وزیر اعلیٰ نے مہاجرمزدوروں کارکنوںسے وطن واپسی کے لئے پیدل سفر نہ کرنے کی اپیل کی

 




مہاجر مزدوروںکارکنوں کوواپس لانے کے لئے موثربندوبست یقینی بنایا جائے
کووڈ 19سے متاثر اقتصادیات کے پیش نظرآمدنی کے متبادل ذرائع میں اضافہ کرنا پڑے گا
لکھنؤ
 وزیر اعلیٰ یوگی آدتیہ ناتھ نے دیگر ریاستوں میں واقع اتر پردیش کے مہاجر مزدوروںکارکنوں سے گھر واپس آنے کے لئے پیدل سفر نہ کرنے کی اپیل کی ہے۔انہوں نے کہا کہ اپنے مہاجر کارکنوں اور مزدوروں کی سلامتی کے ساتھ واپسی کے لئے ریاستی حکومت متعلقہ حکومتوں سے رابطے میں ہے۔ریاستی حکومت نے متعلقہ حکومتوں سے مہاجر کارکنوں کے نام، ایڈریس، ٹیلی فون نمبر اور صحت ٹیسٹ کے حالات سمیت سبھی تفصیلات فراہم کرنے کی درخواست کی ہے، تاکہ ان کی واپسی کے لئے ایکشن پلان کو آگے بڑھایا جا سکے۔
وزیر اعلیٰ آج یہاں لوک بھون میں ایک اعلی سطحی میٹنگ میں لاک ڈاؤن بندوبست کا جائزہ لے رہے تھے۔انہوںنے کہا کہ اب تک دہلی سے تقریبا 04لاکھ مزدور اور کارکن، ہریانہ سے 12ہزار مزدور، کوٹہ راجستھان سے ساڑھے گیارہ ہزارطلباء کی ریاست واپسی ہو چکی ہے۔اسی طرح پریاگ راج میں زیر تعلیم 15 ہزار سے زائدطلباء کو ریاست کے مختلف اضلاع میں ان کے گھر بھیجا گیا ہے۔انہوں نے ہدایت دی کہ اسی طرح دیگر ریاستوں سے مہا جر مزدوروں کارکنوں کو واپس لانے کے لئے موثربندوبست یقینی بنایا جائے۔انہوں نے کہا کہ ریاست واپسی سے پہلے، مہاجر کارکنوں کا لازمی طور سے ٹیسٹ بھی کرایا جائے۔
وزیر اعلیٰ نے ہدایت دی کہ ریاست کی سرحدوں کو مکمل طورسے سیل کر دیا جائے۔سرحدی علاقوں میں احتیاط برتا جائے۔اس بات کی یقین دہانی کرائی جائے کہ نیپال سمیت دیگر ریاستوں سے بغیر اجازت کوئی بھی ریاست میں نہ آنے پائے۔انہوں نے کہا کہ 10لاکھ لوگوں کے لئے فوری طورپر کوارنٹین سینٹر شیلٹر ہوم اور کمیونٹی کچن تیارکئے جائیں، جہاں آنے والے مہاجرمزدوروں کو فوری طور پر رکھا جا سکے۔کوارنٹین سینٹر / شیلٹر ہوم کے لئے بڑے کالجوں کا استعمال کیا جائے۔ان میں کمیونٹی کچن، ٹوائلٹ اورتحفظ سمیت سبھی ضروری سہولیات دستیاب رہنی چاہئے۔
وزیر اعلیٰ نے کہا کہ گھرمیںکوارنٹین لوگوں کی نگرانی کے لئے نگرانی کمیٹیاں قائم کی جائیں۔انہوں نے کہا کہ کوارنٹین سینٹر شیلٹر ہوم سے مہاجر کارکنوں کو ٹیسٹ کے بعد گھر بھیجا جائے۔گھر بھیجتے وقت سبھی کارکنوں کو راشن کٹ دستیاب کرائی جائے۔
وزیر اعلیٰ نے ہدایت دی کہ نوئیڈا کے ساتھ دہلی سے بھی اتر پردیش کے طلبا و طالبات کو واپس لانے کے لئے وہاں کی حکومت سے رابطہ کیا جائے۔انہوں نے کہا کہ نوئیڈا، غازی آباد اور علی گڑھ سے ریاست کے مختلف اضلاع میں واپس جانے والے طلباء کی فہرست تیار کرائی جائے۔ان طلبا کا ٹیسٹ کراتے ہوئے انہیں گھر بھیجنے کا بندوبست کیا جائے۔ان اضلاع میں زیر تعلیم دیگر ریاستوں کے طلباء کی فہرست تیار کرتے ہوئے انہیں انکے آبائی ریاست واپس بھیجنے کے لئے متعلقہ حکومت سے رابطہ کیا جائے۔اس کارروائی کو انجام دینے کے لئے ایکشن پلان تیار کیا جائے۔
وزیر اعلیٰ نے ہدایت دی کہ لاجسٹکس کا یومیہ جائزہ لیا جائے۔حکومت ہند کے معیار کے مطابق پی پی  ای کٹ، این 95ماسک سمیت مختلف تحفظاتی آلات کی دستیابی یقینی بنائی جائے۔
وزیر اعلیٰ نے کہا کہ اضافی وینٹی لیٹر کی فوری ضرورت پر پورٹیبل وینٹی لیٹر منگائے جائیں۔سبھی اضلاع میںانفرا-ریڈ تھرمامیٹر فراہم کرائے جائیں، تاکہ مہاجر کارکنوں کی بہتر طریقہ سے جانچ کی جا سکے۔ایل 2 اسپتال میں ہر بیڈ پر آکسیجن اور ایل 3اسپتال میں ہر بیڈ پر وینٹی لیٹر کا بندوبست ہونا چاہئے۔انہوں نے کہا کہ کووڈ 19کے علاج کے قابل پرائیوٹ اسپتالوں کو علاج کی اجازت دی جائے۔اگر کوئی مریض ایسے اسپتالوں میں اپنا علاج کرانا چاہتا ہے تو اس کے تحریری درخواست پر علاج کی منظوری فراہم کی جائے۔
وزیر اعلیٰ نے کہا کہ آیوش کے ڈاکٹروں، نرسنگ اور پیرامیڈیکل کے طلبا کو تربیت دی جائے، تاکہ ضرورت پڑنے پر ان کی خدمات بھی حاصل کی جاسکے۔انہوں نے کہا کہ ریاست کے ایل 1، ایل 2اور ایل 3کووڈ اسپتالوں میں 52ہزار بستروں کا بندوبست کرتے ہوئے، اسے مرحلہ وار بڑھاکر 01لاکھ بیڈ کیا جانا ہے۔
وزیر اعلیٰ نے کہا کہ کووڈ 19سے اقتصادیات متاثر ہوئی ہے۔لہذا آمدنی کے متبادل ذرائع میں اضافہ کرنا پڑے گا۔اس کے پیش نظر فری-ہولڈ کی کارروائی کی جائے۔اس کے لئے ایک کمیٹی بنا کر اس کام کو تیزی سے کیاجائے۔انہوں نے'کیش فلو'میں اضافہ کے لئے اسکیم بنا کرکارروائی کئے جانے پر بھی زور دیا۔ انہوں نے کہا کہ سرمایہ کاری بڑھانے کے لئے پرکشش پالیسی تیار کی جائے۔
وزیر اعلیٰ نے ہدایت دی کہ ہر اناج گودام میں ایک افسر تعینات کیا جائے۔انہوں نے کہا کہ ہر راشن کی دکان پر بھی ایک افسر کی تعیناتی کی جانی چاہئے، جو اس بات کی یقین دہانی کرائے کہ وہاں سوشل ڈسٹنسنگ کا پوری طرح عمل ہو اور کسی بھی حالت میں گھٹ تولی نہ ہونے پائے۔انہوں نے کہا کہ منڈی سارا دن کھلی رہے، جس سے وہاں بھیڑ جمع نہ ہونے پائے اور سوشل ڈسٹنسنگ پر عمل بھی ہو سکے۔
 اس موقع پروزیر طبی تعلیم جناب سریش کھنہ، وزیر صحت جناب جے پرتاپ سنگھ، چیف سکریٹری جناب آرکے تیواری، زرعی پیداوار کمشنر جناب آلوک سنہا، کمشنر برائے انفرااسٹرکچر اور صنعتی ترقی جناب آلوک ٹنڈن، ایڈیشنل چیف سکریٹری اطلاعات و داخلہ جناب اونیش کمار اوستھی، ایڈیشنل چیف سکریٹری مالیات جناب سنجیو کمار متل، ایڈیشنل چیف سکریٹری ریونیومحترمہ رینوکا کمار، پولیس ڈائریکٹر جنرل جناب ہتیش سی اوستھی، پرنسپل سکریٹری طبی تعلیم ڈاکٹر رجنیش دوبے،پرنسپل سکریٹری صحت جناب امت موہن پرساد، پرنسپل سکریٹری وزیر اعلیٰ جناب ایس پی گوئل اورجناب سنجے پرساد، پرنسپل سکریٹری ایم ایس ایم ای نونیت سہگل، پرنسپل سکریٹری دیہی ترقیات اورپنچایتی راج جناب منوج کمار سنگھ، پرنسپل سکریٹری غذا ورسد محترمہ نویدیتا شکلا ورما،پرنسپل سکریٹری زراعت ڈاکٹردیویش چترویدی،پرنسپل سکریٹری مویشی پروری جناب بھونیش کمار، سکریٹری وزیر اعلیٰ جناب آلوک کمار، انفارمیشن ڈائریکٹر جناب ششر سمیت دیگر سینئر افسران موجود تھے۔
 


ایک تبصرہ شائع کریں

Please Select Embedded Mode To Show The Comment System.*

جدید تر اس سے پرانی