موبائل جرنلزم  کیا ہے اور اسے کیسے کریں؟

 



اسکل ، ٹیکنالوجی ، اکوپمینٹ  یہ تین بنیادی چیزیں ہیں جن کے ارد گرد موبائل جرنلزم کا پہیا گھومتا ہے


اشرف علی بستوی، نئی دہلی


ہم جس دور میں جی رہے ہیں آپ اس کو جدید دور کے نام سے تو جانتے ہی ہیں آپ اس کا ایک اور نام ادھر کچھ برسوں سے سن رہے ہوں گےاسے ' ڈیجیٹل دور' بھی کہا جا رہا ہے ۔  ڈیجیٹل دور نے ہمیں جو سب سےحیرت انگیز چیز عطا کی ہے وہ اسمارٹ فون ہے ،اسمارٹ فون بہت تیزی سے ہماری زندگی کا اہم حصہ بن گیا ،موبائل پر برق رفتاری سے آنے والی اطلاعات نے پوری دنیا میں انفارمیشن ٹیکنالوجی کے میدان میں انقلاب برپا کر دیا ہے ۔  اب یہ ہر شخص کے لیے بہت آسان ہو گیا ہے کہ وہ جونسی انفارمیشن چاہے اپنے پاس محفوظ کرلے اسے پھیلائے اور اس انفارمیشن کا استعمال کرے ۔ یہیں سے موبائل جرنلزم  (MoJoکی شروعات ہوتی ہے ، موبائل جرنلزم انفارمیشن کی ترسیل کا ایک ایسا تیزترین میڈیم ہے جو لگ بھگ مفت ہے ، اس پر استعمال کرنے والے کا پورا کنٹرول ہوتا ہے ،اسی لیے اسے سب سے زیادہ جمہوری بھی کہا جاتا ہے ایک اورخاص بات یہ ہے کہ یہ اپنے قاری یا دیکھنے والے کے درمیان ڈائریکٹ رابطہ بنا لیتا ہے جس سے کوئی بھی آپ کے پبلش کی کسی خبر یا ویڈیو کودیکھتے ہی اپنا تبصرہ آپ تک پہونچا سکتا ہے ۔ موبائل جرنلزم کرنے والے صحافی موبائل جرنلسٹ کہلانے لگے ہیں ۔


موبائل جرنلزم کی تاریخ : سب سے پہلے امریکہ کے فلوریڈا میں 2005 میں گنیٹ نیوزپیپر میں موبائل جرنلزم نے آنکھ کھولی یہاں کے نامہ نگاروں نے موبائل سے نیوز جمع کرنا شروع کیا ۔ ہندوستان میں این ڈی ٹی وی نے باقاعدہ طور پر موبائل جرنلزم کا اعلان کیا اور پروفیشنل طریقے سے ان کے رپورٹر یہ کام انجام دے رہے ہیں ۔


موبائل جرنلزم کےفائدے :  یہ ابھی بڑی حد تک آزاد ہے ، آسان اور محفوظ ہے میڈیم ہے ۔ ایسے مقامات تک اس کی پہونچ ہوتی ہے جہاں تک پہونچ پانا عام طور پر مشکل ہوتا ہے ۔ اکثر ایسا ہوتا ہے جہاں بڑے بڑے کیمرے کی رسائی ممکن نہیں ہوتی موبائل جرنلسٹ وہاں سے خبریں نکال لاتے ہیں ۔  بڑے کیمرے کی جہاں بہت سی خوبیاں ہیں وہیں ایک خامی یہ ہے کہ اسے چلانے کے لیے الگ سے ایک کیمرہ پرسن چاہیے جو فوٹیج ریکارڈ کرے ، لیکن موبائل سے ویڈیو ریکارڈ کرنا کافی آسان ہوتا ہے ۔ خاص طور سے جب اسٹوری سے متعلق جلدی میں  کسی کی بائٹ لینی ہو تو ایسے موقع پر موبائل سے سہل ترین طریقے سے ریکارڈنگ کی جا سکتی ہے ۔ جیسا کہ ہم سبھی جانتے ہیں کہ جرنلزم کی وادی خطرات سے پر ہوتی ہے ہر لمحہ آپ کو  چیلنجوں کا سامنا ہوتا ہے ۔ ایسے مواقع پر خطرات اور بڑھ جاتے ہیں جب آپ کوئی ناگہانی آفت آنے کے بعد موقع پر رپورٹنگ کے لیے پہونچتے ہیں وہاں خود کو سنبھالنا اور اپنے کیمرے اور دیگر آلات سنبھالنا بہت مشکل ہوتا ہے ، کچھ مقامات پر کھلم کھلا رپورٹنگ میں دشواری ہوتی ہے ایسے مواقع پر موبائل سے بڑی آسانی سے ویڈیو بنائی جا سکتی ہے ۔


موبائل جرنلسٹ کو کن کن باتوں کو ملحوظ خاطر رکھنا چاہیے : جوخوبیاں ایک عام جرنلسٹ کی ہونی چاہیے وہ سب خوبیاں موبائل جرنلسٹ کی بھی ضرورت ہے،  بس موبائل جرنلسٹ کو ذرا زیادہ چوکنا رہنا ہے اور اسے ہمہ وقت میدان میں نکلنے کے لیے تیاررہنا چاہیے  ۔ رپورٹنگ بیگ میں اپنے سازوسامان پوری طرح تیار رکھیں ، ہمیشہ اپنا موبائل ریچارج رکھیں ، موبائل کی میموری خالی رکھیں ، الگ سے میموری کارڈ ضرور رکھیں ، مضبوط نیٹ ورک کا انٹرنیٹ آپ کی بنیادی ضرورت ہے۔ اس کے علاوہ  گن مائک ، لیپل مائک ،  موبائل کنیکٹر کے ساتھ ٹرائی پوڈ ، لائٹ مع اسٹینڈ  ،ایک الگ سے آڈیو ریکارڈر اگر ممکن ہو تو ساتھ رکھیں ، یعنی ہر وقت اس طرح تیار رہیں کہ اطلاع ملتے ہی فوری طور پرمیدان میں  نکل جائیں  ۔ اس کے علاوہ ایک ہینڈی ٹرائی پوڈ یا سیلفی اسٹک اپنے ساتھ ضرور رکھیں ۔


آپ موبائل جرنلسٹ ہیں  تو آپ کے لیے یہ جاننا بہت ضروری ہے کہ آپ اپنی اسٹوری کیسے بتائیں گے ؟ جو کچھ آپ ریکارڈنگ کی شکل میں فوٹو یا ویڈیو فوٹیج حاصل کرتے ہیں وہ ایک کچا مال ہوتا ہے اسی سے خبر بنانے کا کام ہوتا ہے، عین ممکن ہے کہ میدان سے آپ کو کوئی اچھا ویڈیو مل گیا یا کسی اہم شخص کا انٹرویو لیکر آئے ہوں لیکن آپ اس کی اہمیت کو سمجھ ہی نہ سکے کہ کس طرح اسے اپنے ناظرین تک پہونچا نا ہے تو آپ کی محنت رائیگاں گئی ۔ یہ بے حد ضروری ہے کہ اپنی اسٹوری کو سمجھیں ، اس کے بغیر آپ کی رپورٹ متاثر کن نہیں ہو سکتی بلکہ کبھی کبھی آپ کے تئیں ناظرین منفی تاثر لے لیتے ہیں ۔


موبائل سے ویڈیو ریکارڈنگ: موبائل جرنلزم کے لیے آج کل مارکیٹ میں دستیاب ہر وہ فون جو 10 سے 15 ہزار کے رینج میں مل رہا ہے سبھی کے کیمرے میں موبائل جرنلزم کے لیے ضروری فیچرس موجود ہوتے ہیں  جن سے آپ اچھی ویڈیو ریکارڈ کرسکتے ہیں ۔ اس کے علاوہ کئی ایسے ویڈیو ریکارڈنگ ایپ بھی گوگل پلے اسٹور پر دستیاب ہیں جن کو اپنے موبائل میں انسٹال کرکے اٌپ اچھی ویڈیو ریکارڈ کرسکتے ہیں ۔ اس وقت موبائل جرنلزم کرنے والے  MoJo Journalists  سب سے زیادہ اوپین کیمرہ کا استعمال کرتے ہیں ، اس کیمرے کی خوبی یہ ہے کہ یہ کیمرہ ویڈیو یا فوٹو لیتے وقت آبجیکٹ پر روشنی اور اپرچر بہت بہتر ڈھنگ سے ایڈجسٹ کر لیتا ہے ، اس سے آپ کو فائدہ یہ ہوتا ہے کہ میدان میں رپورٹنگ کرتے وقت کم روشنی میں لی گئی ویڈیو یا فوٹو کا رزلٹ بہتر آتا ہے ۔  ویڈیو ریکارڈنگ کرتے وقت اگر آپ BOYA یا کسی اور کمپنی   کا کوئی ایکسٹرنل مائک استعمال کرتے ہیں تو اس کی سیٹنگ میں جاکر آڈیو سیٹنگ 'External Mic if Present'پر کلک کردینے سے آپ کے ویڈیو کی آواز بہتر ہوجا تی ہے ۔ کیونکہ کسی بھی ویڈیو کے لیے اچھی صاٖ ف ستھری  آواز کی بڑی اہمیت ہوتی ہے ۔ اس کے علاوہ FilMic Pro  ریکارڈنگ ایپ بھی کافی اچھا مانا جاتا ہے جس میں آڈیو کنٹرول ، ویڈیوفرم ،ریزولیوشن ، شٹر اسپیڈ ، زوم کی اچھی سہولت ہے ۔


ویڈیو ریکارڈنگ کرتے وقت خیال رکھیں : خیال رہے ریکارڈنگ کرتے وقت موبائل کو ایروپلین موڈ میں کرلیں اس سے ریکارڈنگ کے درمیان  کال آنے سے آپ کی ویڈیو ریکارڈنگ میں خلل نہیں  پڑے گا اور آپ با آسانی اپنا کام کر سکیں گے ۔ جہاں ریکارڈنگ کر رہے ہیں وہاں روشنی کا جائزہ لیں، جائزہ لینے کے بعد  اپنی جگہ طے کریں کہ کہاں سے آپ کو بہتر اینگل مل سکتا ہے ۔


ایک اچھی ویڈیو: اچھی طرح ریکارڈ کی گئی ویڈیو میں آوازبہتر ہو ، ریکارڈنگ کرتے وقت اس کا فریم اور اینگل درست ہو ، ویڈیو ریکارڈ کرتے وقت روشنی کا خیال رکھا گیا ہو،  ویڈیو میں ہلچل نہ ہو ،آس پاس کی دوسری آوازیں محدود حد تک ہی ہوں ۔ خیال رہے اچھے ویزولس،  شاٹس ، اور بہتر اسکرپٹ آپ کی ویڈیو میں جان ڈال دیتے ہیں ۔


اپنے آلات کو اچھی طرح چلانا جان لیں : ایک موبائل جرنلسٹ کو چاہیے کہ وہ اپنے موبائل اور دیگر آلات کو اچھی طرح جان لے ، اسے اپنے فون کے ضروری ایپلیکیشن کو چلانے میں مہارت ہو، آپ کو یہ جاننا بہت ضروری ہے کہ جب کسی خبرکو ریکارڈ کرتے وقت آپ پر بے حد پریشر ہوگا تو اس وقت آپ اپنے موبائل کو کتنی تیزی سے  اور کیسے استعمال کریں گے ۔


اپنا فون ہمیشہ پورا چارج رکھیں : کہیں ایسا نہ ہو کہ جب آپ کسی اہم اسٹوری کے لیے فون نکالا اور آپ کی بیٹری ڈاون ہو ئی پڑی ہے ،زیادہ مناسب ہوگا کہ ہمیشہ  ایک اچھا پاوربینک اپنے ساتھ رکھیں جسے نکلتے سے قبل چارج کر لیں ۔


آپ کی لغت میں ڈلیٹ کا آپشن نہیں ہونا چاہیے : آپ کو نہیں معلوم کہ ویڈیو ایڈیٹنگ کے مرحلے میں کب کہاں کیا مسئلہ پیدا ہوجائے اور ویڈیو کی فائل کرپٹ ہوجائے اس لیے  ویڈیو کی اصل کاپی جو آپ نے ریکارڈ کی ہے اسے ہرگز ڈیلیٹ نہ کریں بلکہ اسے ڈراپ باکس یا دوسری ڈرائیو میں محفوظ رکھیں ، جب تک ویڈیو چینل پر براڈکاسٹ نہ ہوجائے اس وقت تک تو ہر حال میں فائل کو سنبھال کر رکھیں ۔  موبائل جرنلزم میں ایک جرنلسٹ 'ون مین آرمی' ہوتا ہے  یہاں بہت کم وقت اور محدود وسائل میں اسٹوری منظر عام پر لانا ہوتا ہے ، اکثر اوقات اپ کے پاس یہ موقع بہت کم ہوتا  کہ آپ رپورٹ لینے کے بعد اپنے دفتر یا گھر جائیں اور وہاں اپنے کمپیوٹر پر اپنی ویڈیو اسٹوری ایڈیٹ کریں ،اس لیے موبائل جرنلسٹ کےلیے یہ بے حد اہم ہے کہ وہ موبائل پر دستیاب ایڈ یٹنگ ایپ کے ذریعے ہی ایڈیٹ کر کے اپلوڈکردے ۔


موبائل فون ایڈیٹنگ سافٹ ویئرکا استعمال : آپ نے رپورٹنگ کے میدان میں جو ویڈیو ریکارڈ کی ہے کبھی کبھی اسے وہیں ایڈیٹنگ کرنا اور فوری طور پر وہیں سے براڈکاسٹ کرنا پڑسکتا ہے موبائل جرنلزم اور روایتی جرنلزم میں یہی بنیادی فرق ہے کہ یہاں کم وقت میں تیزی کے ساتھ نتیجے دینے ہوتے ہیں اس لیے زیادہ بہتر ہے کہ آپ موبائل ایڈیٹنگ کسی سافٹ ویر کو اچھی طرح سیکھ لیں ،اس سے آپ میں غضب کی خود اعتمادی پیدا ہوگی ۔ ایک اچھا موبائل جرنلسٹ وہی گردانا جاتاہے جو موبائل کے سبھی فیچرس کو اچھی طرح چلانے کی مہارت رکھتا ہو، جس میں یہ صلاحیت ہو کہ اسٹوری کا آئیڈیا سوچے ، میدان میں نکل پڑے اسٹوری ریکارڈ کرے اور وہیں ایڈیٹ کرے اور وہیں سے چینل پر اپلوڈ کردے ۔


موبائل جرنلزم کے مسئلے کے حل کے لیے گوگل پلے پر ایسے کئی موبائل ایڈیٹنگ ایپ دستیاب ہیں جنھیں اپنے موبائل پر انسٹال کرکے آپ ویڈیو ایڈیٹنگ کر سکتے ہیں ۔  Power Director یہ بہت اچھا ایپ ہے اسے خرید کر آپ اپنے ویڈیو کی اچھی ایڈیٹنگ کر سکتے ہیں،اس کے علاوہKine Master   ویڈیو ایدیٹنگ کا اچھا ایپ ہے اس سے بھی بہت اچھی ایڈیٹنگ کی جاتی ہے ۔ ایک اچھی ویڈیو کے لیے تمام فیچر اس ایپ میں دستیاب ہیں ۔  مندرجہ بالا سطور میں ہم نے جانا کہ ایک موبائل جرنلسٹ کو اپنی خبر کے لیے سب سے پہلے اچھی پلاننگ کرنی ضروری ہے ، پھر وہ اپنی اسٹوری کے لیے ریسرچ کرے ،پتہ لگائے کہ اس کی اسٹوری کے لیے کون کون چیزیں معاون ہوسکتی ہیں ،اسٹوری سے متعلق تمام معلومات جانچ پرکھ کرلے ، پھر ویڈیو شوٹنگ کے لیے نکلے ، شوٹنگ کے بعد اسے پروفیشنلی ایڈیٹ کرے ۔


آپ کا رابطہ عامہ جتنا اچھا ہوگا  اتنی اچھی اسٹوری ملے گی


ایک جرنلسٹ کے لیے بہت اہم کہ اس کا رابطہ عامہ مضبوط ہو جتنا اچھا رابطہ ہوگا  اہم خبریں ملنے کا اتنا ہی زیادہ موقع ہاتھ آئے گا ۔ آپ کے یہی رابطے آپ کو بریکنگ اسٹوری دلائیں گے ، معاشرے میں ہر طرح کے لوگوں سے رابطہ رکھیں ، چلتے پھرتے جہاں جتنا موقع ہو زیادہ سے زیادہ لوگوں سے بات کریں ان کے احوال جاننے میں دلچسپی رکھیں ، ہمیشہ الرٹ رہیں آپ جہاں کھڑے ہیں اسٹوری آپ کے اردگرد ہی کہیں ہے اسے دیکھنے کی کوشش کریں ۔ اپنے شہر یا قصبے کے اہم مقامات پرنوجوانوں سے رابطے بنائیں  خبر تک پہونچنے میں یہ آپ کے بہت کام آئیں گے ۔


تیار کرنے کے بعد اپنی اسٹوری کو بار بار چیک کریں


جرنلسٹ ہونے کے ناطے آپ پربڑی ذمہ داری عائد ہوتی ہے کہ کوئی بھی اسٹوری تیار کرنے کے بعد پبلش یا براڈ کاسٹ کرنے سے قبل اسٹوری کے ہر حصے کو دھیان سے ایک سے زائد بار چیک کرلیں ، دیکھیں کہ کہیں نام ، تاریخ ، گنتی ، پتہ اور اعداد وشمار غلط تو نہیں ہیں ۔ اسٹوری کو پبلش یا براڈ کاسٹ کرنے سے قبل ایک بارغورسے تنقیدی نظر ڈالیں پھر اسے جنتا کی عدالت میں پیش کریں  ۔


موبائل جرنلزم کی چند بنیادی باتیں : اگر مجھ سے کہیں کہ موبائل جرنلزم کی چند بنیادی باتیں کیا ہیں تو میں کہوں گا کہ ایک موبائل جرنلسٹ میں جرنلزم کی صلاحیت اور دلچسپی ہونا پہلی شرط ہے، دوسرا نمبر ٹیکنالوجی کا آتا ہے کہ موبائل جرنلسٹ کو ٹیکنالوجی کی اچھی جانکاری اوراس پر گرفت  اور تیسری بات  یہ کہ موبائل جرنلسٹ ہونے کے لازمی شرط ہےکہ کہ آپ کے پاس ضروری آلات ہوں اور ان کا بہتر استعمال آتا ہو ۔ یعنی اسکل ، ٹیکنالوجی ، اکوپمینٹ یہ تین بنیادی چیزیں ہیں جن کے ارد گرد موبائل جرنلزم کا پہیا گھومتا ہے ۔




ایک تبصرہ شائع کریں

Please Select Embedded Mode To Show The Comment System.*

جدید تر اس سے پرانی