علی گڑھ: علی گڑھ مسلم یونیورسٹی (اے ایم یو)کے وائس چانسلر پروفیسر طارق منصور کو آج ان کے دفتر میں بریگیڈیئر سنجے کادین (گروپ کمانڈر، این سی سی گروپ، علی گڑھ) نے کرنل منیش سریواستو (1یوپی انجینئر کمپنی این سی سی) اور کرنل آر کے سانگون (کمانڈنگ آفیسر، 8یوپی بٹالین، اے ایم یو) کے ہمراہ نیشنل کیڈٹ کارپس (این سی سی) کے اعزازی کرنل کے رینک کا سرٹیفیکٹ اور دیگر متعلقہ دستاویز پیش کئے۔
لیفٹیننٹ جنرل راجیو چوپڑہ (پی وی ایس ایم، اے وی ایس ایم، ڈی جی این سی سی، اور مدراس رجیمنٹ میں کرنل) کے مطابق کرنل کمانڈنٹ کا اعزاز نامور شخصیات اور سینئر افسروں کو عطا کیا جاتا ہے۔ انھوں نے اس اعتماد کا اظہار کیا کہ اس اعزاز سے این سی سی کی سرگرمیوں میں اضافہ ہوگا، اچھے کیڈٹ سامنے آئیں گے اور اساتذہ کے اندر ایسوسی ایٹ این سی سی آفیسر کی حیثیت سے رضاکارانہ خدمات انجام دینے کا جذبہ بھی مضبوط ہوگا ۔
راحت اندوری سچے معنوں میں عوام کے شاعر تھے: پروفیسر طارق منصور
علی گڑ: ”راحت اندوری سچے معنوں میں عوام کے شاعر تھے جنھوں نے ہمیشہ عام انسان کے مصائب و مشکلات کے لئے اپنے درد و کرب کا اظہار کیا اور ان کی آواز بنے“۔ انھوں نے تشدد اور ناانصافی کے خلاف طاقتور احتجاج درج کرانے کے لئے اپنی تخلیقی صلاحیتوں کا بھرپور استعمال کیا“۔
ان تاثرات کا اظہار علی گڑھ مسلم یونیورسٹی (اے ایم یو)کے وائس چانسلر پروفیسر طارق منصور نے راحت اندوری مرحوم کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کیا۔
علی گڑھ برادری راحت اندوری کے انتقال پر رنج و غم کا اظہار کرتی ہے ، ان کی احتجاجی شاعری نے عصر حاضر کی اردو شاعری کو نئی جہت عطا کی۔ پروفیسر منصور نے اپنے بیان میں مزید کہا ”راحت اندوری نے مشاعروں میں اپنی ایک انفرادی شناخت قائم کی اور اردو شاعری کو ہر خاص و عام میں مقبول کیا۔ ان کی شاعری نئی نسلوں کو تحریک دیتی رہے گی“۔