نیوٹرینو فزکس پر پروفیسر محمد سجاد اطہر اور پروفیسر ایس کے سنگھ کی کتاب کیمبرج یونیورسٹی پریس سے شائع ہوئی

 



علی گڑھ : علی گڑھ مسلم یونیورسٹی (اے ایم یو) کے دو اساتذہ پروفیسر محمد سجاد اطہر اور پروفیسر ایس کے سنگھ کی ایک اہم کتاب ”دی فزکس آف نیوٹرینو انٹرایکشنس“ حال ہی میں کیمبرج یونیورسٹی پریس سے شائع ہوئی ہے۔ اس کتاب میں نیوٹرینو فزکس کا تعارف کراتے ہوئے لیپٹانس و نیوکلیونس سمیت دیگر متعلقہ موضوعات پر روشنی ڈالی گئی ہے۔ 
 خیال رہے کہ نیوٹرینو کا مطالعہ اور مادّہ سے ان کے تعامل پر تحقیق سے طبیعیات کا علمی ذخیرہ کافی مالا مال ہوا ہے۔ اس کا اندازہ اس بات سے بھی لگایا جاسکتا ہے کہ گزشتہ چھ سات دہائیوں میں دس نوبل انعامات ایسی تحقیق کے سلسلہ میں دئے گئے ہیں جو نیوٹرینو فزکس سے براہ راست یا اس سے متعلق موضوعات سے جڑی ہوئی ہیں۔ 
 مذکورہ کتاب سے ریسرچ کے نئے موضوعات کے راستے کھلیں گے اور نیوٹرینو فزکس کے میدان میں کام کرنے والے اعلیٰ درجات کے طلبہ و طالبات اور محققین کے لئے مفید ثابت ہوگی۔ 
 پروفیسر محمد سجاد اطہر نیوٹرینو پینل آف انٹرنیشنل یونین آف پیور اینڈ اپلائیڈ فزکس (آئی یو پی اے پی) اور انٹرنیشنل کیلیبوریشن آف نیوٹرینو تھیوری-ایکسپریمنٹ (این یو ایس ٹی ای سی) کے ممبر ہیں۔ حال ہی میں انھیں امریکی سائنسدانوں کے ایک گروپ نے نیوٹرینو فزکس پر وہائٹ پیپر لکھنے کے لئے مدعو کیا ہے۔ پروفیسر سجاد اطہر نے 2015 میں فزکس میں نوبل انعام حاصل کرنے والے سائنسداں پروفیسر تکاکی کجیتا کے ساتھ مل کر گزشتہ چھ برسوں میں متعدد تحقیقی مضامین لکھے ہیں۔ 
 پروفیسر ایس کے سنگھ اے ایم یو کے شعبہ ¿ طبیعیات میں سینئر استاد ہیں۔ وہ گڑھوال یونیورسٹی کے وائس چانسلر رہ چکے ہیں۔ انھوں نے کارنیجی میلن یونیورسٹی، امریکہ سے پی ایچ ڈی کی ہے۔ وہ الیکزنڈر وون ہمبولڈ فیلو (جرمنی) اور آئی سی ٹی پی کے سینئر ایسوسی ایٹ(اٹلی) رہے ہیں اور یونیورسٹی آف مینز، جرمنی ، اور یونیورسٹی آف ویلنسیا، اسپین کے وزیٹنگ پروفیسر بھی رہے ہیں۔ نیوٹرینو ری ایکشن پر ان کی تحقیق کو ارگون نیشنل لیباریٹری اور بروکھاون نیشنل لیباریٹری، امریکہ میں اوّلین نیوٹرینو تجربات کے لئے استعمال کیا گیا ہے۔ 


ایک تبصرہ شائع کریں

Please Select Embedded Mode To Show The Comment System.*

جدید تر اس سے پرانی