نئی دہلی:بین الاقوامی یومِ یوگ کے موقعے پر قومی کونسل برائے فروغِ اردو زبان کے ڈائریکٹر شیخ عقیل احمد ڈیجیٹل طور پر یوگ سے جڑے۔قابل ذکر ہے کہ اس سال کووڈ۔19کی وجہ سے وزیر اعظم نریندر مودی نے عالمی یومِ یوگ کو اپنے اپنے گھروں میں اور اپنے اہل خانہ کے ساتھ منانے کی اپیل کی تھی اوراقوامِ متحدہ کی جانب سے اس سال ’یوگ صحت کے لیے‘اور ’یوگ کنبے کے ساتھ‘ یومِ یوگ کا تھیم قرار دیا گیا تھا۔ اس موقع پر ڈاکٹر عقیل نے یوگ کی اہمیت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ ہمیں یوگ کو اپنے معمولات کا حصہ بناناچاہےے کیونکہ یوگ ایک بہترین ورزش ہے ،جو نہ صرف ہمارے نظامِ صحت کو درست رکھتی ہے بلکہ بہت سی بیماریوں سے لڑنے کے لےے ہماری قوتِ مدافعت کو بھی مضبوط کرتی ہے۔ یومِ یوگ پر پورے ملک کے عوام کے تئیں اپنی نیک خواہشات کا اظہار کرتے ہوئے انھوں نے کہا کہ یوگ ہمارے جسم، ہماری سوچ اور ہماری روح کو پر سکون رکھنے کا اہم ذریعہ ہے۔ یہ جسم اور دماغ کو ایک اصول میں پیوست کر کے زندگی کو سکون اور توازن سے ہمکنار کرتا ہے۔ زندگی کی الجھنوں گھٹن پریشانیوں اور بے چینیوں کے درمیان آپ کو اطمینان اور سکون کے احساس سے جوڑنے میں یوگ مددگار ہوتا ہے۔انھوں نے کہا کہ یوگا ہماری قدیم ہندوستانی روایات کا ایک انمول تحفہ ہے۔ یوگا ذہن و جسم ، فکر و عمل میں وحدت پیدا کرتا ہے جو ہماری صحت وسلامتی کے لیے بہت قیمتی ہے۔ یوگا صرف ورزش نہیں ہے، یہ اپنے آپ اور دنیا و فطرت کے ساتھ ہم آہنگ ہونے کے احساس کودریافت کرنے کاایک طریقہ ہے۔ این سی پی یو ایل کے ڈائریکٹر شیخ عقیل احمد نے کہا کہ آج کے مشکل دور میں گھر پر رہتے ہوئے آپ یوگ کر کے ذہنی و نفسیاتی گھبراہٹ کو دور بھگا سکتے ہیں اور اپنے جسم میں لچک کے ساتھ طاقت اور دماغ میں خود اعتمادی بھر سکتے ہیں۔انھوں نے کہاکہ یوگ اپنی معنویت و افادیت کے اعتبار سے ساری دنیا کو متحد کرتا ہے اور خصوصاً خوفناک وبا کے موجودہ دور میں ہمارے اندر اس سے لڑنے اور اپنے آپ کو محفوظ رکھنے کی قوت و حوصلہ عطا کرتا ہے۔