علی گڑھ،: علی گڑھ مسلم یونیورسٹی (اے ایم یو) کے جواہر لعل نہرو میڈیکل کالج میں اس بات کو یقینی بنایا جارہا ہے کہ کورونا وائرس کے علاوہ دیگر بیماریوں میں مبتلا افراد کو بھی طبی سہولیات فراہم کی جائیں اور انھیں لاک ڈاو ¿ن کے دوران مایوس ہوکر نہ لوٹنا پڑے۔
گزشتہ ایک ہفتہ میں جواہر لعل نہرو میڈیکل کالج میں 837 غیر کووِڈ مریضوں کا علاج کیا گیا ۔ اس میں سے 297 مریضوں کو بھرتی کیا گیا اور 297 کی مختلف جانچیں کی گئیں۔ امراض خواتین و زچگی شعبہ میں 56 آپریشن کئے گئے اور وارڈوں میں 126 مریضوں کو بھرتی کیا گیا ۔ڈپٹی میڈیکل سپرنٹنڈنٹ ڈاکٹر عبدالوارث کے مطابق بخار کلینک میں ہر دن چالیس سے پچاس مریضوں کو دیکھا جارہا ہے ۔
جواہر لعل نہرو میڈیکل کالج کے پرنسپل پروفیسر شاہد علی صدیقی نے کہا ”چونکہ غیرکووِڈ مریضوں کو اس وقت دشواریوں کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے اس لئے ہم اس امر کو یقینی بنانا چاہتے ہیں کہ وہ لازمی صحت خدمات سے محروم نہ رہیں“۔ انھوں نے کہاکہ میڈیکل کالج میں ٹیلی کنسلٹنسی کی سہولت گرچہ کہ دستیاب ہے مگر سبھی مریض اس سہولت سے فائدہ نہیں اٹھاسکتے اور کچھ بیماریوں میں طبی معائنہ کی ضرورت بھی ہوتی ہے ۔
اسی اثناءمیڈیکل کالج کے آئیسولیشن وارڈ سے ایک 17 سالہ لڑکے کو آج ڈسچارج کیا گیا، جس کا علاج پروفیسر ایس اے خاں، ڈاکٹر روحی خاں اور ڈاکٹر رضوان احمد نے کیا۔ فی الوقت کووِڈ وارڈ میں 17مریض بھرتی ہیں اور 22 مریضوں کو یا تو مکمل طور سے صحت یاب ہونے کے بعد ڈسچارج کردیا گیا ہے یا علاج کے بعد انھیں ایل ون اسپتال میں منتقل کردیا گیا ہے ۔ اس سے قبل دو اور کووِڈ-19 مریضوں کو ڈسچارج کیا گیا تھا جن کا علاج پروفیسر زیڈ احمد، پروفیسر ایف ایس حق، ڈاکٹر امة البنین، ڈاکٹر ایم اسلم اور ڈاکٹر اویس اشرف نے کیا۔
وائس چانسلر پروفیسر طارق منصور نے کورونا وائرس سے متاثرین کے صحت یاب ہونے پر مسرت و اطمینان کا اظہار کیا اور ڈاکٹر وں و صحت عملہ کی کاوشوں کو سراہا۔
اسی اثناءمیڈیکل کالج میں کورونا وائرس کی مفت جانچ جاری ہے اور نوڈل افسر پروفیسر حارث ایم خاں (چیئرمین، شعبہ ¿ مائیکروبایولوجی) کے مطابق 10568نمونوں میں سے اب تک 237نمونوں کو کووِڈ پوزیٹیو پایا گیا ہے۔