علی گڑھ : علی گڑھ مسلم یونیورسٹی (اے ایم یو)کے مرکز برائے فاصلاتی تعلیم نے تعلیمی سال 2020-21 کے لئے آج سے مختلف کورسوں میں داخلہ کا اعلان کیا ہے۔
مرکز کے ڈائرکٹر پروفیسر محمد نفیس احمد انصاری نے بتایا کہ ڈسٹینس ایجوکیشن بیورو، حکومت ہند کے نوٹیفکیشن کے مطابق 24کورسوں میں داخلہ کا عمل شروع کیا گیا ہے۔ خواہشمند طلبہ و طالبات آف لائن اور آن لائن دونوں طریقہ سے داخلہ فارم جمع کرسکتے ہیںاور فیس بھی آن لائن یا آف لائن جمع کی جاسکتی ہے۔ آف لائن فیس فائننس افسر، اے ایم یو، علی گڑھ کے نام بینک ڈرافٹ کی شکل میں جمع کی جاسکتی ہے۔ سبھی کورسوں میں داخلہ کی آخری تاریخ 31اکتوبر 2020 ہے۔
سابق صدر جمہوریہ کے انتقال پر رنج و غم کا اظہار
علی گڑھ : سابق صدر جمہوریہ پرنب مکھرجی کے انتقال پر علی گڑھ مسلم یونیورسٹی (اے ایم یو)کے وائس چانسلر پروفیسر طارق منصور نے رنج و غم کا اظہار کرتے ہوئے کہاکہ ان کے انتقال سے ملک نے ایک آئینی امور کے ماہر کو کھو دیا ہے۔
پروفیسر منصور نے کہا ”پرنب مکھرجی کے انتقال سے اے ایم یو برادری رنجیدہ ہے ۔ان کی سیاسی زندگی چالیس برس سے زیادہ طویل رہی اور انھوں نے مختلف حیثیتوں سے ملک اور عوام کی خدمت کی۔ ہم اس مشکل گھڑی میں ان کے غمزدہ کنبہ کے ساتھ ہیں“۔ پروفیسر منصور نے مزید کہاکہ جناب مکھرجی سے ان کے ذاتی تعلقات تھے اور ان کا انتقال ان کا ذاتی نقصان ہے۔
پرنب مکھرجی کم از کم تین بار اے ایم یو آئے تھے۔ اے ایم یو کے بانی سرسید احمد خاں کی یوم پیدائش صدی تقریبات کے موقع پر وہ اے ایم یو آئے تھے اور انھوں نے یوم سرسید تقریب میں یادگاری خطبہ پیش کیا تھا۔ وہ مرکزی وزیر مالیات کے طور پر بھی اے ایم یو آئے اور یونیورسٹی میں سوشل سائنس گانگریس میں بھی وہ شریک ہوئے تھے۔