جواہر لعل نہرو میڈیکل میں کووِڈ-19 کے 70 ہزار ٹسٹ کئے گئے



علی گڑھ : علی گڑھ مسلم یونیورسٹی کا جواہر لعل نہرو میڈیکل کالج (جے این ایم سی) کووِڈ-19 کے بحران میں گرانقدر خدمات انجام دے رہا ہے اور ابھی تک کووِڈ-19 کے 70000 ٹسٹ یہاں ہوچکے ہیں۔ 
  پروفیسر طارق منصور نے یوم آزادی کی اپنی روایتی تقریر میں کہا ”کووِڈ-19کے خلاف لڑائی کے محاذ پر اے ایم یو سرگرم ہے اور جواہر لعل نہرو میڈیکل کالج کا وائرولوجی لیب اترپردیش کے دو اوّلین تجربہ گاہوں میں سے ایک تھا جہاں کورونا وائرس کے نمونوں کی جانچ شروع ہوئی ۔ یہ مغربی اترپردیش کا واحد لیب تھا جہاں جانچ شروع کی گئی تھی اور اب تک 70 ہزار نمونوں کی جانچ کی جا چکی ہے۔ انھوں نے کہا کہ اے ایم یو کے لیب میں 100بیڈ کا آئیسولیشن وارڈ، علاحدہ آپریشن تھیئٹر، لیبر روم اور ڈائلیسس یونٹ موجود ہیں۔ ایک پلازما تھیریپی بلڈ بینک بھی قائم کیا گیا ہے۔ 
 وائس چانسلر نے کہاکہ کورونا وائرس نے ملک کے سامنے ایک بڑا چیلنج پیش کیا ہے اور ہم صحت عامہ کے اس خطرہ کا مقابلہ کرنے کے لئے متحد ہیں۔ 




 پروفیسر منصور نے کہا ”مجھے یقین ہے کہ سماج کے سبھی طبقات کے تعاون سے ہم اس وبا کو شکست دیں گے ۔ کووِڈ-19 نے یقینا غیرمعمولی حالات پیدا کئے ہیں اور حب الوطنی ظاہر کرنے کا اس سے بہتراور کوئی طریقہ نہیں ہوسکتا کہ ہر طرح سے ایک دوسرے کی مدد کی جائے“۔ 


 



امتحانات کے نتائج کا اعلان 31اگست تک ہوگا
علی گڑھ،: علی گڑھ مسلم یونیورسٹی کے مختلف کورسوں کے طلبہ و طالبات آن لائن کلاسیز میں شامل ہورہے ہیں اور یونیورسٹی 31اگست تک سالِ آخر کے نتائج کا اعلان کرے گی۔ یہ اعلان وائس چانسلر پروفیسر طارق منصور نے جشن یوم آزادی پر اپنی تقریر کے دوران کیا۔ انھوں نے کہا ”یونیورسٹی طلبہ کے مفاد میں آن لائن کلاسیز کا اہتمام کررہی ہے“۔ 
نئے کالج، انسٹی ٹیوٹ اور سنٹر کا آغاز
علی گڑھ : علی گڑھ مسلم یونیورسٹی نے کووِڈ-19 کے چیلنج کے باوجود طلبہ و طالبات کے مفاد میں متعدد نئے کورس شروع کئے ہیں، جس میں بی ٹیک (فوڈ ٹکنالوجی)، ایم ٹیک (روبوٹک انجینئرنگ)، ایم ٹیک (آرٹیفیشیئل انٹلی جنس)، ایم ٹیک (زلزلہ انجینئرنگ و قدرتی آفات مینجمنٹ) ، اور یونانی طب میں چار نئے کورس شامل ہیں۔  وائس چانسلر پروفیسر طارق منصور نے جشن یوم آزادی کی اپنی روایتی تقریر میں کہا ”نرسنگ کالج، پیرا میڈیکل کالج، انسٹی ٹیوٹ آف فارمیسی اور سنٹر فار گرین اینڈ رنیویبل اِنرجی قائم کئے جائیں گے“۔ 
 پروفیسر منصور نے مزید کہا کہ یونیورسٹی کے ملاپورم اور مرشدآباد سنٹروں کے لئے ایک سو کروڑ روپئے منظور کئے گئے ہیں۔ 


ایک تبصرہ شائع کریں

Please Select Embedded Mode To Show The Comment System.*

جدید تر اس سے پرانی