علی گڑھ: بابائے قوم مہاتما گاندھی کی ڈیڑھ سو سالہ یوم پیدائش تقریبات کے تحت گاندھیائی فکر و فلسفہ پر علی گڑھ مسلم یونیورسٹی کے زیر اہتمام ویب ٹاک سیریز کے تحت 6اگست کو آکسفورڈ یونیورسٹی کے پروفیسر فیصل د یوجی ”گاندھی کی خاموشی“ کے موضوع پر آن لائن خطاب کریں گے۔ پروگرام سہ پہر 3:15 بجے شروع ہوگا۔
پروفیسر فیصل دیوجی، آکسفورڈ یونیورسٹی میں ہندوستانی تاریخ کے پروفیسر ہیں ۔ انھوں نے یونیورسٹی آف شکاگو سے نوآبادیاتی ہندوستان میں مسلم قومیت کے موضوع پر پی ایچ ڈی کی ہے۔
ویب ٹاک سیریز کے کنوینر پروفیسر محمد عبدالسلام نے بتایا کہ وائس چانسلر پروفیسر طارق منصور افتتاحی کلمات ادا کریں گے۔
طلبہ و طالبات کا ایک مہینے کا انٹرن شپ پروگرام کامیابی کے ساتھ مکمل ہوا
علی گڑھ،: علی گڑھ مسلم یونیورسٹی (اے ایم یو) کے ذاکر حسین کالج آف انجینئرنگ اینڈ ٹکنالوجی اور سسلینس ریسرچ، ینگ پروفیشنلس پروگرام (وائی پی پی) کے اشتراک سے نوجوان طلبہ و طالبات کے لئے ایک مہینے کا انٹرن شپ پروگرام کامیابی کے ساتھ مکمل ہوا۔
اس پروگرام میں پچاس سے زائد انٹرن شریک ہوئے جن سے او این جی سی، شیل، ہنی ویل، ارامکو، سابِک، ٹسنی، ڈبلیو ایس پی، قطر پیٹرولیم، سی این پی سی، پیٹروفیس، آئی ایس ایم دھنباد، امیزن، ای ای ایس ایل-وزارت توانائی، یارا فرٹیلائزر، سسلینس ریسرچ وغیرہ سے وابستہ ماہرین نے مذاکرہ کیا اور انھیں ڈجیٹل سرٹیفیکٹ دئے۔
اس موقع پر سب سے عمدہ انفرادی پروجیکٹ کے لئے ثناءاطہر، سب سے سرگرم انٹرن کے لئے عبدالرافع، سب سے عمدہ گروپ پروجیکٹ اور کامیاب ترین ٹیم کے لئے صدف اشرف، احمد سعود جاوید، گووند اگروال، میدھاوی سنگھ اور گورانشی شرما کو اعزاز سے نوازا گیا۔ بیسٹ گروپ پروجیکٹ میں دوسرے نمبر پر انشاءضمیر، پربھات کمار، زیبا جمیل اور عبدالرافع کی ٹیم رہی۔
سسلینس ریسرچ کی سی ای او ڈاکٹر انّا خاں نے کہاکہ اس انٹرن شپ کے ذریعہ سسلینس کا مقصد کووِڈ-19 کے چیلنج بھرے حالات میں انڈسٹری کو طلبہ کے قریب لانا ہے اور ان کی اندر انڈسٹری کی بہتر سمجھ پیدا کرنا ہے۔
انٹرن شپ پروگرام میں اے ایم یو کے کیمیکل انجینئرنگ شعبہ کے چیئرمین مسٹر نسیم احمد خاں، ایسوسی ایٹ پروفیسر فیصل ضیاءصدیقی اور محمد فرحان سعید (ٹریننگ و پلیسمنٹ افسر، ذاکر حسین کالج آف انجینئرنگ اینڈ ٹکنالوجی) کا تعاون شامل رہا۔
ینگ پروفیشنل پروگرام کا خاکہ ڈاکٹر انّا خان اور ڈاکٹر فیصل ضیاءصدیقی نے تیار کیا اور اس کے کوآرڈنیٹر مسٹر سعد کمال (سسلینس ریسرچ) تھے۔