اے ایم یو کے اساتذہ کے لئے آن لائن فیکلٹی ڈیولپمنٹ پروگرام کا اہتمام


علی گڑھ، : علی گڑھ مسلم یونیورسٹی (اے ایم یو)کی فیکلٹی آف سوشل سائنسز کی جانب سے اِنفلبنیٹ (INFLIBNET) سنٹر ، احمدآباد کے اشتراک سے اے ایم یو کے اساتذہ کے لئے آن لائن تدریس و تحقیق کے موضوع پر دو روزہ آن لائن فیکلٹی ڈیولپمنٹ پروگرام کا اہتمام کیا گیا ہے۔ 
 آن لائن تربیتی پروگرام کے افتتاحی اجلاس میں اپنے صدارتی خطاب میں وائس چانسلر پروفیسر طارق منصور نے کہاکہ اساتذہ کی آن لائن تدریس کی صلاحیت بڑھانے کے لئے اے ایم یو کی جانب سے متعدد تربیتی پروگرام منعقد کئے جارہے ہیں ۔انھوں نے کہاکہ کووِڈ-19 کی وبا کے باعث ملک گیر تالابندی کے دوران بحران کی اس گھڑی کو ایک بہتر موقع سمجھ کر اساتذہ کو اپنی صلاحیتوں میں نکھار پیدا کرنا چاہئے ۔ انھوں نے اِنفلبنیٹ سنٹر ، احمدآباد کے ڈائرکٹر پروفیسر جے پی سنگھ جوریل کا بطور خاص شکریہ ادا کیا جنھوں نے اے ایم یو کو ہر ممکن مدد کا یقین دلایا ہے ۔
 پروگرام کے مہمان خصوصی اِنفلبنیٹ سنٹر کے ڈائرکٹر پروفیسر جے پی سنگھ جوریل نے ویڈیو کانفرنسنگ کے ذریعہ خطاب کرتے ہوئے کہاکہ انفلبنیٹ نے ایک جدید ترین لرننگ مینجمنٹ سسٹم کو فروغ دیا ہے جسے جلد ہی شروع کیا جائے گا۔ انھوں نے کہاکہ اے ایم یو کے اساتذہ اور طلبہ کے لئے یہ نظام مفت میں دستیاب ہوگا۔ 
  اس سے قبل پروگرام کوآرڈنیٹر پروفیسر نوشاد علی پی ایم (شعبہ ¿ لائبریری و اطلاعاتی سائنس) نے کہاکہ اساتذہ ورچوول طریقہ سے تدریس کا فریضہ انجام دے رہے ہیں اور اس تربیتی پروگرام کا مقصداساتذہ کو آن لائن تحقیق و تدریس کے وسائل سے متعارف کرانا، ورچوول کلاس روم کے بندوبست کے بارے میں بتانا اور ویڈیو مواد کی تیاری اور فراہمی کے ہنر سے واقف کرانا ہے ۔
  پروگرام کنوینر اور فیکلٹی آف سوشل سائنسز کے ڈین پروفیسر اکبر حسین نے مہمانوں اور شرکاءکا خیرمقدم کیا۔
  قابل ذکر ہے کہ دو روزہ فیکلٹی ڈیولپمنٹ پروگرام میں اے ایم یو کی مختلف فیکلٹیوں کے 285 اساتذہ کو اے ایم یو، اِنفلبنیٹ سنٹر، زائد یونیورسٹی دبئی اور مائیکروسافٹ کے ماہرین آن لائن ٹریننگ فراہم کر رہے ہیں ۔


جدید تر اس سے پرانی