مرکزی وزیر تعلیم کے ہاتھوں جامعہ ملیہ اسلامیہ کی نئی تعمیر شدہ اسکول آف ایجوکیشن بلڈنگ کا افتتاح 

 



 

مرکزی وزیر تعلیم جناب رمیش پوکھریال 'نشانک' نے آج ویڈیو کانفرنسنگ کے ذریعہ فیکلٹی آف ایجوکیشن جامعہ ملیہ اسلامیہ کی نئی تعمیر شدہ عمارت کا افتتاح کیا۔ یہ عمارت پنڈت مدن موہن مالویہ نیشنل مشن اسکیم (پی ایم ایم ایم این ایم ٹی ٹی) کے تحت فراہم کردہ گرانٹ کے ذریعے تعمیر کی گئی ہے۔

 

وائس چانسلر جامعہ ملیہ اسلامیہ پروفیسر نجمہ اختر نے ڈین آف فیکلٹی ، شعبہ جات کے سربراہان ، رجسٹرار مسٹر اے پی صدیقی (آئی پی ایس) ، کنٹرولر امتحانات ڈاکٹر ناظم ایچ جعفری ، اساتذہ اور دیگر عملہ کے ممبران کی موجودگی میں مہمان خصوصی کا استقبال کیا۔

 

پروفیسر اختر نے اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے پہلے معزز وزیر تعلیم کو نئی عمارت کی تعمیر کے لئے مالی تعاون فراہم کرنے پر شکریہ ادا کیا اور نئی عمارت میں آئی سی ٹی انفراسٹرکچر اور دیگر سازوسامان کی فراہمی میں مزید تعاون کی درخواست کی۔

 

وائس چانسلر نے مزید کہا کہ جامعہ ملیہ اسلامیہ نئی ایجوکیشن پالیسی (این ای پی) 2020 کے منصوبوں اور پروگراموں کو عملی جامہ پہنانے کے لئے اپنی پوری کوشش کرے گی جو کہ فطری اعتبار سے مکمل اور کثیر الشعبہ ہے۔ نئی تعلیمی پالیسی طلباء کے لئے اعلی تعلیم کے شعبے میں نئے مواقع پیدا کرے گی۔

 

انہوں نے مزید کہا کہ جامعہ ملیہ اسلامیہ کو میڈیکل کالج کم اسپتال کے قیام کے لئے حکومت کے تعاون کی ضرورت ہے کیونکہ یونیورسٹی کے آس پاس کوئی سرکاری اسپتال نہیں ہے۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ وزارت تعلیم مستقبل قریب میں یونیورسٹی کے اس دیرینہ مطالبے پر غور کرے گی۔ یونیورسٹی کا عملہ اور آس پاس کے علاقوں میں رہنے والے افراد کوویڈ کے وقت خاص طور پر سرکاری اسپتال کی ضرورت محسوس کررہے ہیں۔

 

معزز وزیر تعلیم شری رمیش پوکھریال’نشانک‘نے جامعہ برادری کو نئی عمارت کے لئے مبارکباد پیش کی۔ اپنے خطاب میں انہوں نے کہا کہ جامعہ اپنے صدی سال میں داخل ہو چکی ہے اور یہ ہم سب کے لئے افتخار کی بات ہے کہ تمام ترچیلنجوں کا سامنا کرتے ہوئے یہ ادارہ ملک کے اعلی دانش گاہوں میں نمیاں مقام بنا چکی ہے۔ انہوں نے اس کامیابی کا سہرا یونیورسٹی کے اساتذہ کو دیا۔

 

یونیورسٹی امور کی انتظامیہ میں وائس چانسلر پروفیسر نجمہ اختر اور ان کی ٹیم کی کاوشوں کی تعریف کرتے ہوئے شری پوکھریال نے کہا کہ وقت ضائع کیے بغیر جامعہ مشن کے انداز پر کام کر رہی ہے اور اچھے نتائج ان کوششوں کی عکاس ہیں۔ انہوں نے امید کا اظہار کرتے ہوئے کہا جامعہ مستقبل میں بھی امید کا مرکز بنی رہے گی۔

 

معزز وزیر نے وائس چانسلر کو یقین دہانی کرائی کہ وہ یونیورسٹی کی مزید ترقی کے لئے ان کی طرف سے طلب کی جانے والی ہر درخواست پر ان کی وزارت غور کرے گی۔

 

قبل ازیں پروفیسر اعجاز مسیح ، ڈین ، فیکلٹی آف ایجوکیشن نے نئی عمارت کے بارے میں ایک مختصر تعارف پیش کیا۔ پروگرام کا اختتام مسٹر اے پی صدیقی (آئی پی ایس) ، رجسٹرار ،جامعہ ملیہ اسلامیہ کے کلمات تشکر کے ساتھ ہوا۔


جدید تر اس سے پرانی