمین نے عہد لیا کہ ہم ہندوستان کے شہری، جمہوریت پر مستقل اعتماد رکھتے ہیں، اس طرح ہم ہمیشہ اپنے ملک کی جمہوری روایات، آزادانہ، منصفانہ اور پرامن انتخابات کے وقار کو برقرار رکھنے کے لیے عہد بند رہیں گے اور ہر انتخابات میں مذہب، نسل، ذات، برادری، زبان یا کسی بھی قسم کی عصبیت سے پرے ہو کر بلا خوف و لومۃ لائم اپنی رائے دہندگی کا استعمال کریں گے۔
بتا دیں کہ قومی ووٹرز ڈے کی تقریبات ہر سال ایک مخصوص تھیم پر مرکوز ہوتی ہے۔ اس سال کے لئے مرکزی موضوع 'ایک مضبوط جمہوریت کے لئے انتخابی خواندگی' رکھا گیا ہے۔
الیکشن کمیشن آف انڈیا (ای سی آئی) کی یوم تاسیس کے موقع پر سال 2011 سے قومی ووٹرز ڈے 25 جنوری کو منایا جاتا ہے، جس کا قیام سن 1950 میں عمل میں آیا تھا۔
اسی مناسبت سے ای سی آئی نے ووٹ کی اہمیت وافادیت کو اجاگر کرنے کے لئے ہندوستان میں قومی ووٹرز ڈے منانے کا آغاز کیا،اس کا بنیادی مقصد نئے ووٹرز کے اندراج اور ان کی فعال شراکت کی حوصلہ افزائی، سہولیات اورحصول یا بی کو ممکن بنانا ہے۔