علی گڑھ، : علی گڑھ مسلم ےونیورسٹی (اے ایم یو) کے انٹرڈسپلنری بایو ٹکنالوجی یونٹ کے زیر اہتمام دو روزہ قومی سمپوزیم اور ورکشاپ کا انعقاد کیا گیا۔ افتتاحی اجلاس کے مہمان خصوصی پروفیسر وائی ڈی شرما نے کلیدی خطبہ پیش کرتے ہوئے کہا کہ آج کی سائنس کل کی ٹکنالوجی ہے اور اس پروگرام کا مقصد خلیوں کی حرکیات کے بارے میں مزید دریافت کرنے کے لئے جدید بایولوجی میں استعمال ہونے والی ٹکنالوجی کے سلسلے میں شرکاءکو معلومات فراہم کرنا ہے۔
اپنے صدارتی خطاب میں وائس چانسلر پروفیسر طارق منصور نے کہاکہ ہمارے درمیان نامور محققین اور ٹکنالوجی کے ممتاز ماہرین موجود ہیں جو اپنے تجربات سے مستفید کریں گے۔ انھوں نے کہاکہ بایوٹکنالوجی میں نئی نئی تحقیق سامنے آرہی ہے اور ٹکنالوجی ترقی کررہی ہے۔ نئے ریسرچ اسکالروں اور طلبہ و طالبات کو اس پلیٹ فارم کا مثبت استعمال کرنا چاہئے۔ پروفیسر قیوم حسین (ڈین ، فیکلٹی آف لائف سائنسز) نے کہاکہ پروگرام کے شرکاءکو حیاتیاتی سائنسز میں جدید بایو انفارمیٹکس وسائل کی تربیت حاصل ہوگی۔
بایوٹکنالوجی یونٹ کے کوآرڈنیٹر اور کانفرنس کے کنوینر پروفیسر اسد اللہ خاں نے خطبہ ¿ استقبالیہ پیش کرتے ہوئے کہاکہ سمپوزیم اور ورکشاپ میں بایولوجیکل سائنسز کے میدان میں ہونے والی ریسرچ اور اپنائے جانے والے نئے تحقیقی طریقوں پر گفتگو ہوگی۔ اس موقع پر سووینئر کا بھی اجراءکیا گیا۔ آرگنائزنگ سکریٹری پروفیسر وسیم اے صدیقی نے اظہار تشکر کیا۔ نظامت کے فرائض مس فرحین اختر نے انجام دئے۔