علی گڑھ: علی گڑھ مسلم یونیورسٹی (اے ایم یو) کے جواہر لعل نہرو میڈیکل کالج و اسپتال کے ڈاکٹروں نے سترہ سال کی ایک لڑکی کے قلب کے پاس واقع ٹیومر کا کامیاب آپریشن کیا ہے۔
فیروزآباد کی رہنے والی صبا گزشتہ چار برس سے نامعلوم درد سے پریشان تھی، اسے سانس لینے میں دشواری ہوتی تھی اور وہ بیہوش بھی ہوجاتی تھی ۔ جانچ میں معلوم ہوا کہ اس کے دل کے پاس ٹیومر ہے۔ جواہر لعل نہرو میڈیکل کالج کے کارڈیوتھوریسک سرجنوں نے ٹیومر کا آپریشن کرکے صبا کو اس بیماری سے نجات دلائی۔
کارڈیوتھوریسک سرجری شعبہ کے چیئرمین ڈاکٹر ایم اعظم حسین نے ڈاکٹروں کی ٹیم کی قیادت کی جس میں ڈاکٹر سُمت پرتاپ سنگھ اور ڈاکٹر مینک یادو شامل تھے۔ ڈاکٹر صابر علی خاں کلینیکل پرفیوشنسٹ تھے جب کہ ڈاکٹر ندیم رضا نے انستھیسیا دیا۔ ڈاکٹر ہرش، ڈاکٹر شاہد اور ڈاکٹر لکشیہ واشنے نے طبی نگہداشت میں تعاون کیا۔
ڈاکٹر اعظم حسین نے کہاکہ اس طرح کی بیماری میں مریض کی دل کی دھڑکن یا تو بہت تیز یا بہت سست ہوجاتی ہے اور چونکہ اس معاملہ میں ٹیومر دل کے والو سے نکل رہا تھا اس لئے یہ ایک پیچیدہ سرجری تھی۔ انھوں نے کہاکہ ہمیں ٹیومر کو نکال کر اور والو کو تبدیل کئے بغیر دل کو از سر نو درست کرنا تھا۔
اسی اثناءاے ایم یو وائس چانسلر پروفیسر طارق منصور نے پوری ٹیم کو ان کی سنجیدہ کوششوں کے لئے مبارکباد پیش کی ہے۔
پروفیسر شاہد علی صدیقی، پرنسپل، جواہر لعل نہرو میڈیکل کالج نے بتایا کہ میڈیکل کالج میں گزشتہ تین برسوں میں 400 سے زائد کامیاب آپریشن کئے گئے ہیں اور کووِڈ19 کی وبا کے باوجود سرجری خدمات فراہم کی جارہی ہیں۔
فیکلٹی آف میڈیسن کے ڈین پروفیسر راکیش بھارگو نے کہاکہ جے این میڈیکل کالج میں پیچیدہ آپریشن کامیابی کے ساتھ کئے جارہے ہیں جس کے لئے پہلے مریضوں کو بڑے شہروں کا رخ کرنا پڑتا تھا۔
مذکورہ آپریشن کے لئے سابق ایم ایل اے ڈاکٹر ظفر عالم نے رقم عطیہ کی تھی۔