کیمیکل اور پیٹروکیمیکل انجینئرنگ کی ترقیات کے موضوع تین روزہ بین الاقوامی کانفرنس کا آغاز


 



علی گڑھ ، : علی گڑھ مسلم یونیورسٹی (اے ایم یو) کے کیمیکل انجینئرنگ اور پیٹرولیم اسٹڈیز شعبوں کے اشتراک سے ”کیمیکل اور پیٹروکیمیکل انجینئرنگ کے شعبہ کی ترقیات“ کے موضوع پر تین روزہ بین الاقوامی کانفرنس کے افتتاحی اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے وائس چانسلر پروفیسر طارق منصور نے کہاکہ زیادہ تر گرین ہاو ¿س گیسوں کا اخراج انسانی سرگرمیوں کے باعث ہوتا ہے جس میں معدنیاتی ایندھنوں کا جلانا بھی شامل ہے اور کیمیکل و پیٹروکیمیکل صنعت کی پیش رفت پر گفتگو کرتے وقت اس پہلو پر بھی غور کرنا چاہئے۔ 
 پروفیسر منصور نے کہاکہ آنے والے برسوں میں تقریباً آدھی مسافر کاریں اور گاڑیاں، الیکٹرک گاڑیوں میں تبدیل ہوجائیں گی کیونکہ بہت سے ممالک شفاف اور قابل تجدید توانائی کی ٹکنالوجی کی طرف قدم بڑھاچکے ہیں۔ انھوں نے کہا ”اب یہ لازمی ہوگیا ہے کہ تیل اور پٹرولیم کی صنعت زیادہ پائیدار اور ماحولیات دوست ماڈل کو اپنائے “۔ 
 افتتاحی اجلاس کے مہمان خصوصی پروفیسر آشوتوش شرما (سکریٹری، محکمہ ¿ سائنس و ٹکنالوجی، حکومت ہند) نے ویڈیو کانفرنس کے توسط سے اظہار خیال کرتے ہوئے امید ظاہر کی کہ کانفرس ہر اعتبار سے مفید ثابت ہوگی ۔ انھوں نے کہاکہ کیمیکل اور پیٹروکیمیکل انڈسٹری، مینوفیکچرنگ شعبہ کی ترقی اور اقتصادی نمو میں بنیادی رول ادا کرتی ہے۔ 
 مہمان اعزازی پروفیسر اجَیَن وینو نے شفاف توانائی پیدا کرنے کے امکانات پر گفتگو کی۔ انھوں نے کہا کہ عالمی حدت بڑھ رہی ہے اس لئے شفاف توانائی کا استعمال ناگزیر ہوگیا ہے۔ انھوں نے کہاکہ ایک صدی کے اندر ہمارے تیل اور کوئلے کے ذخائر ختم ہوجائیں گے۔ 
 پروفیسر جی ڈی یادو (انسٹی ٹیوٹ آف کیمیکل ٹکنالوجی، ممبئی) نے بھی ویڈیو کانفرنس کے ذریعہ خطاب کیا۔ 
 فیکلٹی آف انجینئرنگ اینڈ ٹکنالوجی کے ڈین پروفیسر بدر الحسن خاں نے کانفرنس کے خد و خال پر روشنی ڈالی۔ پروفیسر ایم ایم سفیان بیگ نے کہا کہ کیمیکل اور پیٹروکیمیکل انجینئرنگ کی صنعت کا ماحولیات کے جدید تقاضوں سے ہم آہنگ ہونا انسانیت کی بقا کے لئے ضروری ہے۔ 
 کیمیکل انجینئرنگ شعبہ کے چیئرمین مسٹر نسیم احمد خاں نے خطبہ ¿ استقبالیہ پیش کرتے ہوئے بتایا کہ کیمیکل اور پیٹروکیمیکل انجینئرنگ کے مختلف موضوعات پر متعدد تحقیقی مقالات موصول ہوئے ہیں جو کانفرنس میں پیش کئے جائیں گے۔ پیٹرولیم اسٹڈیز شعبہ کے چیئرمین ڈاکٹر نجم سردار نے بھی اظہار خیال کیا۔ کانفرنس چیئر پروفیسر محمد کامل نے اظہار تشکر کیا۔ نظامت کے فرائض ڈاکٹر محمد جنید خلیل نے انجام دئے۔ 
 کانفرنس کے انعقاد میں ڈی ایس ٹی ایس ای آر بی، او این جی سی، ایلومنائی 87 بیچ، این پی سی آئی ایل، وینچوری سائنٹفک، ڈیزل انفو ٹیک، آئی آئی سی ایچ ای، آئی ای آئی، لوراج کمار میموریل ٹرسٹ، انجینئرنگ اینڈ انوائرمنٹل سولیوشن، کے سی انجینئرس کا تعاون شامل ہے۔ 


ایک تبصرہ شائع کریں

Please Select Embedded Mode To Show The Comment System.*

جدید تر اس سے پرانی