علماءکی اس تنظیم نے اپنے صدر کا کیا انتخاب

 


 




آل انڈیا علماءبورڈ (رجسٹرڈ ) کی قومی مجلس عاملہ اراکین کے اعلیٰ سطحی وفد کا آگرہ دورہ 
قومی صدر کے باوقار عہدہ کا تقرری مکتوب مفتی مدثر خان قادری کو ادب و احترام کے ساتھ پیش


نئی دہلی: آل انڈیا علماءبورڈ ( رجسٹرڈ نمبر285/2020)کی کارکردگی کا دائرہ وسیع کرنے اور قومی ، سماجی و فلاحی خدمات کی ملکی سطح پرانجام دہی کو یقینی بنانے کی غرض سے قومی مجلس عاملہ و کورکمیٹی کے راکین پر مشتمل اعلیٰ سطحی وفد نے آگرہ پہنچ کر نوری جامع مسجد وعید گاہ کے خطیب وامام مفتی مدثر خان قادری کو قومی صدر کے عہدہ کا تقرری مکتوب سپرد کردیا۔ جبکہ اس وفد میں بورڈ کے قومی جنرل سکریٹری راشد نسیم صدیقی (ایڈوکیٹ سپریم کورٹ ، دہلی ) قومی نائب صدر و سینئر صحافی نایاب انصاری( اورنگ آباد ، مہاراشٹر ) قومی آرگنائزیشن سکریٹری و عوامی جہد کار وارث علی ( اڑیسہ ) ، معروف ماہر تعلیم و صحافی اظہر عمری ( قومی صدر میڈیا ونگ ، آگرہ ) اور قومی خاتون ونگ صدر نور النساءانصاری ( مہاراشٹر ) شامل تھے۔ اس موقع پر ناگلہ میواتی ، تاج نگر ی فیس ۲ علاقہ میں منعقدہ پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے ایڈوکیٹ راشد نسیم نے کہا کہ اڑیسہ میں منعقدہ بورڈ کی اہم میٹنگ میںآگرہ کے معروف عالم دین اور قومی سرگرمیوں کے لئے ملک گیر شہرت یافتہ مفتی مدثر خان قادری کے نام پر متفقہ طور پر مہر ثبت کی گئی تھی۔ لہذا ایک اعلیٰ سطحی وفد نے انھیں آگرہ پہنچ کر نہایت ادب و احترام کے ساتھ تقرری مکتوب پیش کردیا ہے اور اب ان کی قیادت و رہنمائی میں بورڈ کی کارکردگی انجام پائے گی۔ قومی نائب صدر نایاب انصاری نے اعلان کیا کہ ابتداءمیں بورڈ کی پانچ ونگوں سمیت ریاستی ، ضلعی وشہری عہدیداروں کے ناموں کو منظوری دیتے ہوئے انھیں تقرری مکتوب تفویض کئے جائیں گے۔ قومی آرگنائزیشن سکریٹری وارث علی نے کہا کہ بورڈ کو باضابطہ طور پر رجسٹرڈ کروایا گیا ہے ۔ لہذا مستقبل میں غیر مجاز افراد اس ٹائیٹل کے تحت گمراہ کن تشہیر نہ کریں ورنہ ان کے خلاف قانونی چارہ جوئی کی جائے گی۔ قومی خاتون ونگ صدر نور النساءانصاری نے کہا کہ موجودہ دور میں خواتین ہر شعبہ میں نمایاں و قابل ستائش خدمات انجام دے رہی ہیں لہذا بورڈ کی معرفت شرعی دائرہ میں رہتے ہوئے خواتین کی ہمہ جہت ترقی کے لئے ہر ممکن کوشش کی جائے گی۔ قومی صدر میڈیا ونگ اظہر عمری نے اعلیٰ سطحی وفد کی آگرہ میں آمد پر دلی مسرت کااظہار کرتے ہوئے بورڈ کی مہاراشٹر یونٹ کی پانچ سالہ عمدہ و مثالی کارکردگی کا خاکہ پیش کیا۔ قومی صدر مفتی مدثر خان قادری نے کہا کہ انھیںجو ذمہ داری دی گئی ہے وہ اسے نبھانے کی ہر ممکن کوشش کریں گے اور بورڈ کی شاخوں کو ملک کی ہر ریاست میں فعال بنانے کے لئے اپنی تمام تر صلاحیتوں اور توانائی کو صرف کردیں گے۔ اس موقع پر حافظ احمد رضا، حافظ ظریف عالم مصباحی، محمد رفیق ، مولانا شان عالم بھی موجود تھے۔ آخر میں شہرہ آفاق تاریخی آثارتاج محل کے سینئر سرکاری گائیڈ شمس الدین نے رسم شکریہ ادا کی اور بورڈ کی ساتھ سرگرم وابستگی کو گراں قدر اعزاز قرار دیا۔ 


 


جدید تر اس سے پرانی