علی گڑھ: علی گڑھ مسلم یونیورسٹی کی غریب طالبات کو آن لائن تعلیم و تدریس کے لئے اسمارٹ فون ٹیبلیٹ لیپ ٹاپ مہیا کرانے کی خاطر گریٹر شکاگو، امریکہ کی اے ایم یو الومنئی ایسوسی ایشن نے ایک خطیر رقم عطیہ کی ہے۔ ایسوسی ایشن نے ویمنس کالج کی طالبات کے لئے ساٹھ لاکھ روپئے اور بایوکیمسٹری شعبہ (فیکلٹی آف لائف سائنس) کی طالبات کے لئے 18.90 لاکھ روپئے کا عطیہ پیش کیا ہے تا کہ کووِڈ19 کے دوران ان کی تعلیم متاثر نہ ہو۔
یہ عطیات اے ایم یو وائس چانسلر پروفیسرطارق منصور کی اپیل پر ابنائے قدیم کی جانب سے موصول ہوئے ہیں ۔ وائس چانسلر نے اس سلسلہ میں ایک کمیٹی کی تشکیل کی ہے تاکہ ضرورت مند طالبات کی شناخت کے لئے طریقہ ¿ کار وضع کیا جاسکے۔ کمیٹی میں پروفیسر نعیمہ خاتون (پرنسپل، ویمنس کالج) اور پروفیسر محمد تابش (صدر، شعبہ ¿ بایوکیمسٹری) شامل ہیں۔
پروفیسر طارق منصور نے اس سلسلہ میں کہا ”غریب طالبات کی اس مدد کے لئے میں اے ایم یو الومنئی ایسوسی ایشن آف گریٹر شکاگو کا تہہ دل سے شکریہ ادا کرتا ہوں۔ ان کا یہ نیک جذبہ لائق ستائش اور قابل تقلید ہے“۔
یونیورسٹی کے فائننس افسر پروفیسر ایس ایم جاوید اختر نے کہاکہ مذکورہ رقم ضرورت مند اور غریب طالبات کےلئے مخصوص کی گئی ہے جو آن لائن تعلیم کے لئے ڈجیٹل ڈیوائس خریدنے کی سکت نہیں رکھتی ہیں۔
پروفیسر نعیمہ خاتون نے کہاکہ یہ عطیات ابنائے قدیم کے نیک جذبہ کا ثبوت ہیں ، جس سے غریب طالبات کی خاطر خواہ مدد کی جاسکے گی۔ بایوکیمسٹری شعبہ کے سربراہ پروفیسر محمد تابش نے کہا کہ کووِڈ19 کے بحران کے وقت ان عطیات کی بہت ضرورت تھی تاکہ طالبات کی آن لائن تعلیم بلاکسی رکاوٹ کے جاری رہے۔
اے ایم یو ستمبر میں ہر سنیچر اور اتوار کو بند رہے گا
علی گڑھ: علی گڑھ مسلم یونیورسٹی کیمپس ستمبر 2020ءمیں ہر سنیچر اور اتوار کو بند رہے گا۔ اے ایم یو رجسٹرار مسٹر عبدالحمید آئی پی ایس کی طرف سے جاری نوٹیفکیشن کے مطابق اترپردیش میں کووِڈ-19 کی روک تھام کے لئے حکومت اترپردیش کی طرف سے جاری ایڈوائزری کے تحت یہ فیصلہ کیا گیا ہے۔
نوٹیفکیشن کے مطابق اس دوران یونیورسٹی کی لازمی خدمات جیسے کہ طبی خدمات، صفائی، بجلی، پانی کی سپلائی، اقامتی ہال کی خدمات، سنٹرل آٹوموبائل ورکشاپ، ٹیلی فون شعبہ، مرکزی انتظامی دفاتر، پراکٹر دفتر، کمپیوٹر سنٹر، اے ایم یو گیس ایجنسی وغیرہ، متعلقہ سربراہانِ شعبہ کی ہدایات کے مطابق کام کرتے رہیں گے۔