تعلیمی کیلنڈر، امتحانات ، داخلہ امتحانات، آن لائن تدریس کے سلسلہ میں اہم فیصلے کئے گئے
علی گڑھ: علی گڑھ مسلم یونیورسٹی (اے ایم یو) نے تعلیمی سال 2020-21 کو موجودہ اور نئے داخلے لینے والے طلبہ کے لئے بالترتیب یکم اگست 2020 ، اور یکم ستمبر 2020 سے شروع کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ مختلف کورسوں کے داخلہ امتحانات فی الحال جولائی یا ابتدائی اگست 2020میں کرانے کا فیصلہ کیا گیا ہے تاکہ تعلیمی سال 2020-21 کے داخلے 31اگست تک مکمل ہوجائیں۔
یہ فیصلہ وائس چانسلر پروفیسر طارق منصور کی صدارت میں یونیورسٹی کی مختلف فیکلٹیوں کے ڈین اور دیگر حکام کی مشاورتی میٹنگ میں کیا گیا جس میں تعلیمی سال 2019-20 ، اور 2020-21 کے کیلنڈر، آن لائن تدریس اور یونیورسٹی امتحانات کے انعقاد کے سلسلہ میں بھی فیصلے کئے گئے۔
میٹنگ کے آغاز میں پروفیسر طارق منصور نے زور دیتے ہوئے کہاکہ کووِڈ-19کے باعث پیدا ہونے والے حالات اور ملک گیر تالابندی کے دوران طلبہ و طالبات کے تعلیمی مفاد کے تحفظ کو اولیت دی جانی چاہئے ۔ انھوں نے امتحانات اور تعلیمی کیلنڈر کے سلسلہ میں یوجی سی کی رہنماہدایات کا بھی ذکر کیا۔
یونیورسٹی میں آن لائن تدریس کو بڑھانے کے لئے یہ فیصلہ کیا گیا کہ متعلقہ اساتذہ کے ذریعہ ای-مواد، ای -لیب تجربات تیار کئے جائیں گے اور انھیں ویب سائٹ پر اپ لوڈ کیا جائے گا۔ آئی سی ٹی اور دیگر ڈجیٹل وسائل کا خاطر خواہ استعمال کیا جائے گا اور اساتذہ کوشش کریں گے کہ وہ نصاب کا پچیس فیصد حصہ آن لائن تدریس سے پورا کریں اور 75فیصد روایتی تدریس سے پورا کریں ۔ ہر طالب علم کو ایک استاد مشیر کے طور پر فراہم کیا جائے گا جو طلبہ سے مسلسل رابطہ رکھے گا۔
کنٹرولر امتحانات مسٹر مجیب اللہ زبیری نے بتایا کہ یہ بھی فیصلہ کیا گیا کہ تعلیمی سال 2019-20 کے لئے آن لائن تدریس 31مئی 2020 تک جاری رہے گی اور یکم جون سے 15جون 2020کے وقفہ کو پروجیکٹ ورک، مقالہ، ای-لیب، نصاب کی تکمیل، رپورٹ وغیرہ کے لئے استعمال کیا جائے گا۔ تالا بندی کی مدت کو سبھی طلبہ کے لئے حاضری سمجھا جائے گا اور اسی کے مطابق ان کی حاضری کو شمار کیا جائے گا۔ موجودہ تعلیمی سال کے لئے لگاتار امتحانی جانچ کو 70فیصد وزن دیا جائے گا اور فائنل امتحان کو 30فیصد وزن دیا جائے گا۔
جُفت سمسٹر 2019-20میں مختلف کورسوں کے طلبہ کے فائنل امتحانات یکم جولائی 2020سے آف لائن طریقہ سے ہوں گے جس میں سماجی فاصلہ کی برقراری کے اصول پر عمل کیا جائے گا اور درمیانی سمسٹر کے طلبہ کو اگلے سمسٹر میں پروموٹ کیا جائے گا۔ ان کے امتحانات بشمول لیباریٹری امتحانات آف لائن طریقہ سے متعلقہ شعبے اور فیکلٹیاں، کنٹرولر دفتر سے مشاورت کے بعد منعقد کریں گی۔ کسی مضمون میں فیل یا غیرحاضر طالب علم کو اگلے سمسٹر میں پروموٹ کیا جائے گا مگر اسے مضمون کا امتحان آئندہ وہ جب بھی ہوں گے پاس کرنا ہوگا۔
پی ایچ ڈی کے طلبہ کے سلسلہ میں بھی یہ فیصلہ کیا گیا کہ تالابندی کی مدت کو ان کے لئے حاضر ی سمجھا جائے گا۔ اس کے علاوہ تعلیمی سال 2019-20 میں پی ایچ ڈی میں داخلے کے لئے پرزنٹیشن و انٹرویو کو جونجولائی 2020 کے آرڈیننس کے مطابق منعقد کیا جائے گا ۔ اس میں امیدوار کو دس پندرہ دن پہلے مطلع کیا جائے گا۔
مختلف کورسوں کے داخلہ امتحانات جولائیابتدائی اگست 2020 میں کرائے جائیں گے تاکہ تعلیمی سال 2020-21 کی سبھی داخلہ کارروائی 31اگست 2020 تک مکمل ہوجائے۔
پروفیسر زبیری نے بتایا کہ یہ سبھی فیصلے حالات اور حکومت کی رہنما ہدایات پر منحصر ہیں اس لئے یہ عارضی ہیں اور ان میں ضرورت پڑنے پر تبدیلی بھی ہوسکتی ہے۔ میٹنگ میں رجسٹرار مسٹر عبدالحمید آئی پی ایس، سبھی فیکلٹیوں کے ڈین، کالجوں کے پرنسپل اور یونیورسٹی کے دیگر حکام موجود تھے۔