اے ایم یو کے جواہر لعل نہرو میڈیکل کالج میں کووِڈ-19 کے مریضوں کی پلازما تھیریپی شروع

 



علی گڑھ، : علی گڑھ مسلم یونیورسٹی (اے ایم یو) کے جواہر لعل نہرو میڈیکل کالج میں کووِڈ-19کے مریضوں کے علاج کے لئے پلازما تھیریپی کا آغاز ہوگیا ہے اور گزشتہ روز 72 سال کے ایک مریض کو دو یونٹ خون چڑھایا گیا۔ 
 میڈیکل کالج کے پرنسپل پروفیسر شاہد علی صدیقی کے مطابق اس مریض کو ذیابیطس تھا اور اسے دین دیال اسپتال سے میڈیکل کالج ریفر کیا گیا تھا۔ یہاں پروفیسر شاداب احمد اور پروفیسر راکیش بھارگو کی قیادت میں ڈاکٹروں کی ٹیم نے مریض کی پلازما تھیریپی کرنے کا فیصلہ کیا۔ 
 وائس چانسلر پروفیسر طارق منصور نے کہاکہ یونیورسٹی نے میڈیکل کالج میں پلازما تھیریپی شروع کرنے کے لئے ایک نئی مشین کے ساتھ ساتھ دیگر تمام سہولیات فراہم کرائی ہیں۔ اس سے شرح اموات کم ہوگی اور مغربی یوپی میں کووِڈ مثبت مریض زیادہ تعداد میں صحتیاب ہوسکیں گے۔
  قابل ذکر ہے کہ جواہر لعل نہرو میڈیکل کالج، کووِڈ-19 متاثرین کے علاج کے میدان میں مغربی اترپردیش کے ایک بڑے صحت مرکز کے طور پر ابھرا ہے جہاں مریضوں کے صحتیاب ہونے کی شرح 80فیصد ہے۔ اس کے علاوہ جواہر لعل نہر و میڈیکل کالج میں کورونا وائرس کے اب تک تقریباً پچاس ہزار ٹسٹ کئے جاچکے ہیں۔ 
آن لائن جاب فیئر 10اگست سے، 1500طلبہ و طالبات نے رجسٹریشن کرایا
علی گڑھ: علی گڑھ مسلم یونیورسٹی (اے ایم یو) کی جانب سے آئندہ 10اگست سے ایک ہفتہ کا آن لائن جاب فیئر ’ریکرو-فائی‘ کے عنوان سے منعقد کیا جارہا ہے۔
 اے ایم یو کے ٹریننگ و پلیسمنٹ آفیسر (ٹی پی او) سعد حمید کے مطابق ’اِنیبل کیریئرس‘ کے اشتراک سے منعقد ہونے والے اِس جاب فیئر میں 24کمپنیاں شریک ہورہی ہیں جس میں طلبہ و طالبات کے لئے دو ہزار سے ملازمتیں دستیاب رہیں گی۔ ابھی تک مختلف کورسوں کے تقریباً پندرہ سو طلبہ و طالبات جاب فیئر کے لئے رجسٹریشن کراچکے ہیں۔ 
  پروگرام کنوینر ڈاکٹر جہانگیر عالم نے بتایا کہ اے ایم یو وائس چانسلر پروفیسر طارق منصور افتتاحی تقریب کی صدارت کریں گے ، جب کہ بِرج نندن یادو (سینئر ایکزیکیٹیو ڈائرکٹر، ڈی ایل ایف) بطور مہمان خصوصی اور سمر بنرجی (وائس پریسیڈنٹ اور ہیڈ ایچ آر، ایمامی سیمنٹ) بطور مہمان اعزازی شریک ہوں گے۔ 
 اسسٹنٹ ٹی پی او ڈاکٹر مزمل مشتاق کے مطابق جاب فیئر میں کووِڈ-19 کے حوالہ سے حکومت ہند کی سبھی رہنما ہدایات پر عمل کیا جائے گااور طلبہ کے انٹرویو اور اسسمنٹ آن لائن ہوں گے۔ پروگرام کے دوران اِنیبل کیریئر کی جانب سے تکنیکی سپورٹ فراہم کیا جائے گا۔ اس دوران سی وی ڈیزائن، انٹرویو اور دیگر موضوعات پر طلبہ کے لئے ورکشاپ بھی منعقد کئے جائیں گے۔ 


دماغی مریضوں کے لئے ٹیلی میڈیسن خدمات 
علی گڑھ: جواہر لعل نہرو میڈیکل کالج، علی گڑھ مسلم یونیورسٹی (اے ایم یو) کے دماغی امراض شعبہ کی جانب سے مریضوں کے لئے ٹیلی میڈیسن اوپی ڈی خدمات فراہم کی جارہی ہیں۔ 
 صدر شعبہ پروفیسر آر کے گوڑ نے بتایا کہ تبدیل شدہ موبائل نمبر 7455041633 پر مریض صبح دس بجے سے دوپہر بارہ بجے تک ڈاکٹروں سے رابطہ کرسکتے ہیں۔ پیر اور بدھ کو پروفیسر ایس اے اعظمی ، منگل اور سنیچر کو پروفیسر آر کے گوڑ ، اور جمعرات و جمعہ کو ڈاکٹر محمد ریاض الدین مریضوں کے لئے دستیاب ہیں۔ 


ایک تبصرہ شائع کریں

Please Select Embedded Mode To Show The Comment System.*

جدید تر اس سے پرانی