اے ایم یو کے فائن آرٹس شعبہ کی طالبات نے بین الاقوامی ورچوئل آرٹس نمائش میں حصہ لیا



علی گڑھ: علی گڑھ مسلم یونیورسٹی (اے ایم یو)کے فائن آرٹس شعبہ کی طالبات نے ملک گیر تالابندی کے دوران اپنے وقت کا درست استعمال کیا اور اپنی فنّی و تخلیقی صلاحیتوں کا ثبوت دیتے ہوئے بین الاقوامی ورچوئل آرٹس نمائش میں حصہ لیا جہاں ان کے آرٹس ورک کی بخوبی پذیرائی کی گئی۔ 
 اپنی نوعیت کی اس پہلی نمائش میں شعبہ کی سات طالبات نغمہ شمیم، رُحمہ، سِدرہ رضوی، رخسانہ انصاری، صدف خاتون، دِوّیا ورما اور زینب چودھری نے حصہ لیا جس کا انعقاد ایسوسی ایشن آف ورلڈ آرٹسٹس نے مئی میں کیا تھا۔ اس نمائش کا موضوع تھا ”بھائی چارہ اور رواداری کا پُل“ جس میں 26ملکوں کے فنکار شامل ہوئے اورانھوں نے اپنے آرٹس ورک کی نمائش کی۔ 
 اے ایم یو کے فائن آرٹس شعبہ کی چیئرپرسن پروفیسر بدر جہاں نے اس موقع پر کہاکہ کورونا وائرس کی وبا کے وقت آرٹس گیلریوں میں آرٹس نمائش کا انعقاد ممکن نہیں ہے اس لئے ورچوئل نمائش ہی اس وقت موزوں ہے۔ انھوں نے کہاکہ آرٹ نمائش کے منتظمین موجودہ وقت میں ورچوئل طریقہ سے نمائش کا اہتمام کررہے ہیں اور مذکورہ بالا نمائش میں شرکت کے لئے اے ایم یو کی طالبات کو بھی مدعو کیاگیا تھا جس کا انھوں نے بخوبی فائدہ اٹھایا۔ پروفیسر بدر جہاں نے مزید کہاکہ ان طالبات کی لگن سے دیگر طلبہ و طالبات کو بھی تحریک ملے گی اور وہ اپنی تخلیقی و فنی صلاحیتوں کا مظاہرہ کرنے کے لئے نئے مواقع کا استعمال کریں گے۔ 


ایک تبصرہ شائع کریں

Please Select Embedded Mode To Show The Comment System.*

جدید تر اس سے پرانی