اس بازآبادکاری میں روزگار بحالی کے 70 منصوبے سمیت 44مکانات کی تعمیر نو اور 15 دوکانیں شامل ہیں
نئی دہلی : فروری ماہ کے آخری ہفتے میں دہلی میں ہوئے بدترین مسلم کش فسادات نے شمال مشرقی دہلی کے شیو وہار ،کھجوری خاص مصطفیٰ آباد سمیت دیگر علاقوں میں بسنے والے سیکڑوں خاندانوں کی زندگی میں خوف و دہشت ، مایوسی ، پریشانی اور بے روزگاری کے سوا کچھ نہیں چھوڑا ہے ۔ شر پسندوں نےیہاں بڑے پیمانے پر آگ زنی اور خونریزی کی کروڑوں کی املاک تباہ کر دیا اور لوٹ پاٹ کا شرمناک کھیل کھیلا ، مکانات نذر آتش کر دیے ، دکانیں جلادیں ، اسکولوں کو آگ کے حوالے کر دیا ، اور مساجد کو شدید نقصان پہنچا یا ۔ اس فساد نے 53 افراد کی جان لے لی ، لیکن شرپسندوں کی یہ ناپاک کوشش انسانیت نوازوں کے سامنے ناکام ہوئی فسادات کے فوری بعد ، سرکاری ایجنسیاں اور مختلف سماجی تنظیمیں متاثرہ خاندانوں کی مدد کے لئے آگے آئیں ۔
انہی میں ایک اہم نام ہیومن ویلفیر فاونڈیشن کے تحت کام کرنے والی تنظیم وژن 2026 بھی ہے جس نے متاثرین کے چہروں پر دوبارہ خوشی لانے کا بیڑا اٹھایا ہے اور گزشتہ 6 ماہ سے مسلسل یہ تنظیم منظم ڈھنگ سے متاثرہ علاقوں میں کام کر رہی ہے ۔ اس تنظیم نے متاثرہ علاقے میں پہلے گھر گھر سروے کیا نقصانات کا جائزہ لیا اور پھر زمینی حقائق کی روشنی میں بازآبادکاری منصوبہ ترتیب دیا، پھر ویژن 2026 کے ساتھ کام کرنے والی تنظیموں سوسائٹی فاربرائٹ فیوچر (SBF) ، ہیومن ویلفیئر فاؤنڈیشن (HWF) ، ہیومن ویلفیئر ٹرسٹ (HWT) ، میڈیکل سروس سوسائٹی (MSS) اوردی ویمن ایجوکیشن ایمپاورمنٹ ٹرسٹ (TWEET) نے فوری طور پر صورتحال کا نوٹس لیتے ہوئے متاثرہ علاقوں میں راحت اور بازآبادکاری کا مورچہ سنبھال لیا ، ریلیف کیمپ لگانے ، ہزاروں کی تعداد میں راشن کٹ تقسیم کیے اور میڈیکل کیمپ لگاکر زخمیوں کا علاج کیا ۔ وژن 2026 نے فوری راحت پہونچانے کے بعد متاثرہ خاندانوں کا سروے شروع کیا اور ان کی مکمل بازآبادکاری کا عمل شروع کیا ۔
یہی وجہ ہے کہ آج وژن 2026 متاثرہ علاقوں میں منظم ڈھنگ سے بازآبادکاری کرنے والی سماجی تنظیموں میں اہم کردار نبھا رہی ہے ، متاثرین کی زندگیوں کو پٹری پر لانے کے لیے تباہ شدہ گھروں اور دوکانوں کی مرمت اور روزگار کی فراہمی جیسے کئی اہم پروجیکٹوں پرکام کر رہی ہے ۔ اس منصوبے کے پہلے مرحلے میں اب تک 160سے زائد خاندانوں کی بازآبادکاری ہوئی ہے ۔ جس میں تباہ شدہ گھروں اور دوکانوں کی مرمت ، متاثریں کی مالی مدد کے ذریعے انہیں دوبارہ روزگار سے جوڑنے کا کام ، فساد میں بیوہ ہوئی خواتین اوران کے یتیم بچوں کے تعلیمی اورگھریلو اخراجات کا ذمہ ، کچھ خا ص معاملوں میں پوری پوری فیملی کی کفالت کا ذمہ ویژن نے لیا ہے۔
اس بازآبادکاری میں وژن 2026 کے روزگار بحالی کے 70 منصوبے شامل ہیں ، 15 دوکانوں کی مرمت کے ساتھ ساتھ دوکان میں فروخت کے لیے مال کا اسٹاک اور سازوسامان سےکاروبار کی شروعات کرادی گئی ہے ۔ آگ زنی کے شکار 44 مکانات کی تعمیر نو ہو چکی ہے ۔ متاثرہ علاقے کے 33 یتیموں اور 12 بیواوں کے لئےاسکالرشپ کی شکل میں ان کی مستقل مالی مدد دی گئی ہے اور اس کے علاوہ 15 ضرورت مند طلباء کے لئے وظائف بھی دیے جارہے ہیں ۔ خاص بات یہ ہے کہ روزگار کی بحالی کے لیے متاثرین کو ، موٹرسائیکلیں ، سائیکل ، ای رکشہ ، سلائی مشینیں ، ٹھیلے دیئے گئے ہیں ۔ ویژن کے تحت الشفا اسپتال جامعہ نگر میں 9 شدید زخمیوں کا مفت علاج جاری ہے۔ دراصل وژن 2026 کی پہلے روز سے یہ کوشش رہی ہے کہ فساد متاثرین کی مکمل بازآبادکاری کی جائے ویژن کا ماننا ہے کہ مکمل بازآبادکاری تبھی ممکن ہے جب متاثرین کے روزگار کو بحال کردیا جائے ۔ ابتک کئی اہم منصوبے تکمیل کو پہونچ چکے ہیں اورمزید منصوبے اگلے مرحلے میں مکمل کر لیے جائیں گے۔ یہ بات بالکل درست ہے کہ لوگوں کی پائیدار ترقی تبھی ممکن ہے جب انہیں فوری مدد دینے کے ساتھ ساتھ تعلیم اور روزگار سے بھی منسلک کر دیا جائے اور وژن 2026 اس سمت میں مسلسل کام کر رہا ہے ۔