ڈاکٹروں سمیت میڈیکل اسٹاف کوکووڈ 19کے انفیکشن سے محفوظ رکھنا ضروری: وزیر اعلیٰ

 



ڈاکٹروں سمیت میڈیکل اسٹاف کوکووڈ 19کے انفیکشن سے محفوظ رکھنا ضروری: وزیر اعلیٰہر ضلع میں ایک اضافی سی ایچ سی کو ایل1اسپتال کے طور پر تیار کیا جائے


لاک ڈاؤن کاصدفیصد عمل اورسوشل ڈسٹنسنگ پر خصوصی توجہ دی جائے
لکھنؤ
اتر پردیش کے وزیر اعلیٰ یوگی آدتیہ ناتھ نے طبی انفکشن کو روکنے کے لئے بہتر اور موثر کوشش کئے جانے پر زور دیا ہے۔انہوں نے کہا کہ ڈاکٹروں سمیت میڈیکل اسٹاف کو ہر حال میں کووڈ 19کے انفیکشن سے محفوظ رکھنا ضروری ہے۔انہوں نے طبی انفکشن کی روک تھام کے لئے ڈیڈکیٹڈ ٹیم تشکیل دینے کی ہدایت دی ہے۔
وزیر اعلیٰ آج یہاں اپنی سرکاری رہائش گاہ پر منعقد ایک میٹنگ میں لاک ڈاؤن بندوبست کا جائزہ لے رہے تھے۔انہوں نے کہا کہ طبی انفکشن کو روکنے کے لئے ریاستی ہیڈکوارٹر اوراضلاع میں ٹیم بنائی جائے۔یہ ٹیم سرکاری اورپرائیوٹ سبھی اسپتالوں میں میڈیکل انفکشن پر توجہ دیتے ہوئے اسے روکنے کے لئے کام کرے۔انہوں نے محکمہ صحت اور محکمہ طبی تعلیم کو ترجیحی بنیاد پر ایسی ٹیموں کی تشکیل دینے کی ہدایت دی۔ وزیر اعلی نے کووڈ اسپتالوں کی سیریز تیار کرنے، اسپتالوں میں آکسیجن کی باقاعدہ فراہمی اور ٹریننگ کو رفتار دینے پر زور دیا۔انہوں نے کہا کہ طبی تعلیم کے طلباء اور آیوش وغیرہ کے ڈاکٹروں کی بھی طبی ٹریننگ کرائی جائے۔انہوں نے ایل 1، ایل 2اور ایل 3اسپتالوں کی تعداد میں اضافہ کرنے کی ہدایت دیتے ہوئے کہا کہ ہر ضلع میں ایک اضافی سی ایچ سی کو ایل 1اسپتال کے طور پر تیار کیا جائے۔اس کام کوبروقت یقینی بنانے کے لئے ایک افسر نامزد کیا جائے۔
وزیر اعلیٰ نے ہدایت دی کہ لاک ڈاؤن کا صدفیصد عمل کراتے ہوئے سوشل ڈسٹنسنگ پر خصوصی توجہ دی جائے۔گشت بڑھایا جائے۔غیر قانونی شراب کے خلاف کارروائی جاری رکھی جائے۔انہوں نے کہا کہ رمضان کے پیش نظراحتیاط برتی جائے۔سوشل میڈیا پر نظر رکھی جائے۔انہوں نے انفکشن کے نقطہ نظر سے ضلع سنت کبیر نگر کی بڑھی ہوئی حساسیت کے پیش نظر،منطقائی کمشنر بستی، آئی جی بستی اور محکمہ صحت کے ایک سینئر افسر کو نوڈل افسر بنانے کی ہدایت دی۔
وزیر اعلیٰ نے کہا کہ سپلائی چین سے وابستہ لوگوں کی ٹیسٹنگ کرائی جائے۔اس بات کی یقین دہانی   کرائی جائے کہ کوارنٹین سینٹر اور شیلٹر ہوم میں ہر حال میں سوشل ڈسٹنسنگ پر عمل کیا جائے۔شیلٹر ہوم میں کوارنٹین مدت مکمل کرنے کے بعد ہوم کوارنٹین کے لئے گھر جانے والے کارکنوں کو راشن کی کٹ اور ایک ہزار روپئے کا گزر بسر بھتہ دیا جائے۔
وزیر اعلیٰ نے افسران کو ہدایت دی کہ ضلع سطح پر کئے جا رہے کاموں کی پیش رفت کی معلومات حاصل کرتے رہیں۔انہوں نے کہا کہ ضلع سطح پر مختلف کاموںکے لئے افسر نامزد کئے جائیں، جس سے کام طریقہ سے ہو اور اس کی جوابدہی بھی طے کی جا سکے۔
وزیر اعلیٰ نے کہا کہ مہاجرمزدوروں کو روزگار کے مواقع فراہم کرنے کے لئے ریاستی حکومت نے ایک کمیٹی تشکیل دی ہے۔باہر سے آئے مزدوروںکو روزگار فراہم کرنا ایک مشکل کام ہے، جسے حکمت عملی بنا کر کامیابی کے ساتھ نافذ کیا جا سکتا ہے۔انہوں نے کہا کہ تالاب اور چیک ڈیم وغیرہ سے متعلق کام شروع کرائے جائیں۔ان کاموں میں باہر سے آئے مزدوروں کو بھی لگایا جائے۔
وزیر اعلیٰ نے دیگر ریاستوں میں 14دن کوارنٹین مکمل کر چکے اترپردیش کے کارکنوں اور مزدوروں کو مرحلہ وار طریقے سے واپس لائے جانے سے متعلق تبادلہ خیال کیا۔انہوں نے کثیر تعداد میں شیلٹر ہوم تیار کئے جانے کی ہدایت دیتے ہوئے کہا کہ ان میں پبلک ایڈریس سسٹم لگایا جائے ،انہوں نے کمیونٹی کچن کو اور موثر بنائے جانے کی ہدایت دی۔
وزیر اعلیٰ نے ہدایت دی کہ کسی بھی صنعت کے چلانے سے اگر انفکشن پھیلنے کے امکانات ہوں تو اسے  اجازت نہ دی جائے۔انہوں نے کہا کہ ایم ایس ایم ای کے چلانے کو فروغ دیا جائے، کیوں کہ ان کے ذریعے سے انفکشن بڑھنے کے امکانات نہیں ہیں۔اس سیکٹر کی صنعتوں کے خام مال کی فراہمی کے لئے سپلائی چین بنائی جائے۔انہوں نے پرنسپل سکریٹری ایم ایس ایم ای کو پی پی ای کٹ کی سپلائی بندوبست کو بڑھانے کی ہدایت بھی دی۔
وزیر اعلیٰ نے ہدایت دی کہ محکمہ زراعت کی جانب سے اس بات کی وسیع تشہیر کی جائے کہ ریاست میں زرعی سامان کی کمی نہیں ہے۔کسان وقت سے فصل کٹواتے ہوئے اپنی پیداوار خریداری مرکز پر لے جائیں۔ریاست میں کافی تعداد میں خریداری مرکز قائم کیے گئے ہیں۔انہوں نے ہدایت دی کہ یہ یقینی بنایا جائے کہ منڈیوں اور خریداری مراکز پر بھیڑ جمع نہ ہو اور سوشل ڈسٹنسنگ موثر طریقے سے نافذ رہے۔اس موقع پر وزیر اعلیٰ کوواقف کرایا گیا کہ منڈی اور خریداری مراکز کے ذریعے اب تک 50 لاکھ کوئنٹل سے زیادہ گیہوں کی خریداری ہو چکی ہے۔
اس موقع پر چیف سکریٹری جناب آرکے تیواری، زرعی پیداوار کمشنر جناب آلوک سنہا، کمشنر برائے انفرااسٹرکچر اور صنعتی ترقی جناب آلوک ٹنڈن، ایڈیشنل چیف سکریٹری اطلاعات و داخلہ جناب اونیش کمار اوستھی، ایڈیشنل چیف سکریٹری مالیات جناب سنجیو کمار متل، ایڈیشنل چیف سکریٹری ریونیومحترمہ رینوکا کمار، پولیس ڈائریکٹر جنرل جناب ہتیش سی اوستھی، پرنسپل سکریٹری طبی تعلیم ڈاکٹر رجنیش دوبے،پرنسپل سکریٹری صحت جناب امت موہن پرساد، پرنسپل سکریٹری وزیر اعلیٰ جناب ایس پی گوئل اورجناب سنجے پرساد، انفارمیشن ڈائریکٹر جناب ششر سمیت دیگر سینئر افسران موجود تھے۔


ایک تبصرہ شائع کریں

Please Select Embedded Mode To Show The Comment System.*

جدید تر اس سے پرانی