جامعہ ملیہ اسلامیہ:  کووڈ-19 دواوں کے ممکنہ علاج کی نشاندہی


نوول کورونا وائرس بیماری (کووڈ-19) کے حالیہ عالمی سطح پر پھیلاو کو دیکھتے ہویے بازار میں دستیاب دوائیوں کے استعمال سے فوری طور پر موثر علاج کی ضرورت ہے ، جسے ڈرگ ریپروپزنگ کہتے ہیں۔  دواؤں کے امید افزا نتائج کی جلد شناخت کے لیے کمپیوٹر کی مدد سے دوا ڈیزائن تکنیک کا استعمال وقت کا اہم تقاضہ ہے۔  جامعہ ملیہ اسلامیہ نے اپنے سی آئی آر بی ایس سی کے بین الضابطہ تحقیق کے سنٹر میں ڈاکٹر امتیاز حسن کی لیب میں سارس-کووڈ -2 مرکزی پروٹیز پر قابل قدر کام کیا ہے ، اپنے وسیع تر تحقیق کے بعد ، ڈاکٹر حسن اور ان کی ٹیم نے اس بیماری کے لیے گلیکاپریویر اور ماراویرک کی نشاندہی کی۔  گلیکاپریویر ایک اینٹی وائرل دوا ہے جو ہیپاٹائٹس سی وائرس سے متاثرہ مریضوں کے علاج میں استعمال ہوتی ہے اور ماراویرک ایچ آئی وی 1 کے انفیکشن کو روکنے کے لئے استعمال کیا جاتا ہے۔  منظور شدہ دوائیوں کے بارے میں ایک متبادل نقطہ نظر پیش کیا گیا ہے جس میں تیزی سے ممکنہ امراض کی نشاندہی کی جاسکتی ہے اور کووڈ-19 کے خلاف موثر اور محفوظ دوائیں تیار کی جاسکتی ہیں۔  چونکہ دونوں ہی دوائیں کلینکلی طور پر محفوظ ہیں ، اس کے بعد بھی اسپتالوں میں کووڈ-19 مریضوں کے کلینیکل مینجمنٹ میں مزید استعمال کے لیے کچھ کلینیکل ٹرائلز کی ضرورت ہے۔
ڈاکٹر حسن نے بتایا ہے کہ یہ کام ان کے طلباء ڈاکٹر انس شمسی ، مسٹر تاج محمد ، اور محترمہ صالحہ انور کی کاوشوں کا نتیجہ ہے جنہوں نے لاک ڈاؤن میں بھی دن رات کام کیا۔  یہ فخر اور اطمینان کی بات ہے کہ بایو سائنس رپورٹس کے ایڈیٹر نے  اپنے جرنل کے حالیہ شمارے میں ان کی تحقیق کو سرورق کے طور پر منتخب کیا ہے۔  پورا پیپر (DOI: https://doi.org/10.1042/BSR20201256) اس لنک پر دستیاب ہے۔  ڈاکٹر حسن نے نوول کی کورونا وائرس کے خلاف ڈرگ ڈیزائن اور ڈویلپمنٹ سے متعلق تین تحقیقی تجاویز انڈین فنڈنگ ایجنسیوں کو بھی پیش کیا ہے۔
اس پروجیکٹ کے گروپ لیڈر ڈاکٹر محمد امتیاز حسن ، ایک سائنسدان ہیں جو رائل سوسائٹی آف بیالوجی ، برطانیہ (ایف آر ایس بی) کے فیلو ہونے کے ساتھ ساتھ برطانیہ (ایف آر ایس سی) کی رائل سوسائٹی آف کیمسٹری کے فیلو ہونے کااعزاز رکھتے ہیں۔  ڈھانچے کی بنیاد پر دواوں کے ڈیزائن اور دریافت کے شعبے میں ان کے  کاموں کو بین الاقوامی سطح پر سراہا گیاہے۔ ان کے بقول موجودہ مانگ کی بنیاد پر ،انھوں نے کووناڈ 19 سے لڑنے کے لئے کچھ نئی دوائیں دریافت کرنے کی خاطر کورونا پر گذشتہ تین ماہ سے اپنی تمام تر کوششیں کیں۔  اب تک انھوں نے سارس کووڈ -2 جینوم ، ساخت ، ارتقاء ، تشخیص اور معالجے سے متعلق چھ مختلف مقالے بین الاقوامی جرائد میں شائع کروائے ہیں۔  انہوں نے کہا کہ اس وقت تک میڈیا کو یہ باتیں نہیں بتائی جاسکتی تھیں جب تک کہ بین الاقوامی جائزہ نگاروں اور ایڈیٹرز کی منظوری نہیں دی جاتی اور ان کے مقالات شائع نہیں ہو جاتے،  ڈاکٹر حسن کو  اپنی تحقیق میں مزید پیش رفت کے لیے حکومت ہند سے گرانٹ کی منظوری کی امیدیں ہیں جو ہندوستان میں اور پوری دنیا میں کووڈ-19 مریضوں کے علاج کے لیے ایک سنگ میل سے کم نہیں ہوگی۔


جدید تر اس سے پرانی