علی گڑھ، : علی گڑھ مسلم یونیورسٹی (اے ایم یو) کے سوشل ورک شعبہ نے ایسو سی ایشن آف میوچول فنڈس اِن انڈیا (اے ایم ایف آئی) اور سیکورٹیز اینڈ ایکسچینج بورڈ آف انڈیا (سیبی) کے اشتراک سے ”کووِڈ-19 کے دوران اور اس کے بعد پرسنل فائننس کا بندوبست کرنے کی حکمت عملی“ موضوع پر ایک ویبینار کا انعقاد کیا۔
ویبینار کے افتتاحی سیشن کی صدارت کرتے ہوئے اے ایم یو وائس چانسلر پروفیسر طارق منصور نے کہاکہ ایک غیرمعمولی بحران کے دور میں جب لوگ سرمایہ کاری اور اس سے متعلق معاملات کو لے کر تشویش میں مبتلا ہیں، اس طرح کے پروگرام کا انعقاد لائق ستائش ہے جس سے لوگوں کو بہت فائدہ ہوگا۔ انھوں نے کہاکہ کووِڈ-19 جیسی وبا کے دور میں مالی منصوبہ بندی بہت ضروری ہے جس سے درست حکمت عملی بنانے میں مدد ملے گی۔ وائس چانسلر نے کہاکہ تبدیل شدہ حالات میں ہمیں اپنے روایتی طرز عمل کو چھوڑ کر نئے سرے سے سوچنا اور قدم آگے بڑھانا ہوگا جس میں ماہرین کا اہم رول ہے۔
فیکلٹی آف سوشل سائنسز کے ڈین پروفیسر اکبر حسین نے شرکاءکا خیرمقدم کرتے ہوئے موضوع کا تعارف کرایا۔ انھوں نے کہا کہ مالی اعتبار سے لوگوں کی خود مختاری میں مالی منصوبہ بندی کا بنیادی کردار ہے۔ انھوں نے کہاکہ کووِڈ-19 نے بچت اور سرمایہ کاری کے طور طریقوں کو پوری طرح سے تبدیل کردیا ہے اور مستقبل کو لے کر بہت سی تشویشات ہیں۔
اے ایم ایف آئی نارتھ انڈیا کے سینئر کنسلٹنٹ مسٹر سوریہ کانت شرما نے کلیدی خطبہ پیش کرتے ہوئے سرمایہ کاری کے مختلف متبادلوں پر روشنی ڈالی۔ انھوں نے کہاکہ درست مالی منصوبہ بندی سے سماجی و مالی اہداف کے حصول میں آسانی ہوگی اور ذمہ داریوں کی انجام دہی میں مشکل نہیں درپیش آئے گی۔ انھوں نے میوچول فنڈ سمیت سرمایہ کاری کی دیگر اسکیموں اور متبادل کا تفصیل سے ذکر کیا۔
سیبی کی اے جی ایم مس لکشمی اے رامپور والا نے کہاکہ مالی بیداری کے لئے اس طرح کے پروگراموں کو سیبی نے ہمیشہ اپنا تعاون دیا ہے اور موجودہ وقت میں ویبینار کے ذریعہ اس مشن کی تکمیل کی جارہی ہے جو موجودہ وقت کی ضرورت ہے۔ انھوں نے کہاکہ دیہی علاقوں اور کمزور طبقات میں بیداری پھیلانے میں سوشل ورک کا خاص کردار ہے تاکہ مالی عدم تحفظ کے سلسلہ میں ان کی تشویش دور ہو۔
سوشل ورک شعبہ کے سربراہ ڈاکٹر نسیم احمد خاں نے وائس چانسلر سمیت سبھی معززین، ریسورس پرسنس، ڈائرکٹر کمپیوٹر سنٹر اور شرکاءکا شکریہ ادا کیا۔