زکوة کے لئے کراؤنڈ فنڈنگ پلیٹ فارم کا آغاز


زکوة دینے والوں اور زکوة جمع کرنے والوں کو مربوط کرنے کے لئے ایک منفرد اور ملک کے پہلے کراؤنڈ فنڈنگ پلیٹ فارم IndiaZakat.com کا آغاز

 


 


اس وقت کرونا وائرس کی وبا نے پوری دنیا کو متاثر کر رکھا ہے۔ ایک طرف میڈیکل سائنس کے ماہرین فکر مند اور پریشان ہیں وہیں دوسری طرف ماہرین معاشیات نے بھی سر پکڑ لیا ہے۔ اس کے نتیجے میں عالمی سطح پر کروڑوں لوگوں کے بے روزگار ہونے کا اندیشہ پیدا ہو گیا ہے۔

 

رمضان المبارک کے بابرکت مہینے کا آغاز ہوچکا ہے اور  مہلک وبا یعنی کورونا وائرس کے دفاع کے لئے دنیا کے اکثر ممالک بشمول وطنِ عزیز بھارت بھی لاک ڈاؤن و ناگفتہ بہ مصائب ومشکلات سے گزر رہے ہیں۔ پوری قوم جانتی ہے کہ عمومی طور پر تمام مسلمان رمضان کے بابرکت مہینے میں اپنی سالانہ زکوۃ، فطرانہ اور صدقات وغیرہ نکالتے ہیں۔  اس وقت لاک ڈاؤن کے سبب مستحقین زکوۃ کا باہر نکلنا کسی طرح ممکن نہیں ہے ۔ لہٰذا حالات کے پیشِ نظر ایسوسی ایشن آف مسلم پروفیشنلس (اے ایم پی) نے www.IndiaZakat.com کے نام سے سے ایک آن لائن کراؤڈ فنڈنگ پلیٹ فارم کا آغاز کیا ہے۔ ہمارے ملک بھارت میں یہ اپنی طرح کا پہلا اور ایک منفرد آن لائن زکوة جمع کرنے اور تقسیم کرنے کا پلیٹ فارم ہے جو پورے ہندوستان سے زکوة دینے والوں اور جمع کرنے والوں کو جوڑنے کا کام کرے گا۔ انڈیا زکوةنے دنیا بھر میں اسی نہج پر مرکزی طور سے زکوة جمع و تقسیم کرنے والے اور کراﺅڈ فنڈنگ پلیٹ فارم سے ترغیب حاصل کی ہے۔

 

 یہ ایک ایسا شفاف پلیٹ فارم  ہوگا جو پورے ملک میں زکوة دینے والوں کو مختلف این جی اوز، تعلیمی اداروں اور دیگر اداروں سے مربوط کرے گا جو ہمارے معاشرے کے نچلے طبقے کی مجموعی ترقی کے لئے باضابطہ طریقے سے زکوة جمع اور ان کا صحیح استعمال کرتے ہیں۔

 

 اس پلیٹ فارم کا مقصد تقریبا 10 ملین (ایک کروڑ) ہندوستانیوں تک پہنچنا اور تعلیم، اسکل ڈیویلپمنٹ، روزگار اور کاروباری سرگرمیوں کے ذریعے ان کی مدد کرنا ہے۔ تاکہ مستحقین اپنے پیروں پر کھڑے ہونے کے قابل بن سکیں اور سماج میں اپنا مثبت کردار ادا کرسکیں، اس طرح ایک بہتر ہندوستان کی تعمیر میں مدد ملے گی۔ اور اے ایم پی کے اس وژن کی تکمیل کرسکیں کہ ”آج زکوة لینے والوں کو کل زکوة دینے والا بنا سکیں۔“

 

زکوة اسلام کاایک اہم ستون ہے۔ ہر مسلمان جس کے پاس ایک سال کے لئے ایک خاص مقدارسے زیادہ دولت ہے اس پر یہ فرض ہے کہ وہ غریب رشتہ داروں ، پڑوسیوں اور دیگر افراد کی فلاح و بہبود کے لیے اپنی ڈھائی(2.5%) فیصد دولت معاشرے کے غریب طبقے میں عطیہ کرے۔

 

اے ایم پی کے ذریعہ۹۱۰۲ء میں ہندوستان کے تقریبا ۰۰۲(دو سو) شہروں میں چار ہزار چھ سو افراد کے درمیان کیے گئے ایک سروے کے مطابق، یہ پتہ چلا ہے کہ ساٹھ فی صد (60%) سے زیادہ لوگ ہر سال ایک ہی قسم کے افراد کو اپنی زکوۃ دیتے ہیں اور اس بات پر کوئی دھیان نہیں ہوتا کہ اس مدد سے ان کی زندگی میں کوئی تبدیلی آرہی ہے یا نہیں۔ دلچسپ بات یہ ہے کہ جواب دہندگان کی کثیر تعداد یہ بھی مانتی ہے کہ یہ اجتماعی طور پر جمع ہونا چاہیے۔ اجتماعی زکوة ہی زندگیوں کو بدلنے کی صلاحیت رکھتی ہے۔

 

رمضان المبارک میں زیادہ تر مسلمان زکوة دیتے ہیں، اور موجودہ کوویڈ (۹۱) بحران کی وجہ سے لاک ڈاون کے ساتھ ، انڈیا زکات ایک ایسا بہترین پلیٹ فارم ہے جو اس بات کو یقینی بناتا ہے کہ زکوة دینے والے کے تقاضوں کے مطابق سماجی فاصلے کے اصولوں کو برقرار رکھتے ہوئے مستحق افراد تک پہنچ جائے ۔

 

 

واضح ہو کہ ایسوسی ایشن آف مسلم پروفیشنلس (اے ایم پی) اعلی تعلیم یافتہ مسلم نوجوانوں کا ایک ایسا پلیٹ فارم ہے کہ وہ اپنی معلومات، علم، ذہانت، تجربہ اور مہارت صرف مسلم سماج کی ہی نہیں بلکہ بڑے پیمانے پر سماج کی اجتماعی ترقی کے لیے دوسروں کے ساتھ شئیر کرسکیں ۔ مزید مسلمانوں کو تعلیمی، سماجی، سیاسی اور معاشی محاذ پر با اختیار بناسکیں۔ اے ایم پی ایک ایسا ادارہ ہے جو اپنی مختلف تعلیمی اور معاشی سرگرمیوں کے ذریعے پورے ملک میں مسلم کمیونٹی کو بااختیار بنانے کی کوشش کرتا ہے۔

جدید تر اس سے پرانی