وزیر اعلیٰ نے اسپتالوں اور میڈیکل کالجوں کااچانک دورہ کرنے کی ہدایت دی
کسی بھی کووڈ اسپتال میں بیڈ کی تعداد 100سے کم نہ ہو
لکھنؤ27مئی،2020
اترپردیش کے وزیر اعلیٰ یوگی آدتیہ ناتھ نے وزیرطبی تعلیم اور وزیرطب و صحت کواسپتالوں اورکالجوں کا اچانک دورہ کرنے کی ہدایت دی ہے۔انہوں نے کہا کہ انتظامات کو بہتر بنانے، عوام سے براہ راست رائے لیتے ہوئے کاموں کی حقیقت کو موقع پر پرکھنے کے لئے اچانک معائنہ کیا جائے۔ وزیر اعلیٰ نے بتایا کہ انہوں نے آج یہاں ڈاکٹررام منوہر لوہیا انسٹی ٹیوٹ کا اچانک دورہ کیا۔اس موقع پر انہوں نے عام لوگوں سے بات چیت کرتے ہوئے اسپتال کی خدمات کے سلسلہ میں معلومات حاصل کی اور ڈاکٹروں کو ضروری ہدایت بھی دی۔
وزیر اعلیٰ آج یہاں لوک بھون میں ایک اعلی سطحی میٹنگ میں لاک ڈاؤن بندوبست کا جائزہ لے رہے تھے۔انہوں نے کہا کہ ریاست کی صحت خدمات کومستحکم بنانے کے کام کو ریاستی حکومت نے کووڈ 19کے انفکشن سے نمٹنے کے لئے اسے مزید رفتار فراہم کی۔مختلف قسم کے کووڈاسپتالوں کے قیام، وہاں ڈاکٹروں سمیت ہر سطح کے تربیت یافتہ میڈیکل اسٹاف کی دستیابی، ادویات اور انفکشن سے بچاؤ کے آلات کے ساتھ ساتھ دیگر مریضوں کے لئے ٹیلی میڈیسن اور ایمرجنسی خدمات کو منظم کیا جا رہا ہے۔انہوں نے ان سبھی انتظامات کو مضبوط بنائے رکھنے کے لئے محکمہ طب و صحت اور طبی تعلیم نیز انتظامیہ کو ٹیم کے جذبے کے ساتھ کام کرنے کی ہدایت دی۔
وزیر اعلیٰ نے کہا کہ مرکز کے تعاون سے ریاستی حکومت مختلف ریاستوں سے کامگاروں /مزدوروں کو حفاظت اور احترام کے ساتھ واپسی یقینی بنا رہی ہے۔ریاست آنے والے سبھی مزدوروں / کارکنوں کی اسکریننگ کرتے ہوئے انہیں کوارنٹین سینٹر یا ہوم کوارنٹین کے لئے گھر بھیجا جائے۔ کوارنٹین سینٹر اور ہوم کوارنٹین میںصاف صفائی اور حفاظت کا مکمل بندوبست یقینی بنایا جائے۔مزدوروں / کارکنوں سمیت سبھی ضرورت مندوں کو کمیونٹی کچن کے توسط سے بھر پیٹ کھانے کا بندوبست کیا جائے۔کوارنٹین سینٹر میں کامگاروں مزدوروں کی اسکل میپنگ کرتے ہوئے ان کا موبائل نمبر اور بینک اکانٹ نمبر سمیت تمام تفصیلات مرتب کیا جائے، جس سے انہیں روزگار فراہم کرنے میں مدد مل سکے۔
وزیر اعلیٰ نے کہا کہ ہوم کوارنٹین کے لئے گھر جانے والے کامگاروں /مزدوروں کو غذائی اجناس کٹ دستیاب کرائی جائے اور ہوم کوارنٹین کے دوران انہیں ایک ہزار روپئے کا گزر بسر بھتہ ضرور فراہم کیا جائے۔
وزیر اعلیٰ نے کہا کہ ہوم کوارنٹین بندوبست کی کامیابی کے لئے نگرانی کمیٹیوں کو فعال رکھا جائے اور ان کی جانب سے کئے جا رہے سرولانس کام کی رپورٹ وزیر اعلیٰ ہیلپ لائن کے ذریعے حاصل کیا جائے۔انہوں نے نگرانی کمیٹیوں کو فعال بنانے پر زور دیتے ہوئے کہا کہ یہ کمیٹیاں گھریلو اور آمدنی سے متعلق تنازعات کو حل کرنے میں اہم کردار ادا کر سکتی ہیں۔
وزیر اعلیٰ نے ہدایت دی کہ یکم جون، 2020سے شروع ہو رہے اناج تقسیم مہم کے اگلے مرحلے کی تمام تیاریاں وقت سے مکمل کر لی جائیں۔انہوں نے کہا کہ مختلف ریاستوں سے واپس لوٹے کامگاروں /مزدوروں کو باقاعدہ اناج فراہم کرنے کے لئے جنگی پیمانے پر کام کرتے ہوئے ان کے راشن کارڈ بنائے جائیں۔ہر حالت میں اس بات کی یقین دہانی کرائی جائے کہ سبھی ضرورت مند خاندانوں کو بنیادی طور پر غذائی اجناس دستیاب ہو۔
وزیر اعلیٰ نے ہدایت دی کہ ایل 1، ایل 2اور ایل 3کووڈ اسپتالوں میں بیڈوں کی تعداد کو اس ماہ کے آخر تک بڑھاکر ایک لاکھ بیڈ کر لیا جائے۔اس بات کی یقین دہانی کرائی جائے کہ کسی بھی کووڈ اسپتال میں بیڈ کی تعداد 100سے کم نہ ہو۔پولیس، پی اے سی، فائر سروس اور ریلوے پولیس کے اہلکاروں کو انفکشن سے بچانے کے لئے سبھی حفاظتی اقدامات کئے جائیں۔
وزیر اعلیٰ نے کہا کہ ریاست کے کسانوں کو پیداوار کی مناسب اورسہارا قیمت دلانے کے لئے ریاستی حکومت نے گیہوں خریداری کا انتظام کیا ہے۔سہاراقیمت اسکیم کے تحت گیہوں خریداری مرکز قائم کئے گئے ہیں۔انہوں نے گیہوں خریداری کام کو تیزی سے انجام دینے کی ہدایت دیتے ہوئے کہا کہ زیادہ سے زیادہ کسانوں کو اس اسکیم کا فائدہ دیا جائے۔
وزیر اعلیٰ نے کہا کہ مستقبل میں جب بھی باقاعدگی سے ٹرین سروس شروع ہوگی، تب مسافروں کی اسکیننگ کے لئے اسکیم ابھی سے تیار کر لی جائے۔اس موقع پر وزیر اعلیٰ کوواقف کرایا گیا کہ ابھی تک مختلف ریاستوں سے کامگاروں /مزدوروں کو لے کر 1337ٹرینیں ریاست آ چکی ہیں اور 104ٹرینیں راستے میں ہیں۔انہیں یہ بھی بتایا گیا کہ گورکھپور میں کامگاروں /مزدوروں کو لے کر اب تک 208ٹرینیں آ چکی ہیں۔اس طرح گورکھپور ریلوے اسٹیشن پورے ملک میں سب سے زیادہ مزدور اسپیشل ٹرین ریسکیو کرنے والا اسٹیشن بن گیا ہے۔
اس موقع پر وزیر طبی تعلیم جناب سریش کھنہ،وزیر صحت جناب جے پرتاپ سنگھ،وزیر مملکت برائے صحت جناب اتل گرگ، چیف سکریٹری جناب آرکے تیواری، زرعی پیداوار کمشنر جناب آلوک سنہا، کمشنر برائے انفرااسٹرکچر اور صنعتی ترقی جناب آلوک ٹنڈن، ایڈیشنل چیف سکریٹری اطلاعات و داخلہ جناب اونیش کمار اوستھی، ایڈیشنل چیف سکریٹری مالیات جناب سنجیو کمار متل، ایڈیشنل چیف سکریٹری ریونیومحترمہ رینوکا کمار، پولیس ڈائریکٹر جنرل جناب ہتیش سی اوستھی، پرنسپل سکریٹری طبی تعلیم ڈاکٹر رجنیش دوبے،پرنسپل سکریٹری صحت جناب امت موہن پرساد، پرنسپل سکریٹری وزیر اعلیٰ جناب ایس پی گوئل اورجناب سنجے پرساد، پرنسپل سکریٹری ایم ایس ایم ای نونیت سہگل، پرنسپل سکریٹری دیہی ترقیات اورپنچایتی راج جناب منوج کمار سنگھ، پرنسپل سکریٹری غذا ورسد محترمہ نویدیتا شکلا ورما،پرنسپل سکریٹری زراعت ڈاکٹردیویش چترویدی،پرنسپل سکریٹری مویشی پروری جناب بھونیش کمار، سکریٹری وزیر اعلیٰ جناب آلوک کمار، انفارمیشن ڈائریکٹر جناب ششر سمیت دیگر سینئر افسران موجود تھے۔