الزامات پر اے ایم یو نے کی وضاحت


جواہر لعل نہرو میڈیکل کالج کے سلسلہ میں اہم وضاحت

علی گڑھ، 27: علی گڑھ مسلم یونیورسٹی (اے ایم یو) نے میڈیا کے ایک حلقہ میں کچھ سیاسی لیڈروں کے ذریعہ عائد کئے گئے ان الزامات کی سختی سے تردید کی ہے کہ جواہر لعل نہرو میڈیکل کالج (جے این ایم سی) کووِڈ-19 سے متاثرہ افراد کا مرکز بن گیا ہے۔ 
 حقیقت یہ ہے کہ اے ایم یو کے جواہر لعل نہرو میڈیکل کالج نے کووِڈ-19(کوورونا وائرس) کی روک تھام کے لئے وسیع پیمانے پر انتظامات کئے ہیں۔ جواہر لعل نہرو میڈیکل کالج مغربی اترپردیش میں کورونا وائرس کے خلاف لڑائی میں قائدانہ کردار نبھارہا ہے جہاں چوبیس گھنٹے کام ہورہا ہے اور آگرہ، متھرا، بلندشہر، ہاتھرس، مرادآباد، سنبھل، ایٹہ، کاس گنج، رامپور اور دیگر علاقوں سے آنے والے کورووائرس کے نمونوں میں سے ہردن 250 نمونوں کی مفت جانچ کی جارہی ہے۔ یہاں کووِڈ-19 کے اب تک تقریباً پانچ ہزار نمونوں کی جانچ ہوچکی ہے۔ 
 اے ایم یو نے مزید واضح کیا ہے کہ جے این ایم سی کے ڈاکٹر پرسنل پروٹیکشن کِٹ (پی پی ای) سے لیس ہوتے ہیں ۔کووِڈ-19 کے مریضوں کو دیکھنے والے جے این ایم سی کے 80صحت کارکنان، کووِڈ-19 سے نگیٹیو پائے گئے ہیں جب کہ پانچ مریض جو کووِڈ-19 پوزیٹیو ریزیڈنٹ ڈاکٹر کے رابطے میں آئے وہ بھی نگیٹیو پائے گئے ہیں ۔
 اسی اثناءجے این ایم سی میں جو بھی مریض بھرتی ہورہے ہیں ان کا کووِڈ-19 کا ٹسٹ کیا جارہا ہے اور سبھی جانچ رپورٹیں ضابطے کے مطابق ہر دن ضلع انتظامیہ کو ارسال کی جاتی ہیں ۔
 اے ایم یو کی جانب سے مزید واضح کیا گیا ہے کہ کووِڈ-19 کے مریض جب مختلف پرائیویٹ اسپتالوں اور صحت مراکز سے ہوکر جے این ایم سی آئے تو انھیں یہاں بھرتی کیا گیااور اس سلسلہ میں گہرائی سے تفصیلی جانچ کی ضرورت ہے ۔
 قابل ذکر ہے کہ کورونا وائرس کے خلاف لڑائی میں جواہر لعل نہرو میڈیکل کالج اور ذاکر حسین کالج آف انجینئرنگ اینڈ ٹکنالوجی کے دو نوجوان اساتذہ نے کووِڈ-19 کے مریضوں کی دیکھ بھال کے دوران ڈاکٹروں اور نرسوں کو تعدی کے خطرے سے بچانے کے لئے ایک کفایتی ’پروٹیکشن باکس‘ تیار کیا ہے ۔
 اس کے علاوہ ملک گیر تالابندی کے دوران مریضوں کی مشکلات کو کم کرنے کے لئے جواہر لعل نہرو میڈیکل کالج نے ہیلپ لائن بھی شروع کی ہے۔ دل کے امراض میں مبتلا افراد ہیلپ لائن نمبر 7599050505 پر مختصراً کال کرسکتے ہیں یا وہاٹس ایپ پیغامات بھیج سکتے ہیں ۔دوسری طرف شعبہ ¿ امراض خواتین و زچگی نے ضرورت مندوں کے لئے ہیلپ لائن نمبر 9719287391 ، اور 9887430520 جاری کیا ہے۔ 
 دوسری طرف جواہر لعل نہرو میڈیکل کالج کو ایل 2 کووِڈ-19 اسپتال کا درجہ بھی دیا گیا ہے ۔


جدید تر اس سے پرانی