اے ایم یو کی لائف سائنس فیکلٹی نے حاصل کی بڑی کامیابی



 بین الاقوامی رینکنگ میں اوّل مقام حاصل ہوا
علی گڑھ: علی گڑھ مسلم یونیورسٹی (اے ایم یو)نے اپنے صدی سال میں ایک نئی تاریخ رقم کی ہے۔ اے ایم یو کی فیکلٹی آف لائف سائنسز کو اعلیٰ تعلیمی اداروں کی درجہ بندی کرنے والی مشہور بین الاقوامی ایجنسی ٹائمز ہائر ایجوکیشن رینکنگ -2020 نے اوّل مقام عطا کیا ہے ۔
 ہندوستانی اعلیٰ تعلیمی اداروں میں حوالہ جات کے زمرہ میں اے ایم یو کی فیکلٹی آف لائف سائنسزکو 71.8 کا اسکور حاصل ہوا ، چنانچہ بنارس ہندو یونیورسٹی، دہلی یونیورسٹی، جامعہ ملیہ اسلامیہ، جواہر لعل نہرو یونیورسٹی اور انّاملائی یونیورسٹی سمیت دیگر یونیورسٹیوں سے اے ایم یو کی فیکلٹی آف لائف سائنسز فائق ثابت ہوئی۔ اے ایم یو کو انڈین انسٹی ٹیوٹس آف ٹکنالوجی (آئی آئی ٹی) سے بھی بلند مقام حاصل ہوا ہے اور صرف انڈین انسٹی ٹیوٹ آف سائنس، بنگلور اس سے آگے ہے۔ 
 وائس چانسلر پروفیسر طارق منصور نے اس حصولیابی پر مسرت کا اظہار کرتے ہوئے کہاکہ اے ایم یو کے صدی سال میں یہ حصولیابی باعث فخر ہے ۔ انھوں نے فیکلٹی آف لائف سائنسز کے اساتذہ، مختلف شعبہ جات کے سربراہان اور دیگر اساتذہ کو مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہا کہ یہ ہمارے اساتذہ کی محنت و لگن اور ان کی علمی و تحقیقی کاوشوں اور معیاری اشاعتوں کا نتیجہ ہے۔ وائس چانسلر نے کہاکہ اس کامیابی سے پوری یونیورسٹی برادری کا سر فخر سے اونچا ہوا ہے۔ 
 پروفیسر منصور نے مزید کہا کہ اے ایم یو اعلیٰ معیار کی حامل ایک ممتاز یونیورسٹی ہے جہاں تدریس و تحقیق کا معیار بلند ہے اور ٹائمز ہائر ایجوکیشن کی تازہ رینکنگ سے پوری دنیا کے طلبہ کو اپنے تعلیم و کیریئر کے سلسلہ میں مناسب انتخاب کرنے میں مدد ملے گی۔ 
 قابل ذکر ہے کہ تدریس و تحقیق، حوالہ جات، بین الاقوامی اشتراک اور اشاعتوں سمیت دیگر مختلف معیارات پر اے ایم یو کو پرکھا گیا تھا ۔ ٹائمز ہائر ایجوکیشن رینکنگ اوراس طرح کی دیگر بین الاقوامی درجہ بندیوں سے تعلیمی و تحقیقی اداروں کو فنڈنگ میں مدد ملتی ہے اور طلبہ و طالبات کے لئے ملازمت کے امکانات روشن ہوتے ہیں۔ 


ایک تبصرہ شائع کریں

Please Select Embedded Mode To Show The Comment System.*

جدید تر اس سے پرانی