روزگارپروجیکٹ کے تحت متاثرین کو 4 دوکان ، آٹو رکشا، ای رکشا ، ای لوڈر ، موٹر سائیکل ،سلائی مشین فراہم کی گئی
نئی دہلی : دہلی فسادات کے متاثرین کی بازآبادکاری کا عمل سات ماہ بعد اب بھی جاری ہے ، سماجی تنظیمیں متاثرہ علاقوں میں مسلسل کام کررہی ہیں ۔ ہیومن ویلفیر فاونڈیشن متاثرہ علاقوں میں وژن 2026 کے تحت بازآبادکاری کا کام انجام دے رہا ہے اور رفتہ رفتہ فسادات کی آگ میں جھلسے درجنوں چہروں پر مسکراہٹ لانے میں کامیاب رہا ہے ۔
محمد نوشاد اختر آج سے سات ماہ قبل یعنی 24 فروری 2020 تک پیشے کے اعتبار سے کل وقتی امام تھے، شیووہار فیز تھری میں طیبہ مسجد میں امامت کرتے تھے ۔ لیکن اب 12 اکتوبر کے بعد سے معاشرے میں ان کی شناخت ایک کاروباری کی ہوگی ۔ انہوں نے اب امامت چھوڑ کر کاروبار اپنانے کی ٹھانی ہے۔
محمد نوشاد اختر وژن 2026 کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہتے ہیں کہ خدا بھلا کرے وژن 2026 کا جب انہیں میری حالت کاپتہ چلا تو انہوں نے نہ صرف یہ کہ میرے گھر کی تعمیر نو کرایا مجھے کاروبار کرنے کے لیے 'ای لوڈر' گاڑی بھی دیا ہے ۔ اب میں اسی سے اپنی روزی روٹی کمانے کی کوشش کروں گا ۔
وژن 2026 پہلے روز سے ہی فساد متاثرہ علاقوں میں سرگرم ہے ۔ پہلے مرحلے کا مکمل کرنے کے بعد اب دوسرے مرحلے میں داخل ہوچکا ہے اور ابتک گڑھی مینڈو، شیو وہار ،کراول نگر،چمن پارک ،امبیکا وہار ،بھاگیرتھی وہار ،کھجوری خاص درجنوں پروجیکٹ مکمل کر چکا ہے ۔ اکتوبر ماہ میں ابتک 10 مکانات کی تعمیر نو کے بعد گھرکے مالکان کو چابی دی، اس میں ایک فیکٹری اور ایک اسکول کی مرمت بھی شامل ہے ۔ فساد متاثرہ 7 بچوں کو تعلیمی اسکالر شپ دی گئی ہے ۔ روزگار فراہمی منصوبے کے تحت وژن 2026 نے 7 پروجیکٹ مکمل کیے ہیں جس میں متاثرین کو 4 دوکان ، آٹو رکشا، ای رکشا ،ای لوڈر ، موٹر سائیکل ،سلائی مشین فراہم کرایا ہے ۔ وژن 2026 مکمل بازآبادکاری منصوبے پرکام کررہا ہے ۔
فاونڈیشن کے سی ای او پی کے نوفل نے تفصیلات بتاتے ہوئے کہا کہ ہماری کوشش ہے کہ سبھی متاثرین کو بااختیار بنایا جائے انہیں اپنے پیروں پرکھڑا کردیا جائے ۔ ہم مقامی افراد کے بھی ممنون و مشکور ہیں جنھوں نے کام کرنے میں ہمارا تعاون کیا ۔ ہماری کوشش ہوگی کہ جن افراد کو روزگار فراہمی کے تحت مدد کی گئی ہے ان کو کاروبارجمانے میں مدد کریں ۔