کووڈ19 انفکشن چین توڑنے کے لئے احتیاط کے ساتھ موثرکارروائی ضروری


کووڈ 19 کے سلسلے میں اینٹی گریٹیڈکمانڈ اینڈ کنٹرول سسٹم پوری فعالیت کے ساتھ کام کرے: وزیر اعلیٰ

 

سبھی سرکاری اورپرائیوٹ اسپتالوں میں فائر سیفٹی کے موثر بندوبست کویقینی بنائیں

  لکھنو 
اتر پردیش کے وزیر اعلیٰ یوگی آدتیہ ناتھ نے کہا کہ کووڈ19 کے ضمن میں ریاستی ہیڈ کوارٹر اور اضلاع میں اینٹی گریٹیڈ کمانڈ اینڈ کنٹرول سسٹم پوری فعالیت کے ساتھ کام کرے۔ انہوں نے کہا کہ اگر کسی بھی ضلع میں اینٹی گریٹیڈ کمانڈ اینڈ کنٹرول سینٹربہتر طریقہ سے کام نہیں کرتا ہے تو متعلقہ ضلع مجسٹریٹ کی جوابدہی یقینی بنائی جائے گی۔
وزیر اعلیٰ آج یہاں اپنی سرکاری رہائش گاہ پر ایک اعلی سطحی میٹنگ میں ان لاک بندوبست کا جائزہ لے رہے تھے۔ انہوں نے کہا کہ کووڈ19 انفکشن کا سلسلہ توڑنے کے لئے ہر سطح پرپوری احتیاط کے ساتھ موثرکارروائی ضروری ہے۔ انہوں نے ضلع مجسٹریٹوں کو ہدایت دی ہے کہ وہ کووڈ 19 کے پیش نظر انتظامات کی موثر نگرانی یقینی بنائیں۔ انہوں نے کہا کہ سبھی ضلع مجسٹریٹ ہر روزصبح و شام اپنے ضلع میں باقاعدگی سے معائنہ کریں گے۔
وزیراعلیٰ نے کہا کہ سبھی سرکاری اورپرائیوٹ اسپتالوں میںطبی انفکشن سے تحفظ کے لئے سبھی بندوبست کئے جائیں۔ اس کے علاوہ سبھی سرکاری اورپرائیوٹ اسپتالوں میں فائر سیفٹی کے لئے موثر انتظامات کو یقینی بنایا جائے۔ انہوں نے ڈی جی فائر سروس کو ہدایت دی ہے کہ وہ فائر سیفٹی سے متعلق سبھی اسپتالوں کا معائنہ کریں۔
وزیر اعلیٰ نے ڈور ٹو ڈور سروے کے کام کو موثر انداز میں جاری رکھنے کی ہدایت دی ہے۔ انہوں نے کہا کہ کانٹریکٹ ٹریسنگ کا کام منظم طریقہ سے ہونا چاہئے۔ گھر سے الگ تھلگ رہنے والے مریضوں کی صحت کے بارے میں یومیہ معلومات اینٹی گریٹیڈ کمانڈ اینڈ کنٹرول سینٹر سے حاصل کی جا ئے۔ایل2 اورایل3 کووڈ اسپتالوں میں بیڈ کی تعداد میں اضافہ کیا جائے۔ لکھنو ¿ ، کانپور ، وارانسی ، اعظم گڑھ ، پریاگ راج ، گورکھپور اور بریلی میں خصوصی نگرانی کرتے ہوئے انہوں نے ان اضلاع کے طبی بندوبست کو بہتر بنانے کی ہدایت دی۔
وزیر اعلیٰ نے اضلاع میں قائم ضلع سروس پلاننگ آفس اور ڈسٹرکٹ انڈسٹری سینٹر کو فعال بنانے کی ہدایت دی۔ انہوں نے کہا کہ اس سے خودمختار اتر پردیش بنانے میں مدد ملے گی۔ انہوں نے سیلاب زدہ اور زیر آب علاقوں میں متاثرہ لوگوں کو بروقت امدادی سامان فراہم کرنے کی ہدایت دی ہے۔ انہوں نے کہا کہ راحت کاموں کو بہتر طریقے سے انجام دینے کے لئے ضرورت کے مطابق اضافی کشتیاں فراہم کی جائیں۔
اس موقع پرچیف سکریٹری جناب آر کے تیواری ، کمشنر انفراسٹرکچر و صنعتی ترقیات جناب آلوک ٹنڈن ،کمشنر زرعی پیداوار جناب آلوک سنہا، ایڈیشنل چیف سکریٹری اطلاعات و داخلہ جناب اونیش کمار اوستھی ، ایڈیشنل چیف سکریٹری مالیات جناب سنجیو متل ، ایڈیشنل چیف سکریٹری ریونیو محترمہ رینوکا کمار ،ایڈیشنل چیف سکریٹری وزیر اعلیٰ جناب ایس پی گوئل ، ڈائریکٹر جنرل پولیس جناب ہیتش سی اوستھی ، ایڈیشنل چیف سکریٹری طبی تعلیم جناب رجنیش دوبے ، ایڈیشنل چیف سکریٹری صحت جناب امت موہن پرساد ، ایڈیشنل چیف سکریٹری دیہی ترقیات اور پنچایتی راج جناب منوج کمار سنگھ ، ایڈیشنل چیف سکریٹری ایم ایس ایم ای جناب نونیت سہگل ، پرنسپل سکریٹری وزیر اعلیٰ جناب سنجے پرساد ،پرنسپل سکریٹری مویشی پروری جناب بھونیش کمار اور سکریٹری وزیر اعلیٰ جناب آلوک کمار سمیت دیگر سینئر افسران موجود تھے۔
٭٭٭٭٭٭


ایک تبصرہ شائع کریں

Please Select Embedded Mode To Show The Comment System.*

جدید تر اس سے پرانی