حیدرآباد،: پبلک ایڈمنسٹریشن کی تدریس کے ماہر،پروفیسر ایس ایم رحمت اللہ نے گذشتہ جمعہ(دوپہر) 31 جولائی 2020 کو پروفیسر فاطمہ بیگم سے وائس چانسلر ،انچارج مولانا آزاد نیشنل اردو یونیورسٹی کی حیثیت سے عہدہ کا جائزہ حاصل کیا۔وہ اُردو یونیورسٹی کے سینئر ترین پروفیسر ہیں۔ انہیں درس و تدریس و تحقیق کا 38 سال کا تجربہ ہے۔ پروفیسر رحمت اللہ نے جو اپنی نئی ذمہ داری سے قبل رجسٹرار انچارج کی ذمہ داری نبھارہے تھے، یکم مارچ 2007 کو یونیورسٹی میں بطور پروفیسر ، شعبہ پبلک ایڈمنسٹریشن میں اپنی خدمات کا آغاز کیا۔ انہیں جنوری 2019 میں سری کرشنا دیورایا یونیورسٹی (ایس کیو) ، اننتا پور ، آندھرا پردیش کا وائس چانسلر بھی مقرر کیا گیا تھا۔
اس سے قبل ، انہوں نے مانو میں فروری 2013 سے جنوری 2015 تک کل وقتی رجسٹرار کی حیثیت سے بھی خدمات انجام دیں۔ انہوں نے یونیورسٹی میں مختلف حیثیتوں میں نمایاں خدمات انجام دیں۔ جن میں فینانس آفیسر انچارج، ڈین (اسکول برائے فنون و سماجی علوم اور سیٹیلائٹ کیمپس) ، صدر(شعبہ نظم و نسق عامہ و سیاسیات)۔ اس کے علاوہ وہ یونیورسٹی کی مجلس عاملہ، مجلس تعلیمی ، فینانس کمیٹی ، اور دیگر اہم کمیٹیوں کے صدر و رکن بھی رہے۔