این سی آر کے اضلاع میں مسلسل احتیاط برتا جائے
کورونا انفکشن کنٹرول کرنے میںسرویلانس بندوبست کی اہمیت پر زور
لکھنو
اترپردیش کے وزیر اعلیٰ یوگی آدتیہ ناتھ نے کہا کہ کووڈ19 کے خلاف جنگ میں میڈیکل ٹیم کا کردار بہت اہم ہے۔ محکمہ صحت اورمحکمہ طبی تعلیم ایک ٹیم جذبے کے ساتھ کام کرتے ہوئے کرونا انفکشن پرکنٹرول کرنے کے لئے سبھی کوششوں کو یقینی بنائیں۔
وزیر اعلیٰ آج یہاں اپنی سرکاری رہائش گاہ پر ایک اعلی سطحی میٹنگ میں ان لاک بندوبست کا جائزہ لے رہے تھے۔ انہوں نے کہا کہ این سی آر کے اضلاع میں مسلسل احتیاط برتا جائے۔ میرٹھ منطقہ کے لئے ٹھوس حکمت عملی بنا کر اسپتالوں میں بیڈ کی تعداد دوگنی کردی جائے۔ ضرورت کے مطابق اضافی طبی عملہ تعینات کیا جائے۔ انہوں نے چیف سکریٹری اور پرنسپل سکریٹری صحت کو ہدایت دی کہ وہ میرٹھ منطقہ کے طبی نظام کا جائزہ لیں۔
وزیراعلیٰ نے ہدایت دی کہ کووڈ اور نان کووڈ اسپتالوں میں صاف صفائی کے بہتر انتظامات کئے جائیں۔ انہوں نے کہا کہ ان اسپتالوں میںسبھی طبی آلات فعال رکھے جائیں اور ان کی وافر تعداد میں فراہمی بھی ہونی چاہئے۔ انہوں نے کہا کہ مریضوں کی حالت کو دیکھتے ہوئے انہیں علاج کے لئے ایل 1 ،ایل2 یا ایل3 کووڈ اسپتال میں بھرتی کیا جائے۔ آکسیجن کی بلا تعطل فراہمی کے لئے ، بیک اپ کو لازمی بنایا جائے۔ اس بات کو یقینی بنایا جائے کہ مریضوں کی باقاعدہ نگرانی ڈاکٹروں ، نرسنگ اسٹاف کے ذریعہ کی جائے اور پیرامیڈیکل اسٹاف کے ذریعہ مریضوں کی مسلسل مانٹرنگ کی جائے۔ انہوں نے سبھی چیف میڈیکل افسران کو ہدایت دی کہ وہ اپنے اپنے اضلاع کے اسپتالوں کا باقاعدہ معائنہ کریں۔
کورونا انفکشن پر کنٹرول کرنے کے لئے ایک مستحکم سرویلانس بندوبست کی اہمیت پر زور دیتے ہوئے وزیر اعلی نے کہا کہ اس کام کے لئے دیہی اور شہری علاقوں میں مانیٹرنگ کمیٹیوں کو فعال رکھا جائے۔ کمیٹی کے ممبروں سے ان کے کاموں کے بارے میں معلومات حاصل کرنے کے لئے مسلسل رابطہ برقرار رکھاجائے۔
وزیراعلیٰ نے کووڈ19 انفکشن کی روک تھام کے لئے عوام کوبیدار کئے جانے کی ہدایت دی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ایک متاثرہ شخص بہت سے افراد کو متاثر کرسکتا ہے۔ اس لئے لوگوں کوبیدار کیا جائے کہ اگر کورونا کی علامات نظر آتی ہیں تو ، وہ اسے چھپانے کی کوشش نہ کریں ، بلکہ فوراً طبی مشورہ حاصل کریں۔
وزیر اعلی نے کہا کہ کاشتکاروں سے خریدے گئے گیہوںکے محفوظ ذخیرہ اندوزی کے سبھی انتظامات کئے جائیں۔ بارش کے موسم کو دیکھتے ہوئے ، اس بات کو یقینی بنایا جائے کہ خرید ے گئے گیہوں کو کھلے میں نہ رکھا جائے ۔
اس موقع پروزیر طبی تعلیم جناب سریش کھنہ،وزیر صحت جناب جے پرتاپ سنگھ،وزیر مملکت برائے صحت جناب اتل گرگ، چیف سکریٹری جناب آر کے تیواری ، بنیادی سہولیات اور صنعتی ترقیات کمشنر جناب آلوک ٹنڈن ، زراعی پیدوارکمشنر جناب آلوک سنہا ، ایڈیشنل چیف سکریٹری اطلاعات و داخلہ جناب اوونیش کمار اوستھی ، ایڈیشنل چیف سکریٹری ریونیومحترمہ رینوکا کمار ، ایڈیشنل چیف سیکرٹری مالیات جناب سنجیومتل ، ڈائریکٹر جنرل آف پولیس جناب ہیتش سی اوستھی، پرنسپل سیکرٹری صحت جناب امت موہن پرساد ، پرنسپل سیکرٹری طبی تعلیم جناب رجنیش دوبے ، وزیر اعلیٰ کے پرنسپل سکریٹری جناب ایس پی گوئل اور جناب سنجے پرساد ، پرنسپل سکریٹری ایم ایس ایم ای جناب نونیت سہگل ، پرنسپل سکریٹری زراعت جناب دیویش چترویدی ، وزیر اعلیٰ کے سکریٹری جناب آلوک کمار ، ڈائریکٹر اطلاعات جناب ششر اور دیگر سینئر افسران موجود تھے۔