علی گڑھ، : کووِڈ-19 کی وبا کے پیش نظر ملک گیر تالا بندی کے دوران مرکزی وزارت داخلہ، حکومت ہند کی جانب سے طلبہ اور دیگر لوگوں کو ان کے گھروں تک پہنچانے کی اجازت دئے جانے کے بعد علی گڑھ مسلم یونیورسٹی (اے ایم یو) نے ایک اہم قدم اٹھاتے ہوئے ہاسٹلوں میں مقیم طلبہ کو بحفاظت ان کے گھروں تک پہنچانے کے لئے حکومت اترپردیش کے تعاون سے بسوں کا انتظام کیا ہے۔
اے ایم یو رجسٹرار مسٹر عبدالحمید آئی پی ایس نے جمعرات کو جاری ایک اہم نوٹس میں کہا کہ یکم مئی 2020 سے طلبہ کے لئے بسیں پراکٹر دفتر پر دستیاب رہیں گی۔ انھوں نے کہاکہ مئی اور جون 2020 میں چونکہ کلاسیز نہیں ہوں گی، نہ ہی امتحانات یا داخلہ امتحانات ہوں گے اس لئے طلبہ کو مشورہ دیا جاتا ہے کہ وہ اس سہولت کا فائدہ اٹھائیں ۔ انھوں نے کہاکہ علی گڑھ ضلع میں کووِڈ-19کے تعدّی میں اضافہ ہورہا ہے اور اقامتی ہالوں میں بھی تعدی کا خطرہ ہوسکتا ہے اس لئے حکومت اترپردیش کے تعاون سے طلبہ کو بحفاظت ان کے گھروں تک پہنچانے کا بندوبست کیا گیا ہے۔ مسٹر عبدالحمید نے کہاکہ ابتدائی مرحلہ میں ضلع انتظامیہ کے ذریعہ اترپردیش کے طلبہ کے لئے یہ بندوبست کیا گیا ہے اور بعد میں بہار، جموں و کشمیر، جھارکھنڈ سمیت دیگر ریاستوں کے طلبہ کے لئے بندوبست کیا جائے گا۔ انھوں نے زور دیتے ہوئے کہاکہ طلبہ اس سہولت کا فائدہ اٹھائیں کیونکہ بعد میں حالات کے مطابق شاید ایسا بندوبست نہ ہوسکے۔ انھوں نے مزید کہاکہ طلبہ کسی وضاحت کے لئے اپنے پرووسٹ، یا ڈی ایس ڈبلیو اور پراکٹر سے رابطہ کرسکتے ہیں۔