ایڈوانسڈ سنٹر فار ویمنس اسٹڈیز کے رسالے کے خصوصی شمارہ کا اجرائ

 



علی گڑھ : علی گڑھ مسلم یونیورسٹی (اے ایم یو) کے وائس چانسلر پروفیسر طارق منصور نے ایڈوانسڈ سنٹر فار ویمنس اسٹڈیز کے انگریزی رسالے ”ویمن اینڈ سوسائٹی“کے خصوصی شمارے کا آج آن لائن طریقہ سے اجراءکیا۔ خصوصی شمارہ حاشیہ کے طبقات کی خواتین کے مسائل پر مبنی ہے۔ 
 اس موقع پر وائس چانسلر پروفیسر منصور نے کہا کہ کمزور طبقات سے تعلق رکھنے والی خواتین ،سماجی حیثیت اور صنف سے متعلق الگ طرح کے چیلنجز کا سامنا کرتی ہیں جن کو حل کرنا آسان نہیں ہوتا۔ 
 پروفیسر منصور نے کہا ”کووِڈ-19 کے وبائی بحران سے نپٹنے میں مختلف ملکوں میں خاتون قائدین نے اپنی قائدانہ صلاحیتوں کا ثبوت دیا ہے اور نیوزی لینڈ کی وزیر اعظم جسِنڈا ایرڈرن اور دیگر خاتون لیڈروں نے اپنے مرد ہم منصبوں کے مقابلہ زیادہ مو ¿ثر طریقہ سے اس بحران کو سنبھالنے میں اپنی اہلیت ثابت کی ہے“۔ 
  ایڈوانسڈ سنٹر فار ویمنس اسٹڈیز کی ڈائرکٹر پروفیسر عذرا موسوی کی ادارت میں شائع ہونے والے اِس خصوصی شمارہ کا ذکر کرتے ہوئے وائس چانسلر نے کہا کہ خواتین نے اپنی صلاحیتیں ثابت کی ہیں تاہم اب بھی انھیں مساوی نمائندگی ملنا باقی ہے۔ انھوں نے کہاکہ ایڈوانسڈ سنٹر فار ویمنس اسٹڈیز کو نہ صرف علی گڑھ بلکہ قومی سطح پر بھی اپنا کردار نبھانا ہوگا۔ 
 سنٹر کی سابق ڈائرکٹر پروفیسر شیریں موسوی نے اظہار خیال کرتے ہوئے کہا ”اس رسالے میں حاشیہ کے طبقات کی خواتین کے مختلف مسائل پر بحث کی گئی ہے اور مختلف اسکالروں کے مضامین کو ایڈیٹروں نے موضوع کی اہمیت کو دھیان میں رکھتے ہوئے ترتیب دیا ہے“۔ 
 انھوں نے مثال دیتے ہوئے کہاکہ خصوصی شمارہ میں پروفیسر نازیہ حسن کا ایک مضمون شامل ہے جس میں امیتو گھوش کے منتخب ناولوں میں حاشیہ کے طبقات سے تعلق رکھنے والے خاتون کرداروں پر گفتگو کی گئی ہے۔ ان کے ناولوں میں خواتین اپنے زبان و عمل سے اپنے بیدار ہونے کا ثبوت دیتی ہیں۔ 
 ڈاکٹر توصیف فاطمہ کے مقالہ میں عفّت اور نوآبادیاتی نظام سے بحث کی گئی ہے ، جب کہ نوبل شریواستو نے نچلی ذاتوں کی بیواو ¿ں کے بارے میں لکھا ہے۔ اسراءشکیل اور ڈاکٹر عزیز فیصل کے مشترکہ طور سے تحریر کئے گئے مضمون میں اروندھتی رائے کے ناول ”دی منسٹری آف اٹموسٹ ہیپی نیس“ میں حاشیہ کی خواتین کا مطالعہ کیا گیا ہے جب کہ تنویر احمد خاں اور وصیہ حامد نے روایتی پیشہ میں شامل کشمیری خواتین کے حالات زندگی اور شیوانی ای دیواکرن نے اپنے مضمون میں قبائلی خواتین کی زندگی پر روشنی ڈالی ہے۔ 
 خصوصی شمارہ میں ثنا ہاشمی اور ڈاکٹر عزیزکا فیلڈ سروے بھی شامل ہے جب کہ لبنیٰ عرفان، صبیحہ خاں، فاطمہ اصلاحی، شاہ عالم اور شاہ مونس منیر نے کتابوں پر تبصرے کئے ہیں۔ 
 آن لائن رسم اجراءتقریب میں سنٹر کی ڈائرکٹر پروفیسر عذرا موسوی نے خطبہ استقبالیہ اور پروفیسر نثار احمد خاں (ڈین، فیکلٹی آف سوشل سائنسز) نے اظہار تشکر کیا۔ 90صفحات پر مشتمل خصوصی شمارہ کو پروفیسر عذرا موسوی نے ایڈٹ کیا ہے جب کہ ڈاکٹر جوہی گپتا مہمان ایڈیٹر اور ڈاکٹر شیوانگنی ٹنڈن اسسٹنٹ ایڈیٹر ہیں۔ 


ایک تبصرہ شائع کریں

Please Select Embedded Mode To Show The Comment System.*

جدید تر اس سے پرانی