جامعہ ملیہ اسلامیہ کے تین محققین یوپی پی ایس سی امتحان میں کامیاب، یونانی میڈیکل آفیسر کے عہدے کے لئے منتخب


 

جامعہ ملیہ اسلامیہ کے شعبہ بایوٹیکنالوجی کے تین پی ایچ ڈی سکالرزاتر پردیش پبلک سروس کمیشن (یو پی پی ایس سی) پریاگ راج کے ذریعہ منعقدہ آل انڈیا سطح کے امتحان کے تحت یونانی میڈیکل آفیسر کے عہدے کے لئے منتخب ہوئے ہیں۔ یہ امتحان 13 تا 16 اکتوبر، 2020 کو منعقد ہوا تھا ۔ یہ طبی افسران سی جی ایچ ایس ڈسپنسریوں میں بطور ڈاکٹر اور وزارت آیوش کے تحت ریسرچ آفیسر کی حیثیت سے کام کریں گے۔

 

ان اسکالرز نے سی سی آر یو ایم اور جامعہ ملیہ اسلامیہ کے مابین مفاہمت نامے کے تحت مختلف یونیورسٹیوں سے یونانی میڈیسن میں ایم ڈی مکمل کرنے کے بعد  شعبہ بائیوٹیکنالوجی ،  جامعہ ملیہ اسلامیہ میں جدید سالماتی حیاتیات اور تشخیص کے شعبوں میں پی ایچ ڈی کی ہے۔

 

ڈاکٹر ذکی احمد صدیقی نے چوتھا رینک ، ڈاکٹر نجم الدین احمد صدیقی نے 11 ویں اور ڈاکٹر محمد ذاکر صدیقی نے میرٹ لسٹ میں 47 ویں رینک حاصل کیا۔

 

اس موقع پر وائس چانسلر پروفیسر نجمہ اختر نے خوشی کا اظہار کیا اور منتخب امیدواروں کو مبارکباد پیش کی۔ انہوں نے کہا کہ یہ یونیورسٹی کے لئے بڑے فخر اور اطمینان کی بات ہے کہ ہمارے طلباء قومی سطح کے امتحانات میں کامیاب ہوکر ملک کی خدمت کر رہے ہیں۔

 

شعبہ بائیوٹیکنالوجی ان طلباء کے سرپرستوں کی بھی تعریف کرتا ہے جن کی مستقل رہنمائی اور حوصلہ افزائی نے ان کے بچوں کی مجموعی ترقی میں مدد کی۔

 



جدید تر اس سے پرانی