اے ایم یو تیسری سب سے ممتاز یونیورسٹی

 



 ٹائمز ہائر ایجوکیشن، لندن کا سروے 
علی گڑھ : علی گڑھ مسلم یونیورسٹی (اے ایم یو) کی علمی عظمت کا قومی و بین الاقوامی سطح پر مسلسل اعتراف کیا جاتا رہا ہے اور صدی سال میںایسا اعتراف بہت حوصلہ بخش اور باعث فخر و مسرت ہوتا ہے۔ ٹائمز ہائر ایجوکیشن، لندن کی رینکنگ میں اے ایم یو نے جہاں اعلیٰ مقام حاصل کیا تھا تو حال ہی میں معروف میگزین انڈیا ٹوڈے نے ممتاز ہندوستانی یونیورسٹیوں کے اپنے سالانہ سروے 2020ءمیں علی گڑھ مسلم یونیورسٹی کو تیسرے نمبر پر جگہ دی ہے۔ 
 اس سروے میں ایک ہزار گورنمنٹ اور پرائیویٹ یونیورسٹیوں کو شامل کیا گیا ہے ۔ گورنمنٹ اور پرائیویٹ یونیورسٹیوں دونوں میں اے ایم یو تیسرے مقام پر ہے اور اسے 2000 پوائنٹ میں سے 1718.6 پوائنٹ حاصل ہوئے ہیں۔ 
 اس سروے کے اعتبار سے گزشتہ تین برسوں میں پیٹنٹ حاصل کرنے کے معاملہ میں اے ایم یو ، عام گورنمنٹ یونیورسٹیوں میں چوتھی رینک پر ہے۔ جہاں تک پوسٹ گریجویٹ کورسوں کی تعلیم و تدریس کا معاملہ ہے تو اے ایم یو تیسرے نمبر پر ہے جہاں مختلف موضوعات میں 90پی جی کورسوں میں تعلیم ہوتی ہے۔ اسی طرح قانون کی تعلیم دینے والے کالجوںاداروں کی رینکنگ میں اے ایم یو کی فیکلٹی آف لاءکو گیارہواں مقام دیا گیا ہے۔ 
 اے ایم یو وائس چانسلر پروفیسر طارق منصور نے اس حصولیابی پر اساتذہ اور طلبہ کو مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہا کہ اس سے یونیورسٹی کو بلندیوں پر لے جانے کے ان کے عزم اور جہد پیہم کا پتہ چلتا ہے۔ وائس چانسلر نے اس بات پر اطمینان کا اظہار کیا کہ گزشتہ کئی مہینوں سے کووِڈ-19سے پیدا ہونے والے چیلنج کے باوجود اے ایم یو بلندیوں کے سفر پر گامزن ہے۔ انھوں نے کہا ”اس کامیابی نے پوری یونیورسٹی برادری کو مسرور کیا ہے اور یہ اساتذہ کی سنجیدگی اور ان کی محنت کی بدولت ہی ممکن ہوپایا ہے“۔


جدید تر اس سے پرانی