حیدرآباد، مولانا آزاد نیشنل اردو یونیورسٹی ، پالی ٹیکنیک کی چھترا وشوکرما ایوارڈ 2019 حاصل کرنے والی ٹیم بشمول منٹر جناب محمد یوسف (اسسٹنٹ پروفیسر، آئی ٹی)، طلبہ سمیہ قیصر (کمپیوٹر سائنس)، عاکف جاوید (آئی ٹی)، محمد سفیر عالم (الکٹرانکس) نے ڈاکٹر محمد اسلم پرویز، وائس چانسلر سے کل شام ملاقات کی۔ ڈاکٹر محمد یوسف خان، پرنسپل بھی اس موقع پر موجود تھے۔ واضح رہے کہ مرکزی وزیر فروغِ انسانی وسائل ڈاکٹر رمیش پوکھریال ’نشانک‘نے 24 فروری کو دہلی میں مانو ٹیم کے پراجیکٹ ”اسمارٹ گرین مینجمنٹ سسٹم یوزنگ آئی او ٹی“ کو 51,000 روپئے اور اسناد پر مشتمل ایوارڈ دیا تھا۔ ان مقابلوں کا انعقاد انجینئرنگ کالجوں کے نگرانکار ادارے آل انڈیا کونسل فار ٹیکنیکل ایجوکیشن (اے آئی سی ٹی ای) کی جانب کیا گیا تھا۔ ڈاکٹر محمد اسلم پرویز نے پھر ایک مرتبہ ٹیم کی ستائش کی اور ان کی اس بڑی کامیابی پر مبارکباد دی۔ انہوں نے اس کامیابی کو غیر معمولی، حوصلہ افزا اور قابل تقلید قرار دیا۔