علی گڑھ: اسٹیٹ بینک آف انڈیا کے میڈیکل کالج برانچ نے علی گڑھ مسلم یونیورسٹی (اے ایم یو)کے جواہر لعل نہرو میڈیکل کالج (جے این ایم سی) کو پانچ وینٹی لیٹر عطیہ کئے ہیں۔
جے این ایم سی کے پرنسپل اور چیف میڈیکل سپرنٹنڈنٹ پروفیسر شاہد علی صدیقی نے یہ عطیہ قبول کرتے ہوئے کہا کہ کووِڈ-19کے خلاف لڑائی میں یہ ضروری ہے کہ سبھی مل کر کام کریں اور ملک کو اس بحران کی گھڑی سے باہر نکالیں۔
جے این ایم سی کے میڈیکل سپرنٹنڈنٹ پروفیسر حارث ایم خاں نے کہا ”کووِڈ-19 کی وبا نے صحت عامہ کے لئے بڑا خطرہ پیدا کیا ہے اور مشترکہ تعاون سے ہی اس خطرہ سے نپٹا جاسکتا ہے“۔
مسٹر شیلیندر کمار (ڈپٹی جنرل منیجر، ایس بی آئی آگرہ زون)، دِویش متل (علاقائی منیجر، ایس بی آئی علی گڑھ)، اے کے سنگھ (چیف منیجر، ایس بی آئی آگرہ زون)، وندنا سنگھ (چیف منیجر، ایس بی آئی علی گڑھ، میڈیکل کالج برانچ)، سُرکشا آنند کمار (ایس بی آئی علی گڑھ) اور چیتن پچوری (ایس بی آئی علی گڑھ) نے یہ وینٹی لیٹر میڈیکل کالج کے اہلکاروں کو پیش کئے۔
اے ایم یو کے کمپیوٹر انجینئرنگ شعبہ اور سیمسنگ کے درمیان معاہدہ
علی گڑھ: علی گڑھ مسلم یونیورسٹی (اے ایم یو) نے اپنے کمپیوٹر انجینئرنگ شعبہ کی طرف سے سیمسنگ ریسرچ اینڈ ڈیولپمنٹ انسٹی ٹیوٹ ، بنگلورو کے ساتھ ایک مفاہمت نامہ (ایم او یو) پر دستخط کئے ہیں۔ طلبہ کے ذہنوں کو متحرک و فعال بنانے کے پروگرام کے تحت ہوئے اس مفاہمت نامہ سے دونوں اداروں کے درمیان صنعتی و اطلاقی تحقیق اور انجینئرنگ کے شعبوں سمیت باہمی دلچسپی کے موضوعات میں تعاون ہوسکے گا ۔
مفاہمت نامہ میں یہ طے پایا ہے کہ کمپیوٹر انجینئرنگ شعبہ سمیت اے ایم یو کے دیگر انجینئرنگ شعبے ، سیمسنگ انسٹی ٹیوٹ کے ساتھ مل کر آرٹیفیشیئل انٹلی جنس، 5 جی کمیونکیشن، انٹرنیٹ آف تھِنگس اور ملٹی میڈیا کے میدانوں میں مشترکہ ریسرچ کریں گے۔ اس سے اے ایم یو کے طلبہ کومعاصر صنعتوں میں رائج پریکٹسیز کی معلومات ہوگی، ساتھ ہی اساتذہ اور طلبہ سیمسنگ میں ریسرچ و ڈیولپمنٹ انجینئروں کے ساتھ صنعتی پروجیکٹوں پر کام کریں گے۔
قابل ذکر ہے کہ سیمسنگ نے ملک کے صرف چنندہ تعلیمی اداروں کے ساتھ ہی ریسرچ اور ڈیولپمنٹ کے لئے معاہدے کئے ہیں۔