مودی کی ہدایت پر عمل کرانے کے لیے عقیل احمد کی اپیل


وزیراعظم کی ہدایت پرتمام اہلِ وطن سختی سے عمل کریں: ڈاکٹرشیخ عقیل احمد 


نئی دہلی: قومی کونسل برائے فروغ اردوزبان کے ڈائریکٹر ڈاکٹرشیخ عقیل احمد نے وزیراعظم نریندر مودی کے ذریعے آج صبح عوام سے کیے گئے اس خطاب کاخیرمقدم کیاہے جس میں انھوں نے کہاکہ انسان محض ایک معمولی مخلوق نہیں ہے بلکہ وہ قادر مطلق کا روپ اور اس کی اپار شکتی کانمونہ ہے۔ قرآن شریف میں بھی کہا گیا ہے کہ اللہ تعالی نے انسان کو اپنی شکل پر پیدا کیا ہے اور صوفیوں کا خیال ہے کہ انسان خدا کا ہی جز ہے۔
وزیر اعظم نے عوام سے یہ بھی کہا کہ پانچ اپریل کو رات نو بجے ہر شخص اپنے گھر کے دروازے پر یا بالکونی میں کھڑے ہوکر چراغ جلائیں اور مادر وطن کو ذہن میں رکھتے ہوئے یہ تصور کریں کہ وہ ایک ساتھ مل کرپورے ملک کو اندھیرے سے روشنی کی طرف لے جا رہے ہیں۔ ڈاکٹرعقیل نے کہاکہ وزیراعظم نے یہ بات اس لیے کہی ہے کہ روشنی مثبت سوچ، امید اور طاقت کی علامت ہے۔ انھوں نے کہاکہ مودی جی کی ان باتوں کو ہلکے میں نہیں لینا چاہیے کیونکہ کائنات کی تمام حرکات کا سر چشمہ قادرمطلق کا نور اوّل ہے اوران کی حرکت کاسبب منور کرنے کی خواہش ہے۔یہی وہ خواہش ہے جس کی وجہ سے اس نورکاعکس کائنات کے تمام ذروں پرپڑتاہے اورچاروں طرف روشنی پھیل جاتی ہے۔ اس سے جو تجلیات پیدا ہوتی ہیں ان کی تعداد لامحدود ہوتی ہے اور ایسی تجلیات جن کی روشنی شدید ہوتی ہے دوسری تجلیات کا سر چشمہ بن جاتی ہیں۔ ڈاکٹرعقیل نے کہاکہ ممکن ہے وزیر اعظم کے ذہن میں نور اور روشنی کا یہی فلسفہ رہا ہو اور وہ چاہتے ہوں کہ ایک ساتھ تمام ملک چراغاں کرے تاکہ اس کی شدیدروشنی کے چادر سے ملک کو ڈھک دیا جائے،جس کے نتیجے میں ہر شخص کے اندر زندگی کی نئی روح پیدا ہوجائے اوروہ خطرناک سے خطرناک وائرس کو مات دے سکے۔ اس لےے وزیراعظم کی باتوں پر سختی عمل کرنے کی ضرورت ہے اوران کی ہدایت کے مطابق ہم سبھی اتوارکی رات نوبجے پانچ منٹ کے لیے اپنے اپنے گھروں کی لائٹیں بندکردیں اورگھرکے دروازے، بالکونی سے چراغ، موم بتی، ٹارچ یاموبائل کے فلیش لائٹس جلاکرایک ساتھ پورے ملک کوروشن کرکے زندگی کاثبوت دیتے ہوئے اس خطرناک وائرس سے مل کر لڑنے کاعزمِ مصمم کریں ۔
دریں اثنا مرکزی وزیر برائے فروغ انسانی وسائل حکومت ہند عزت مآب رمیش پوکھریال نشک نے ویڈیو کانفرنسنگ کے ذریعے ہندوستان کی تمام یونیورسٹیز کے وائس چانسلر اورسرکار کے تحت خودمختار اداروں کے سربراہوں سے کہا ہے کہ وزیر اعظم عزت مآب نریندر مودی کے پیغام کو عوام تک پہنچائیں اور وزیراعظم کے مشورے پر عمل کرنے کی تلقین کریں۔


ایک تبصرہ شائع کریں

Please Select Embedded Mode To Show The Comment System.*

جدید تر اس سے پرانی