علی گڑھ، : علی گڑھ مسلم یونیورسٹی (اے ایم یو) کے ڈسٹرکٹ اَرلی انٹروینشن سنٹر کی جانب سے بین الاقوامی یومِ مِرگی منایا گیا جس میں مِرگی کے علاج اور اس مرض میں مبتلا بچوں کی دیکھ بھال کے ساتھ ہی سرپرستوں کو ضروری رہنما ہدایات کی جانکاری دی گئی۔ سنٹر کے کنوینر پروفیسر تبسم شہاب نے بتایا کہ پروگرام میں بچوں میں مِرگی کی علامات، مختلف قسم کے دوروں اور علاج کی تدابیر پر گفتگو کی گئی۔
سنٹر کی نوڈل افسر ڈاکٹر عظمیٰ فردوس نے کہا کہ بہت سے ایسے بچے جن میں مِرگی کی ابتدائی علامات ہوتی ہیں وہ جب بڑے ہوتے ہیں تو دورے آنا خود بخود بند ہوجاتے ہیں ۔ اس مرض کے منفی اثرات کو علاج اور دواو ¿ں سے ختم کیا جاسکتا ہے۔
جواہر لعل نہرو میڈیکل کالج کے پرنسپل پروفیسر شاہد علی صدیقی، میڈیکل سپرنٹنڈنٹ پروفیسر حارث ایم خاں، پروفیسر سید مناظر علی، پروفیسر فرزانہ کے بیگ، پروفیسر کامران افضل اورڈاکٹر شاد عبقری نے بچوں کے سرپرستوں سے گفتگو کی اور انھیں ضروری معلومات فراہم کی۔
اس موقع پر کلینیکل سائیکلوجسٹ ڈاکٹر فردوس جہاں نے مِرگی میں مبتلا بچوں کے لئے ڈرائنگ مقابلے کا اہتمام کیا۔ ایم بی بی ایس کے طلبہ نے ڈینٹل سرجن ڈاکٹر ایم نوید الرحمٰن کے ساتھ مِرگی کے سلسلے میں بیداری کے موضوع پر ایک ڈراما پیش کیا۔ اس کے علاوہ ڈاکٹر گلناز نادری کا تیار کردہ معلوماتی کتابچہ لوگوں میں تقسیم کیا گیا۔