جواہر لعل نہرو میڈیکل کالج سے کووِڈ-19 کے 6مریض صحت یاب ہوکر ڈسچارج ہوئے


 
علی گڑھ: علی گڑھ مسلم یونیورسٹی کے جواہر لعل نہر ومیڈیکل کالج (جے این ایم سی) میں، جو ایک ایل-2 کووِڈ اسپتال ہے ، کووِڈ-19 کے 6 مریض گزشتہ تین دنوں میں صحت یاب ہوکر اسپتال سے ڈسچارج ہوچکے ہیں۔آج 63سال کے ایک مریض کو اسپتال سے چھٹی ملی جو دس روز پہلے کرونا وائرس سے متاثر پایا گیا تھا ۔ 
 اے ایم یو وائس چانسلر پروفیسر طارق منصور نے ڈاکٹروں کی انتھک جدوجہد اور لگن پر اطمینان کااظہار کرتے ہوئے ان کی ستائش کی ۔
 جے این ایم سی کے پرنسپل پروفیسر شاہد علی صدیقی نے بتایا کہ چار ہفتہ قبل یہاں کووِڈ-19 کے مریضوں کے لئے ایک خصوصی وارڈ فعّال کیا گیا تھا۔ انھوں نے بتایا کہ اب تک آٹھ مریض کووِڈ منفی پائے جانے کے بعد ڈسچارج کئے جاچکے ہیں اور اب یہاں سات مریض زیر علاج ہیں۔ 
 کووِڈ وارڈ میں بارہ ڈاکٹروں، بارہ نرسوں، آٹھ اٹینڈنٹ اور آٹھ صفائی ملازمین پر مشتمل چار ٹیمیں پی پی ای کِٹوں سے لیس ہوکر چوبیس گھنٹے مستعدی سے کام کررہی ہیں ۔
 میڈیکل کالج نے ٹیلی میڈیسن ٹکنالوجی سے لیس ایک مرکزی کنٹرول روم بھی بنایا ہے تاکہ کووِڈ وارڈ میں کنسلٹنٹ، ریزیڈنٹ ڈاکٹروں اور نرسنگ عملے کے ساتھ آسانی سے رابطہ قائم رکھ سکیں ۔ اس کے علاوہ میڈیکل کالج نے متعدد کمیٹیاں قائم کی ہیں جو چوبیس گھنٹے کام کرتی ہیں تاکہ مریضوں کی نگہداشت بہتر طریقہ سے ہوسکے۔ کوِوڈ کا علاج کرنے والی ٹیم کی قیادت پروفیسر شاہد علی صدیقی کررہے ہیں ، جس میں میڈیکل سپرنٹنڈنٹ پروفیسر حارث ایم خاں، پروفیسر افضال انیس، ڈاکٹر حسینی حیدر مہدی، ڈاکٹر عبید احمد صدیقی، ڈاکٹر فاطمہ خاں ،ڈاکٹر اصفیہ سلطان، ڈاکٹر ایس ایم کامل اشرف، ڈاکٹر شاد عبقری، ڈاکٹر عبدالوارث اور ڈاکٹر ضیاءصدیقی شامل ہیں ۔
 ڈپٹی میڈیکل سپرنٹنڈنٹ ڈاکٹر عبدالوارث کے مطابق بخار کی کلینک میں روزانہ 35سے 40 مریضوں کا علاج ہورہا ہے ۔ نوڈل افسر اور مائیکروبایولوجی شعبہ کے چیئرمین پروفیسر حارث ایم خاں نے بتایا کہ جے این ایم سی میں علی گڑھ، متھرا، نوئیڈا، کاس گنج، ہاتھرس، بلندشہر، آگرہ، رامپور اور ایٹہ سے موصول ہونے والے 7680 نمونوں کی جانچ ہوچکی ہے اور 185 نمونوں کو اب تک کورونا پوزیٹیو پایا گیا ہے ۔


جدید تر اس سے پرانی