اترپردیش میں 17 ہوائی اڈوں کے لئے ترقیاتی کام ہو رہے ہیں: وزیر اعلیٰ



وزیر اعلیٰ نے مرکزی وزیر مملکت (آزاد چارج)برائے شہری ہوابازی کے ساتھ ویڈیو کانفرنسنگ کی

-لکھنو 
اتر پردیش کے وزیر اعلی یوگی آدتیہ ناتھ نے آج لوک بھون میں مرکزی وزیر مملکت (آزاد چارج) برائے شہری ہوا بازی جناب ہردیپ سنگھ پوری کے ساتھ ویڈیو کانفرنسنگ کے توسط سے اجودھیا ، چتر کوٹ اور سون بھدر (میور پور) ہوائی اڈوں کے ترقیاتی کاموں اور بنیادی سہولیات کے سلسلے میں میٹنگ کی۔
اس موقع پر وزیر اعلیٰ نے اترپردیش کی ترقی کے لئے وزیر اعظم جناب نریندر مودی اور مرکزی وزیر مملکت برائے شہری ہوا بازی (آزاد چارج) جناب ہردیپ سنگھ پوری کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ گزشتہ ساڑھے تین برسوںمیں اتر پردیش کے 17 ہوائی اڈوں کے لئے ترقیاتی کام ہو رہے ہیں پہلے یہاں صرف 02 ہوائی اڈے کام کر رہے تھے لیکن فی الحال 07 ہوائی اڈے کام کر رہے ہیں۔ وزیر اعظم کی منشاءکے مطابق’اڑان اسکیم ‘اور ہوائی اڈوں کے تعمیری کام میںمرکزی حکومت کاپورا تعاون حاصل ہورہا ہے۔
وزیر اعلیٰ نے کہا کہ ریاستی حکومت کی جانب سے ہوائی اڈے کے ترقیاتی کاموں کے لئے مکمل تعاون دیاجائے گا۔ انہوں نے کہا کہ اجودھیا ، چتر کوٹ اور سونبھدر (میورپور) ہوائی اڈوں کے قیام کے لئے ریاستی حکومت مرکزی حکومت کی توقعات کے مطابق تیزی سے کام کر رہی ہے۔ اس ضمن میں کوئی مسئلہ زیر التواءنہیں رہیگا۔ تینوں اضلاع کے ضلع انتظامیہ کی جانب سے متوقع کارروائی کی جارہی ہے جس سے ہوائی اڈوں کو جلد سے جلد بنایا جاسکے اور ایئرپورٹ اتھارٹی آف انڈیا کے ذریعہ منتخب ہوائی راستوں پر فضائی خدمات شروع کی جاسکیں۔
وزیر اعلیٰ نے مرکزی وزیر سے بریلی ، ہنڈن ، سہارنپور ، میرٹھ ، لکھنو ¿ اور وارانسی میں ہوائی اڈے کے ترقیاتی کام کئے جانے کی سفارش کی۔ انہوں نے کہا کہ بریلی ، ہنڈن ، سہارنپور اور میرٹھ سے بھی پرواز کی سہولیات ملنے پر کنکٹی ویٹی بڑھے گی اور ان علاقوں کے باشندوں کو فائدہ ملے گا۔ انہوں نے کہا کہ کشی نگر انٹرنیشنل ایئرپورٹ کا باقی کام مرحلے وارطریقہ سے آگے بڑھے گا۔
مرکزی وزیر مملکت برائے شہری ہوا بازی (آزاد چارج) نے وزیر اعلیٰ کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ ریاستی حکومت ہوائی اڈوں کے ترقیاتی کاموں میں مکمل تعاون کر رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ اجودھیا اور چترکوٹ مذہبی ، روحانی اور سیاحت کے لحاظ سے اہم اضلاع ہیں۔ اسی طرح سونبھڈر ضلع میں بھی سیاحت کے لامحدود امکانات ہیں۔ ریاستی حکومت کاان تینوں اضلاع میں ہوائی اڈے کے تعمیر میں مکمل تعاون مل رہا ہے۔ اجودھیا ہوائی اڈے کو مرحلہ وار تیار کیا جائے گا۔ مرکزی اور ریاستی حکومتیں اجودھیا ، چترکوٹ اور سون بھدر (میور پور) ہوائی اڈوں کے لئے بنیادی سہولیات فروغ دینے کے لئے مستقل کام کر رہی ہیں۔ ضلع انتظامیہ کابھی تعاون حاصل ہورہا ہے۔
وزارت شہری ہوا بازی حکومت ہند کے افسران نے بتایا کہ بریلی، سہارن پور میں ہوائی پرواز کے سلسلے میں کارروائی کی جارہی ہے۔ میرٹھ اور ہنڈن سے فلائٹ کے سلسلہ میں منظوری ملنے کے بعد کارروائی کی جائے گی۔ اسی طرح لکھنو ¿ اور وارانسی ہوائی اڈوں کے ترقیاتی کام بھی طے شدہ طریقہ کار کے تحت کیے جائیں گے۔
اس موقع پر ویڈیو کانفرنسنگ کے توسط سے اجودھیا ، چترکوٹ اور سونبھڈر کے ضلع مجسٹریٹوں سے بات چیت کی گئی۔ انہوں نے بتایا کہ ہوائی اڈے کے قیام اور ترقیاتی کاموں کے سلسلے میں کوئی دشواری نہیں ہے۔ سبھی کام متوقع ہدف کے مطابق کئے جا رہے ہیں۔
اس موقع پر ، شہری ہوا بازی کے وزیر جناب نند گوپال گپتا 'نندی' ، ایڈیشنل چیف سکریٹری اطلاعات و داخلہ جناب اونیش کمار اوستھی ، ایڈیشنل چیف سکریٹری شہری ہوا بازی جناب ایس پی گوئل ، ایڈیشنل چیف سکریٹری ریونیو محترمہ رینوکا کمار ، ایڈیشنل چیف سکریٹری تعمیرات عامہ جناب نتن رمیش گوکرن ، پرنسپل سکریٹری شہری ترقیات جناب دیپک کمار ، پرنسپل سکریٹری جنگلات جناب سدھیر گرگ، ڈائریکٹر اطلاعات جناب ششر اور چیئرمین ایرپورٹ اتھارٹی آف انڈیا سمیت وزارت شہری ہوا بازی کے دیگر سینئر افسران موجود تھے۔



ایک تبصرہ شائع کریں

Please Select Embedded Mode To Show The Comment System.*

جدید تر اس سے پرانی