جامعہ ملیہ اسلامیہ آر سی اے کی بہترین کارکردگی ہم سب کے لئے باعث افتخار ہے: ڈاکٹر نجمہ ہیپت اللہ 

 



 

منی پور کی معزز گورنراور جامعہ ملیہ اسلامیہ کی چانسلر ڈاکٹر نجمہ ہیپت اللہ نے ریسی ڈینشیل کوچنگ اکیڈمی جامعہ ملیہ اسلامیہ کے 30 طلباء کا  یو پی ایس سی سول سروسز 2019 میں  انتخاب پرانھیں  مبارکباد پیش کی۔

 

یونیورسٹی کو اپنے پیغام میں ، ڈاکٹر ہیپت اللہ نے کہا: "میں کامیاب ہونے والے تمام طلبہ ، اساتذہ اور اکیڈمی کے دیگر عہدیداروں کو دل کی گہرائیوں سے مبارکباد پیش کرتی  ہوں یہ محض  یونیورسٹی کے لئے ہی نہیں بلکہ  ذاتی طور پر خود میرے لئے بھی افتخار کی بات ہے۔"

 

چانسلر نے اس کامیابی پر وائس چانسلر پروفیسر نجمہ اختر اور یونیورسٹی کے دیگر عہدیداران کو بھی مبارکباد پیش کی۔

 

ڈاکٹر ہیپت اللہ نے کہا کہ یونیورسٹی نے حال ہی میں وزارت انسانی وسائل کی ترقی (ایم ایچ آر ڈی) کے ذریعہ تشخیص میں بھی شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کیا ہے، یونیورسٹی کی یہی وہ کامیابیاں ہیں جو اس بات کو درشاتی ہیں کہ یہ اپنے بانیان کے خوابوں کو شرمندہ تعبیر کر رہی ہے۔

 

انہوں نے مزید کہا ، "یہ یونیورسٹی کے لئےاعزاز کی بات ہے کہ ریسی ڈینشیئل کوچنگ سینٹر مختلف اداروں کے زیر انتظام تمام مراکز میں سب سے زیادہ سرکاری ملازمین پیدا کر رہی  ہے اور ہم توقع کرتے ہیں کہ آئندہ بھی اس میں  بہتری  دیکھنے کو ملے  گی "۔

 

بتاتے چلیں 2010-11 سے لے کر 2019 تک آر سی اے نے 230 سول سرونٹ تیار کیے ہیں،  جن میں بہت سے آئی اے ایس ، آئی ایف ایس اور آئی پی ایس میں شامل ہیں۔ اس کے علاوہ ، دیگر مرکزی اور ریاستی خدمات یعنی ، سی اے پی ایف ، آئی بی ، آر بی آئی (گریڈ بی) ، اے پی ایف ، بینک پی او اور پی سی ایس وغیرہ میں بھی 285 سے زیادہ طلباء کا انتخاب عمل میں آچکا ہے ، اس سال آر سی اے کے 14 طلباء پہلے ہی جموں و کشمیر پی سی ایس میں شامل ہوچکے ہیں ، 24 طلباء یو پی پی ایس سی انٹرویو کے لئے کوالیفائی ہوئے ہیں ، وہیں تقریبا  15 طلباء نے بی پی ایس سی میں  بھی انٹرویو کے لئے کوالیفائی کیا ہے۔

 

یونیورسٹی گرانٹس کمیشن کے ذریعہ آر سی اے کا قیام 2010 میں  سنٹر فار کوچنگ اینڈ کیریئر پلاننگ (سی سی اینڈ سی پی) ، جامعہ ملیہ اسلامیہ کے زیراہتمام عمل میں آیا تھا ، جس کا مقصد ایس سی ، ایس ٹی ، خواتین اور اقلیتوں کے طلباء کو شہری خدمات اور دیگر مسابقتی امتحانات کے لئے مفت کوچنگ اور رہائشی سہولیات فراہم کرنا تھا ، جس میں یہ ادارہ مکمل طور پر کامیاب ہے ۔اس مرکز میں طلباء کا بین ملکی تحریری امتحان میں کامیابی کے بعد  انٹرویو میں بھی مطلوبہ نمبرات حاصل کرنے کے بعد منتخب کیا جاتا ہے۔

ایک تبصرہ شائع کریں

Please Select Embedded Mode To Show The Comment System.*

جدید تر اس سے پرانی