کووڈ 19 انفکشن پر موثر کنٹرول کے لئے مزیداحتیاط کی ضرورت: وزیر اعلیٰ

 



مہاجرمزدوروں/کارکنوں کے ساتھ اچھے سلوک کی ہدایت
میڈیکل کالجوں کی سبھی سرگرمیوں کومزید موثر بنایا جائے
لکھنؤ
وزیر اعلیٰ یوگی آدتیہ ناتھ نے کہا کہ کووڈ 19 انفکشن پر موثر کنٹرول کے لئے مزید احتیاط برتنے کی ضرورت ہے۔انہوں نے ایل 1، ایل 2اور ایل 3کووڈاسپتالوں میں 20مئی 2020 سے 25000اضافی بیڈ کا بندوبست کرنے کی ہدایت دیتے ہوئے کہا کہ اس بات کی یقین دہانی کرائی جائے کہ ماہ کے آخر تک کووڈ اسپتالوں میں 01لاکھ بیڈ مہیا ہو جائیں۔
 وزیر اعلیٰ آج یہاں اپنی سرکاری رہائش گاہ پر ایک اعلی سطحی میٹنگ میں لا ک ڈاؤن بندوبست کا جائزہ لے رہے تھے۔انہوں نے کہا کہ میڈیکل انفکشن پر موثر کنٹرول کے ساتھ ساتھ یہ بھی یقینی بنانا ضروری ہے کہ منڈیوں کے ذریعے انفکشن کسی بھی حالت میں پھیلنے نہ پائے۔آئندہ 10دنوں میں باہر سے ریاست میں کثیر تعداد میں کارکن /مزدور آئیں گے۔تو ہر سطح پر خصوصی احتیاط برتتے ہوئے پوری جوابدہی کے ساتھ کام کیا جائے۔
 وزیر اعلیٰ نے کوارنٹین سینٹر میں صفائی کے بہتربندوبست کی ہدایت دی۔انہوں نے کہا کہ کمیونٹی کچن نظام کو مزید موثر اور مستحکم بنایا جائے۔ہوم کوارنٹین کے لئے گھر بھیجے جانے والے مہاجر کارکنوں /مزدوروں کو راشن کٹ دستیاب کرائی جائے۔بے سہارا لوگوں کو راشن کٹ کے ساتھ ساتھ ایک ایک ہزار روپئے گزر بسر بھتہ بھی دیا جائے۔
 وزیر اعلیٰ نے ہدایت دی کہ اس بات کی یقین دہانی کرائی جائے کہ کوئی بھی پیدل یا سائیکل یا موٹر سائیکل وغیرہ سے سفر نہ کرئے۔ایسے لوگ جہاں بھی ملیں انہیں وہیں روک کر ان کا نام پتہ اور دیگر تفصیلات درج کرتے ہوئے میڈیکل چیک اپ کے بعد ان کے ضلع میں بھیجنے کا بندوبست کیا جائے۔اس بات کی یقین دہانی کرائی جائے کہ ایسے لوگوں کا کوارنٹین سینٹر میں ٹیسٹ ضرور کیا جائے۔انہوں نے مہاجر مزدوروں /کارکنوں کے ساتھ ہر سطح پراچھا سلوک کئے جانے کی ہدایت دی۔
 وزیر اعلیٰ نے سبھی گرام پنچایتوں اوربلدیاتی اداروں کے وارڈو میں نگرانی کمیٹیاں تشکیل دینے کی ہدایت دی۔انہوں نے کہا کہ نگرانی کمیٹیوں کی جانب سے اس بات کی یقین دہانی کرائی جائے کہ کوئی بھی بیرونی شخص اگر چوری چھپے ان کے علاقے میں آئے تو وہ انتظامیہ کو مطلع کریں۔
 وزیر اعلیٰ نے کہا کہ ریاست میں رہنے والے مہاجر کارکنوں کو ان کی رضامندی سے ان کے وطن بھیجا جا رہا ہے۔انہوں نے ریاست سے بھیجے جانے والے ایسے مہاجر کارکنوں کی ضلع وار فہرست تیار کرنے کی ہدایت دی۔ انہوں نے کہا کہ ریاست سے نیپال کے جو لوگ واپس جانا چاہتے ہیں، ان کی واپسی کا بندوبست کیا جائے، اور جو لوگ یہاں رکنا چاہتے ہیں، ان کے لئے ضروری بندوبست یقینی بنایا جائے۔
 وزیر اعلیٰ نے کہا کہ صنعتی یونٹوں کے کارکنوں کو کام پر جانے کے لئے حوصلہ افزائی کی جائے۔یہ بھی یقینی بنایا جائے کہ صنعتی یونٹوں کے کارکنوں سمیت تمام اہلکاروں کو لاک ڈاؤن مدت کا اعزازیہ اداکیا جائے۔
 وزیر اعلیٰ نے کہا کہ مختلف ریاستوں سے ریاست واپس آ ئے مزدوروں کارکنوں کے لئے قائم کوارنٹین سینٹر،  کمیونٹی کچن کے انتظامات میں متعلقہ ضلع مجسٹریٹ کو تعاون دینے کے لئے سبھی75اضلاع میں آئی اے ایس اور سینئر پی سی ایس افسران کو نامزد کیا گیا ہے۔ان افسران کو کوارنٹین سینٹر پرصاف صفائی سے متعلق کاموںکے تال میل کی ذمہ داری بھی دی ہے۔
 وزیر اعلیٰ نے کہا کہ میڈیکل کالجوں کی سبھی سرگرمیوں کومزید موثر بنایا جائے۔سبھی کووڈ اور نان کووڈاسپتالوں کے لئے مختلف انچارج نامزد کئے جائیں۔پی پی ای کٹ، این 95ماسک، سینٹائزر سمیت سبھی تحفظاتی اشیاء کی وافر دستیابی یقینی بنائی جائے۔ڈاکٹروں سمیت سبھی میڈیکل اسٹاف کی انفکشن تحفظ سے متعلق ٹریننگ مسلسل جاری رکھی جائے۔
 اس موقع پر وزیر طبی تعلیم جناب سریش کھنہ،وزیر صحت جناب جے پرتاپ سنگھ،وزیر مملکت برائے صحت جناب اتل گرگ، چیف سکریٹری جناب آرکے تیواری، زرعی پیداوار کمشنر جناب آلوک سنہا، کمشنر برائے انفرااسٹرکچر اور صنعتی ترقی جناب آلوک ٹنڈن، ایڈیشنل چیف سکریٹری اطلاعات و داخلہ جناب اونیش کمار اوستھی، ایڈیشنل چیف سکریٹری مالیات جناب سنجیو کمار متل، ایڈیشنل چیف سکریٹری ریونیومحترمہ رینوکا کمار، پولیس ڈائریکٹر جنرل جناب ہتیش سی اوستھی، پرنسپل سکریٹری طبی تعلیم ڈاکٹر رجنیش دوبے،پرنسپل سکریٹری صحت جناب امت موہن پرساد، پرنسپل سکریٹری وزیر اعلیٰ جناب ایس پی گوئل اورجناب سنجے پرساد، پرنسپل سکریٹری ایم ایس ایم ای نونیت سہگل، پرنسپل سکریٹری دیہی ترقیات اورپنچایتی راج جناب منوج کمار سنگھ، پرنسپل سکریٹری غذا ورسد محترمہ نویدیتا شکلا ورما،پرنسپل سکریٹری زراعت ڈاکٹردیویش چترویدی،پرنسپل سکریٹری مویشی پروری جناب بھونیش کمار، سکریٹری وزیر اعلیٰ جناب آلوک کمار، انفارمیشن ڈائریکٹر جناب ششر سمیت دیگر سینئر افسران موجود تھے۔


ایک تبصرہ شائع کریں

Please Select Embedded Mode To Show The Comment System.*

جدید تر اس سے پرانی