علی گڑھ، : علی گڑھ مسلم یونیورسٹی (اے ایم یو)کے تقریباً 1300 طلبہ و طالبات آج خصوصی ٹرین سے بہار کے لئے روانہ ہوئے۔ چونکہ مئی اور جون میں امتحانات نہیں ہونے ہیں اور طلبہ رمضان اور عید کی وجہ سے اپنے گھروں کو جانا چاہتے تھے اس لئے وائس چانسلر پروفیسر طارق منصور نے ریلوے حکام سے بات چیت کی اور پورنیہ، بہار کے لئے خصوصی ٹرین کا بندوبست کرایا۔
یونیورسٹی پراکٹر پروفیسر ایم وسیم علی نے بتایا کہ پراکٹر دفتر پر ٹرین سے جانے والے طلبہ و طالبات کی اسکریننگ اور ان کا میڈیکل چیک اپ کیا گیا۔ ڈی ایس ڈبلیو پروفیسر مجاہد بیگ جو کمیونٹی میڈیسن شعبہ کے چیئرمین بھی ہیں انھوں نے طلبہ و طالبات کی اسکریننگ کے لئے ڈاکٹروں کی ڈیوٹی لگائی تھی۔
ٹرین میں طلبہ و طالبات کے ساتھ ان کے تحفظ کے لئے جی آر پی کے جوان بھی گئے ہیں۔
اس سے قبل وائس چانسلر پروفیسر طارق منصور نے سبھی اقامتی ہالوں کے پرووسٹوں کو ہدایت دی تھی کہ وہ خصوصی ٹرین سے جانے والے طلبہ و طالبات کے لئے افطار، رات کے کھانے اور سحری کا معقول بندوبست کریں۔