علی گڑھ ، : اے ایم یو آفیسرس ایسوسی ایشن کی جانب سے کل شام سات بجے اسٹاف کلب سے ڈَک پوائنٹ تک خاموش کینڈل مارچ کا انعقاد کیا گیا ہے جس میں سیکڑوں یونیورسٹی اسٹاف اور آفیسرس نے شرکت کی۔ اس مارچ کا اختتام ڈک پوائنٹ پر ایک جلسے کی شکل میں ہوا۔
آفیسرس ایسوسی ایشن کے صدر ڈاکٹر شارق عقیل نے اس موقع پر کالے قانون سی اے اےاین آرسیاین پی آر کے تعلق سے گفتگو کرتے ہوئے کہاکہ سیکولرزم ہمارے آئین کی روح ہے اور کوئی بھی اقدام جو آئین کی اس روح کو مجروح کرتا ہو، ہمیں قابل قبول نہیں ہے اور حکومت کو چاہئے کہ وہ شہریوں کے درمیان مذہبی بنیادوں پر کسی قسم کی تفریق اور نفرت نہ پیدا کرے۔ انھوں نے ہر حال میں پر امن ماحول بنائے رکھنے، گنگا جمنی تہذیب کو برقرار رکھنے اور مکمل انصاف کو نافذ کرنے کی پرزور اپیل کی۔ دہلی میں حالیہ شر انگیزی کی پرزور مخالفت کرتے ہوئے انھوں نے انتظامیہ کی مجرمانہ خاموشی اور پولیس کی بربریت کی مذمت کرتے ہوئے مظلوموں کی ہر طرح سے امداد اور دادرسی کی اپیل کی۔ اس مارچ کو کامیاب بنانے میں ڈاکٹر سالک صدیقی (نائب صدر)، فیصل فرید (سکریٹری) اور خازن ڈاکٹر صداقت علی کا خاص تعاون رہا۔