ڈاکٹر گیل مِنالٹ نے سرسید انٹرنیشنل ایکسیلنس ایوارڈ کی رقم ویمنس کالج کو عطیہ کی

 



علی گڑھ،: مشہور مو ¿رخ اور نامور مصنفہ ڈاکٹر گیل مِنالٹ (پروفیسر ایمریٹا، شعبہ ¿ تاریخ، یونیورسٹی آف ٹیکساس، آسٹن) نے سرسید انٹرنیشنل ایکسیلنس ایوارڈ کی دو لاکھ روپئے کی رقم لڑکیوں کی تعلیم کے کاز کو فروغ دینے کے لئے اے ایم یو کے ویمنس کالج کو عطیہ کی ہے۔ انھیں گزشتہ 17اکتوبر کو جشن یوم سرسید پر یہ ایوارڈ تفویض کیا گیا تھا۔ 
 پروفیسر گیل منالٹ کی اس فیاضی کی سراہتے ہوئے اے ایم یو وائس چانسلر پروفیسر طارق منصور نے کہاکہ اس سے خواتین کی تعلیم کے تئیں پروفیسر منالٹ کی سنجیدگی اور تندہی کا پتہ چلتا ہے۔
 اپنے ایک ای میل کے ذریعہ پروفیسر طارق منصور کا شکریہ ادا کرتے ہوئے پروفیسر گیل مِنالٹ نے کہاکہ اے ایم یو اور ویمنس کالج سے اپنے تعلق کو وہ اپنی ذاتی زندگی اور علمی زندگی دونوں میں ہمیشہ ایک خاص درجہ دیتی ہیں۔ اس سے قبل ایک دیگر ای میل میں انھوں نے کہا تھا کہ اے ایم یو کی جانب سے ایکسیلنس ایوارڈ ملنے پر انھیں انتہائی خوشی ہوئی اوروہ ایوارڈ کی رقم ہندوستان میں خواتین کی تعلیم کے لئے عطیہ کریں گی۔ انھوں نے کہا ”میں امید کرتی ہوں کہ اس رقم کا استعمال مثال کے طور پر لائبریری کے وسائل کو بہتر بناکر اور آرٹ و سائنس کی تحقیق کے لئے دستیاب الیکٹرانک وسائل تک رسائی کے ذریعہ خواتین کی تعلیم کے لئے کیا جائے گا“ ۔
 قابل ذکر ہے کہ پروفیسر منالٹ 1972 ءسے یونیورسٹی آف ٹیکساس میں پڑھارہی ہیں۔ ہندوستان کی انیسویں و بیسویں صدی کی تاریخ بشمول مذہب، سیاست، علمی و سماجی تاریخ اور خواتین کی تحریکات میں ان کی تحقیق کو قدر کی نگاہ سے دیکھا جاتا ہے۔ جنوبی ایشیا میں اسلام کی تاریخ پر ان کی کئی اہم تصنیفات ہیں۔ 




جدید تر اس سے پرانی