شعبہ لسانیات نے ویب لیکچرکا اہتمام کیا

 



علی گڑھ،: علی گڑھ مسلم یونیورسٹی کے شعبہ ¿ لسانیات میں ایک ویب لیکچر کا انعقاد عمل میں آیا جس کا عنوان تھا: ”معانی پر گفتگو“ (Talking about Meaning)۔ مقرر خصوصی پروفیسر بی این پٹنائک (سابق صدر، ہیومنٹیز اور سوشل سائنسز، آئی آئی ٹی، کانپور) نے معانی پر نہایت فاضلانہ گفتگو کی اور اس کے مختلف پہلوﺅں پر روشنی ڈالی۔
 پروفیسر پٹنائک نے بتایا کہ غیر لفظی معنی کا تعلق ساختیاتی لسانیات (Stractual Linguistics)سے نہیں ہے کیونکہ معنی اور مفہوم انسانی دماغ کی پیداوار ہے۔ پروفیسر پٹنائک نے قدیم ہندوستانی ماہر لسانیات پانینی (Panini)کے وضع کردہ اقسامِ معنی پر سیر حاصل بحث کی۔ اس کے علاوہ موصوف نے گرائسین کے اصولِ گفتگو کا تذکرہ کیا اور بتایا کہ ادب میں اکثر ان اصولوں کی خلاف ورزی ہوتی ہے۔ پروفیسر پٹنائک کی فاضلانہ گفتگو کے بعد شعبہ ¿ لسانیات کے سینئر استاد پروفیسر ایس امتیاز حسنین نے اپنے تاثرات پیش کئے۔
 پروگرام کا آغاز صدر شعبہ و ماہر لسانیات پروفیسر ایم جے وارثی کے تعارفی کلمات سے ہوا۔ پروفیسر وارثی نے پروفیسر پٹنائک کے ذریعہ کئے گئے علمی کاموں کا تفصیلی جائزہ پیش کیا اور امید ظاہر کی کہ ویب ٹاک کا یہ سلسلہ آگے بھی جاری رہے گا۔ ویب ٹاک میں شرکا ءکی کثیر تعداد موجود تھی۔ کلمات تشکر ڈاکٹر ناظرین بی لسکر نے ادا کئے۔ 
 قابل ذکر ہے کہ اس ویب ٹاک کا اہتمام اے ایم یو صدی تقریبات کے تحت کیا گیا۔ ویب ٹاک سیریز کے تحت دنیا بھر کے ماہرین لسانیات کے آن لائن خطبات کا اہتمام کیا جائے گا۔ اس سلسلہ میں شعبہ ¿ لسانیات نے ایک تین رکنی کمیٹی قائم کی ہے جس میں پروفیسر ایس امتیاز حسنین، ڈاکٹر ناظرین بی لسکر اور ڈاکٹر پلّو وشنو شامل ہیں۔ 


جدید تر اس سے پرانی